Updated: February 19, 2026, 10:05 AM IST
|
Agency
| New Delhi
سمٹ کے دوران کافی بدنظمی بھی دیکھی گئی ، یوپی آئی سے پیمنٹ نہیں ہو رہا ہے، انٹرنیٹ نہیں چل رہا ہے اور باہر لمبی قطاریں ہیں۔
انڈیا اے آئی امپیکٹ سمٹ نئی دہلی میں جاری ہے۔ تصویر:پی ٹی آئی
نئی دہلی (ایجنسی): یہاں کے پرگتی میدان میں جاری ’اے آئی انڈیا امپیکٹ سمٹ میں ہائی سیکوریٹی زون سے اے آئی فٹ نیس ویئر یبل چوری ہونے سے ایجنسیوں میں کھلبلی مچی ہوئی ہے۔ اے آئی ویئر یبل ڈیوائس بات چیت کو ٹریک کرنے اور جذبات کا تجزیہ کرنے کے قابل ہے۔ یہ چوری بھی اس وقت ہوئی جب وزیراعظم نریندر مودی چوٹی کانفرنس کا افتتاح کرنے کیلئے بھارت منڈپم میں پہنچے تھے جہاں دنیا بھر کے ماہرین کی موجود تھے۔ اس موقع پرعدیم المثال حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ چوری کے سلسلے میں دہلی پولیس کے تلک مارگ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔دہلی پولیس کے ایک سینئرافسرنے بتایا کہ بنگلورکے ایک اسٹارٹ اپ بانی نے الزام لگایا ہے کہ ان کی کمپنی کے اسٹال سے قیمتی اے آئی ویئر یبل ڈیوائس چوری ہو گئے ہیں۔ الزام ہے کہ سیکوریٹی اہلکاروں نے وہاں لگے اسٹال کو بھی خالی کرالیا تھا۔
کمپنی کے سی ای او اور شریک بانی دھننجے یادو نے بتایا کہ ان کی مصنوعات ایکسپو ایریا سے اس وقت غائب ہوئیں جب وہاں صرف سیکوریٹی اہلکاروں کو ہی آنے جانے کی اجازت تھی۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر ہائی سیکوریٹی زون میں رکھے گئے اے آئی ویئریبل کیسے چوری ہوسکتے ہیں۔دھننجے یادو کی کمپنی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ امپیکٹ سمٹ کا پہلا دن ان کے لیے تکلیف دہ تھا۔
یادو نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ سیکوریٹی اہلکاروں میں تال میل کا فقدان تھا۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹال خالی کرارہے افسر سے انہوں نے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنے اے آئی ویئر یبل ساتھ لے جائیں لیکن انہیں بتایا گیا کہ دوسرے لوگ بھی اپنے لیپ ٹاپ اور دیگر سامان وہیں چھوڑ رہے ہیں۔ سیکوریٹی اہلکار ان کا دھیان رکھیں گے لیکن جب وہ واپس آئے تو ان کا سامان غائب تھا ۔