ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ۲۵۴؍رنوں کی برتری حاصل کرلی، راگھوی بشٹ اور شیفالی ورما کی ہاف سنچریاں۔
EPAPER
Updated: August 24, 2025, 11:01 AM IST
ہندوستان کی خواتین ٹیم نے ۲۵۴؍رنوں کی برتری حاصل کرلی، راگھوی بشٹ اور شیفالی ورما کی ہاف سنچریاں۔
مڈل آرڈر بلے باز راگھوی بِشٹ (۸۶) اور افتتاحی بلے باز شیفالی ورما (۵۲) کی نصف سنچریوں کی بدولت انڈیا ’اے‘ خواتین ٹیم نے ۴؍ روزہ غیر رسمی ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن آسٹریلیا’اے‘ پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ شیفالی اور راگھوی کی اننگز کی مدد سے انڈیا’اے‘نے دن کا کھیل ختم ہونے تک ۸؍ وکٹوں پر ۲۶۰؍رن بنا کر اپنی مجموعی برتری کو ۲۵۴؍ رنوں تک پہنچا دیا۔
اس سے پہلے آسٹریلیا نے صبح ۵؍وکٹوں پر ۱۵۸؍رنوں کے اسکور سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ان کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں ۳۰۵؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئی، جس سے انہیں صرف ۶؍رنوں کی معمولی برتری ملی۔ سیانا جنجر نے ۲۴؍رن کے اپنے اسکور کو سنچری میں بدل کر آسٹریلیا کو مشکل سے نکالا۔ انہوں نے لوور آرڈر کے بلے بازوں کے ساتھ شراکت داری قائم کرتے ہوئے ۱۳۸؍ گیندوں پر ۱۰۳؍رنوں کی سنچری اننگز کھیلی۔ جنجر اور نکول فالٹم نے چھٹے وکٹ کیلئے ۱۰۲؍ رنوں کی شراکت داری نبھائی، جس سے آسٹریلیا ہندوستان کے اسکور کو پار کرنے میں کامیاب ہوئی۔ انڈیا ’اے‘ کی جانب سے صائمہ ٹھاکر نے ۳؍وکٹ حاصل کئے۔ رادھا یادو اور منو منی نے۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ تیتاس سادھو، وی جے جوشیتا اور تنوشری سرکار نے ایک ایک بلے بازوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔
شیفالی ورما اور نندنی کشیپ کی جوڑی نے انڈیا’ اے‘ کے لئے دوسری اننگز میں پہلے وکٹ کے لئے ۴۲؍رن جوڑے۔ آف اسپنر ایم ایڈگر نے ہندوستان کی وکٹیں باقاعدہ وقفوں سے حاصل کیں۔ انہوں نے ۵۳؍رن دے کر ۴؍وکٹیں حاصل کیں۔ لیکن پہلے شیفالی اور پھر بِشٹ نے چھوٹی لیکن اہم شراکت داریاں کر کے انڈیا’اے‘ کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ان میں سب سے اہم شراکت داری بِشٹ اور تنو شری سرکار کے درمیان پانچویں وکٹ کیلئے۶۸؍ رنوں کی رہی۔ دن کے آخر میں بِشٹ ایڈگر کا شکار بن گئیں۔ اس وقت کھیل میں ۷؍ اوور باقی تھے۔ انہوں نے ۱۱۹؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری اننگز کھیلی۔ شیفالی ورما نے ۵۸؍گیندوں میں ۲؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۵۲؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ آج اتوار کو میچ کا آخری دن ہے۔