شہر کے سبھی اُردو، مراٹھی میڈیم میونسپل اسکولوں میں عمارتوں ،اساتذہ ،طلبہ اور اسکولی املاک کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے پر اتفاق کیا گیا۔نئے علاقوں میں قبرستان اور شمشان کی اراضی مختص کرنے کا معاملہ بھی گونجا
EPAPER
Updated: February 19, 2026, 9:15 AM IST | Malegaon
شہر کے سبھی اُردو، مراٹھی میڈیم میونسپل اسکولوں میں عمارتوں ،اساتذہ ،طلبہ اور اسکولی املاک کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے پر اتفاق کیا گیا۔نئے علاقوں میں قبرستان اور شمشان کی اراضی مختص کرنے کا معاملہ بھی گونجا
شہری انتظامیہ کے نومنتخب عوامی نمائندگان کے پہلے اجلاس میں جنم داخلہ معاملہ میں دو اہم فیصلے ہوئے ہیں ۔ اول : ۱۰۴۴؍ جنم داخلے جسے تحصیلدار نے جاری کیا اُن جنم داخلوں پر کی گئی دستخط کی جانچ اتھورائزڈ رائٹنگ ایکسپرٹ سے کروانا۔ دوم : کم وبیش ساڑھے تین ہزار جنم داخلے جاری کرنے کیلئے میئر کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینا۔ان دو فیصلوں کے علاوہ بھی کئی اہم فیصلے کئے گئے۔پہلے اجلاس میں میئر نسرین شیخ خالد ، نائب میئر شانِ ہند کے ساتھ اراکین بلدیہ میں طاہرہ شیخ،اسلم انصاری، جلیل شیخ ، عمران شیخ (انڈین سیکولر پارٹی)،ڈاکٹر خالد پرویز،حافظ عبداللہ،عبدالمالک،شیخ کلیم دلاور(ایم آئی ایم)،اعجاز بیگ(کانگریس)،محمد مستقیم(سماج وادی پارٹی)،آہیرے نلیش (شیوسینا،شندے) اور بی جے پی کے مدن بابولال نے بحث و مباحثے میں حصہ لیا۔
سونوگرافی سینٹر ،نشہ مکتی کیندرکا قیام اور شیواجی کا مجسمہ
شہری بلدیہ کے زیر انتظام جاری میونسپل اسپتالوں میں سونوگرافی(تھری ڈی ) کئے جانے کی تجویز کو ایک رائے سے منظوری دی گئی۔اس تجویز پر ضمنی تجویز پیش کرتے ہوئے عبدالمالک نے شہری بلدیہ کے زیر اہتمام نشہ مکتی کیندر جاری کرنے کابھی مطالبہ کیا ۔ انڈین سیکولر پارٹی کے رکن بلدیہ اُدھو دریکر نے سائنے شیوار میں چھترپتی شیواجی کا مجسمہ ایستادہ کئے جانے کی تجویز پیش کی۔ اس تجویز پر عبدالمالک (ایم آئے ایم) نے کہا کہ سپریم کورٹ کی رہنمایانہ ہدایات کی پاسداری کرتے ہوئے مجسمہ لگایا جائے۔برسر اقتدار اور حزبِ اختلاف کے ارکانِ بلدیہ نے بغیر کسی مخالفت کی تجویز کو قبول کیا۔اس پر میونسپل ایوان میں موجود شیوسینا(شندے) اور بی جے پی کے کارپوریٹروں نے زوردار نعرے لگا کر خوشی کا اظہار کیا۔
میونسپل اُردو اسکولوں اور اساتذہ سے متعلق
شہر کی سبھی اُردو، مراٹھی میڈیم میونسپل اسکولوں میں عمارتوں ،اساتذہ ،طلبہ اور اسکولی املاک کے تحفظ کیلئے سی سی ٹی وی کیمرے لگانے پر اتفاق کیا گیا۔اس تجویز کی خواندگی کے ساتھ رُکن بلدیہ سلیم انور(انڈین سیکولر پارٹی) نے معیارِ تعلیم اور اسکولی املاک پر اپنے زرین خیالات پیش کئے۔ہاؤس کے شرکاء نے میز تھپتھپا کر خیرمقدم کیا۔اسی کے ساتھ ایڈمنسٹریٹررُول کے دوران اساتذہ کے یک طرفہ تبادلے پر زوردار بحث ہوئی۔اساتذہ کے تبادلوں میں قانون کی پاسداری کا جائزہ لینے کا اختیار جنرل بورڈ کو سونپا گیا ہے۔میونسپل اسپیشل کمیٹی فار ایجوکیشن کی تشکیل پر کوئی ٹھوس گفتگو نہیں ہوسکی۔میونسپل اسکول بورڈ کے ایڈمنسٹریٹیو ڈپارٹمنٹ نے اطمینان بخش جواب نہیں دیا۔ شیوسینا (شندے) کے ارکانِ بلدیہ نے بھیونڈی میونسپل کارپوریشن کی ماڈل اسکولوں کی طرز پر مالیگاؤں میں ماڈل اسکولیں بنانے کی بات رکھی۔
قبرستانوں اور شمشان بھومی کے بارے میں
شیخ خالد(انڈین سیکولرپارٹی) نے شہر کی توسیع کے بعد نئے علاقوں میں قبرستانوں اور شمشان بھومی کیلئے اراضیات مختص کئے جانے کا سوال اٹھایا۔اس پر مجلس کے رکن بلدیہ ڈاکٹر خالد پرویز نے شہر کے ڈیویلپمنٹ پلان کے بارے میں کہا کہ ۲۰۰۶ء سے ڈی پی (ڈیولپمنٹ پلان) بن رہا ہے۔ اس پر ابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔اس لئے شہر کا ڈی پی پلان ازسرنو تیار کیا جائے تاکہ قبرستانوں اور شمشان بھومی کیلئے اراضیات مختص کئے جانے کے مرحلے آسان ہوجائیں۔