Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویسٹ انڈیز کے خلاف وارم اپ میچ جیت کر ہندوستان نے عالمی مہم کا آغاز کر دیا

Updated: June 08, 2026, 9:51 PM IST | New Delhi

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل کھیلے گئے وارم اپ (ایڈوانس) میچ میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو ۲۶؍ رنز سے شکست دے دی ہے۔

Women Team India.Photo:X
خواتین کی کرکٹ ٹیم۔ تصویر:ایکس

ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے باقاعدہ آغاز سے قبل کھیلے گئے وارم اپ (ایڈوانس) میچ میں ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو ۲۶؍ رنز سے شکست دے دی ہے۔ ہندوستان کی اس فتح میں اہم کردار بھارتی پھولمالی نے نبھایا جنہوں نے ناٹ آؤٹ ۵۶؍ رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی، جس کے بعد شرینکا پاٹل (۴؍ وکٹیں) اور رادھا یادو (۳؍وکٹیں) کی جادوئی بولنگ نے ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن اپ کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔

 


ہندوستان کی جانب سے دیے گئے ۱۸۰؍ رنز کے بڑے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۸؍ وکٹ کے نقصان پر ۱۵۸؍ رنز ہی بنا سکی۔ ویسٹ انڈیز کی اوپننگ جوڑی ڈینڈرا ڈوٹن اور شمین کیمپ بیل نے پہلے وکٹ کے لیے ۶۳؍ رنز جوڑ کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا، لیکن ۹؍ویں اوور میں شمین کیمپ بیل (۲۵؍ رنز) کے ریٹائرڈ آؤٹ ہونے کے بعد میچ کا پانسہ پلٹ گیا۔ شرینکا نے ویسٹ انڈیز کے مڈل آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے کیانا جوزف (۵)، جاہزارا کلاکسٹن (۶)، جینیلیہ گلاسگو (۱۹) اور زایڈا جیمز (ایک) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ رادھا یادو نے خطرناک اوپنر ڈینڈرا ڈوٹن (۴۹؍ رنز)، عالیہ ایلین (۱۳؍رن) اور کپتان شینیل ہینری (ایک) کو آؤٹ کر کے کیربین ٹیم کی کمر توڑ دی۔ ہندوستان کی طرف سے شرینکا پاٹل نے ۴؍ اور رادھا یادو نے ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔

یہ بھی پڑھئے:راکیش روشن نے’’کرش ۴‘‘ کیلئےآدتیہ چوپڑہ سے۵۰۰؍کروڑ مانگنےکی خبروں کومستردکردیا


اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا۔ہندوستان کی جانب سے اوپنرز شیفالی ورما اور کپتان اسمرتی مندھانا نے دھماکہ دار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے ۵۹؍ رنز جوڑے۔اسمرتی مندھانا نے محض ۲۳؍ گیندوں پر ۸؍ چوکوں کی مدد سے ۳۹؍ رنز کی تیز رفتار اننگز کھیلی۔ انہیں عالیہ ایلین نے آؤٹ کیا۔ شیفالی ورما ۱۹؍ رنز بنا کر کرشمہ رام ہارک کا شکار بنیں، جبکہ جمائمہ روڈریگز صرف ۷؍رنز بنا سکیں۔ یاستیکا بھاٹیہ ۲۳؍ رنز بنا کر ریٹائرڈ آؤٹ ہوئیں۔

یہ بھی پڑھئے:ایرانی ٹیم کو صرف ورلڈ کپ میچوں کے دنوں میں ہی امریکی سرزمین پر داخلے کی اجازت

ایسے وقت میں بھارتی پھولمالی نے ٹیم کو سنبھالا اور ۴۰؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۵۶؍ رنز کی ناٹ آؤٹ  اننگز کھیل کر ہندوستان کا اسکور ۱۷۹؍رن  تک پہنچایا۔ رِچا گھوش (صفر)، شرینکا پاٹل (۲؍رن) اور رادھا یادو (ایک) کو ایفی فلیچر نے آؤٹ کیا۔ ہندوستان نے ۲۰؍ اوورز میں ۸؍ وکٹوں پر ۱۷۹؍ رنز بنائے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے بالر ایفی فلیچر نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ۴؍ ہندوستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ عالیہ ایلین اور کرشمہ رام ہارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK