Inquilab Logo

ہند۔نیوزی لینڈ تیسرا ٹی ۲۰؍ ٹائی، ہندوستان نے سیریز جیت لی

Updated: November 23, 2022, 12:56 PM IST | Agency | Napier

بارش کی وجہ سے تیسرا ٹی ۲۰؍ میچ ڈک ورتھ لوئیس ضابطے کے تحت ٹائی قرار دیا گیا۔ ہندوستان نے سیریز پر صفر۔ ایک سے قبضہ کرلیا

Team India.Picture:PTI
ٹیم انڈیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منگل کو بارش سے متاثرہ تیسرا ٹی۲۰؍ میچ برابر رہنے کے بعد ہندوستان نے ۳؍میچوں کی سیریزصفر۔ایک  سے جیت لی۔ محمد سراج (۱۷/۴)  اور ارشدیپ سنگھ (۳۷/۴) کی شاندارگیندبازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پہلی اننگز میں۱۶۰؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد ہاردک پانڈیا (ناٹ آؤٹ۳۰؍رن) کی اہم شراکت کی مدد سے ٹیم نے ۹؍ اوور میں ۷۵؍ رن بنائے۔ بارش کے باعث مزید کھیل نہیں کھیلا جا سکا اور ڈک ورتھ لوئیس طریقہ کار کی بنیاد پر میچ کو ٹائی قرار دیا گیا۔
 ویلنگٹن میں سیریز کا پہلا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے کے بعد ہندوستان نے ماؤنٹ مونگانوئی میں دوسرا ٹی ۲۰؍۶۵؍ رن سے جیت لیا۔ سوریہ کمار یادو کو ماؤنٹ مونگانوئی میں دھماکہ خیز سنچری بنانے پر سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جبکہ محمد سراج کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے ۳؍ رن پر فن ایلن کا وکٹ گنوا دیا۔ کین ولیمسن کی جگہ آنے والے مارک چیپ مین صرف۱۲؍ رن ہی بنا سکے جس کے بعد کونوے اور فلپس کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا۔ آہستہ شروع کرنے والے کونوے نے۱۱؍ گیندوں پر صرف ۲؍ رن بنائے لیکن چوتھے اوور میں انہوں نے ارشدیپ سنگھ کی گیندوں پر ایک چھکا اور ۲؍ چوکے لگا کر اپنے ہاتھ کھولے۔ فلپس نے بھی جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان تیسرے وکٹ کیلئے۸۶؍رن کی شراکت قائم ہوئی۔ کونوے نے۴۹؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے۵۹؍ رن بنائے جبکہ فلپس نے۳۳؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۵۴؍ رن بنائے۔ یہ جوڑی نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور تک لے جا رہی تھی لیکن ہندوستانی گیند بازوں نے آخری اوور میں وکٹ لے کر میچ پر قبضہ کر لیا۔ نیوزی لینڈ نے۱۵؍ اوورس میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۲۹؍ رن بنانے کے بعد صرف۳۱؍ رن پر اگلے ۸؍ وکٹ گنوا دیئے۔ سراج نے ۴؍ اوور میں۱۷؍ رن  دے کر فلپس سمیت۴؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ارشدیپ نے بھی ۴؍ اوور میں۳۷؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ لئے جس میں کانوے کا قیمتی وکٹ بھی شامل تھا۔ ہرشل پٹیل نے آخری اوور میں ٹم ساؤدی کو بولڈ کیا اور پوری کیوی ٹیم۱۹ء۴؍ اوورس  میں۱۶۰؍ رن پر ڈھیر ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی ہندوستانی ٹیم کو ابتدائی جھٹکے دئیے۔ ایڈم ملنے نے ایشان کشن (۱۰) کو آؤٹ کیا جب کہ رشبھ پنت (۱۱) اورشریس ایّر صفر  پر  ٹم ساؤدی کا شکار ہوگئے۔ ہندوسان نے ۲۱؍ رن پر ۳؍ وکٹ گنوانے کے باوجود، پانڈیا نے جارحانہ انداز اپنایا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK