افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ٹیم ا نڈیا نے ۳؍وکٹ پر۳۶۸؍رن بنالئے،سائی سدرشن اور رشبھ پنت کی ہاف سنچریاں۔
EPAPER
Updated: June 07, 2026, 12:57 PM IST | Chandigarh
افغانستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ٹیم ا نڈیا نے ۳؍وکٹ پر۳۶۸؍رن بنالئے،سائی سدرشن اور رشبھ پنت کی ہاف سنچریاں۔
نیو چنڈی گڑھ میں کھیلے جا رہے واحد ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ہندوستانی بلے باز افغانستان کے گیند بازوں پر پوری طرح حاوی نظر آئے۔ کپتان شبھ من گل اور نائب کپتان کے ایل راہل نے شاندار سنچریاں اسکور کیں۔ وہیں نمبر ۳؍ پر بلے بازی کرنے والے سائی سدرشن نے بھی سلیکٹرز کے اعتماد کو درست ثابت کیا۔ انہوں نے ۸۱؍ رنوں کی اننگز کھیلی۔ پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک ٹیم انڈیا نے ۳؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۶۸؍ رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کر دیا ہے۔ کپتان گل ۱۰۳؍اور رشبھ پنت ۵۰؍رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔یشسوی جیسوال (۲۴) کو چھوڑ کر ہر بلے باز نے اہم تعاون دیا۔
نیو چندی گڑھ کا میدان ہندوستانی کپتان شبھ من گل کے لئے ایک بار پھر خوش قسمت ثابت ہوا۔ گزشتہ ۸؍ دنوں میں گل اس میدان پر مسلسل دوسری سنچری بنا چکے ہیں۔ ۲۹؍ مئی کو آئی پی ایل میں راجستھان رائلز کے خلاف کوالیفائر۔۲؍کے مقابلے میں گل نے ۱۰۴؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا۔دوسری طرف کے ایل راہل نے بھی بطور اوپنر ایک بار پھر خود کو ثابت کیا۔ انہوں نے پورے صبر و تحمل کے ساتھ اپنے کریئر کی ۱۲؍ویں سنچری بنائی۔ تاہم سنچری مکمل کرنے کے بعد وہ اگلی ہی گیند پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ راہل کی بطور اوپنر یہ ۱۱؍ویں سنچری ہے۔ قابل ذکر ہے کہ یہ گھریلو میدان پر کے ایل راہل کی تیسری سنچری ہے۔ کے ایل راہل نے ۱۸۵؍ گیندوں کی اپنی اننگز کے دوران ۱۱؍چوکے لگائے۔
یہ بھی پڑھئے: ویبھو سوریہ ونشی منتخب، سچن تینڈولکر کا ریکارڈ توڑ دیا
رشبھ پنت نے بھی اپنے ۵۰؍ویں ٹیسٹ میں نصف سنچری اسکور کی۔ دھیمی شروعات کرنے والے پنت نے عبدالملک کے ایک اوور میں ۳؍ چھکے لگا کر اپنا پرانا انداز دکھایا۔
گل کے بطور کپتان ایک ہزار ٹیسٹ رن مکمل
شبھ من گل نے اس میچ میں ۵۰؍ رن مکمل کرتے ہی ایک نیا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ وہ بطور کپتان سب سے تیز ایک ہزار ٹیسٹ رن بنانے والے ہندوستانی کھلاڑیوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انہوں نے محض ۱۵؍ اننگز میں یہ مقام حاصل کیا۔ سب سے تیز ایک ہزار رن بنانے کا ریکارڈ سنیل گاوسکر کے نام ہے، جنہوں نے ۱۴؍ اننگز کھیلی تھیں۔ کپتان کی حیثیت سے ۱۵؍ اننگز میں گل کی یہ چھٹی سنچری ہے۔ شبھ من گل نے ۱۴۳؍گیندوں کی ناٹ آؤٹ سنچری اننگز میں ۱۱؍چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
۱۶؍سال بعد اشون اور جڈیجہ کے بغیر اتری ہندوستانی ٹیم
اس ٹیسٹ میں ۱۶؍ سال میں پہلی بار ہندوستانی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ (گھریلو میدان) پر روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کے بغیر کھیلنے اتری۔ آخری بار ۲۰۱۰ء میں ناگپور میں نیوزی لینڈکے خلاف ہندوستانی ٹیم ان ۲؍ مایہ ناز کھلاڑیوں کے بغیر میدان میں اتری تھی۔
اسپنرز بے اثر ثابت ہوئے
افغانستان کی گیند بازی میں تجربے کی کمی صاف نظر آئی اور ہندوستانی بلے بازوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھایا۔ افغانستان کے اسپنرز پورا دن وکٹ کیلئے جدوجہد کرتے رہے لیکن انہیں کوئی کامیابی نہیں ملی۔ پہلے دن جو ۳؍ وکٹیں گریں وہ سبھی تیز گیند بازوں کے حصے میں آئیں۔ افغانستان کے اسپنرز نے پہلے دن بغیر کسی کامیابی کے ۴۳؍ اوورز پھینکے، جن میں سے ۲۳؍ اوورز پارٹ ٹائم گیند بازوں نے کئے۔
یہ بھی پڑھئے: ’کرک انفو آنرز ایوارڈز‘ کیلئےآر اشون کا نام بھی شامل
افغانستان نے مشکل حالات میں سخت محنت کی۔ موسم بے حد گرم تھا اور ان کے گیند بازوں، خاص طور پر تیز گیند بازوں نے پہلے ۲؍ سیشن کے دوران بھرپور کوشش کی۔ تاہم، آخری سیشن میں ان کا جوش کم ہوتا دکھائی دیا، جو شاید یہ بتاتا ہے کہ انہوں نے دوسری نئی گیند نہ لینے کا فیصلہ کیوں کیا۔ وہ متبادل کل صبح دستیاب رہے گا جب گیند باز تروتازہ ہوں گے اور حالات زیادہ سازگار ہو سکتے ہیں۔
پہلے دن کا چوتھا سب سے بڑا اسکور
ٹیم انڈیا کے بلے بازوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور گھریلو میدان پر پہلے دن اپنا چوتھا سب سے بڑا اسکور کھڑا کر دیا۔۲۰۰۹ء میں سری لنکا کے خلاف کانپور میں ہندوستان نے پہلے دن ۲؍وکٹ پر ۴۱۷؍رن بنائے تھے۔اس کے بعد سری لنکا کے ہی خلاف۲۰۰۹ء میں احمد آباد میں ۶؍وکٹ پر ۳۸۵؍ رن بنایا تھا۔۲۰۱۷ء میں سری لنکا کے خلاف ٹیم انڈیا نے دہلی میں ۴؍وکٹ پر ۳۷۱؍رن بنائے تھے۔اب ہندوستان نے افغانستان کیخلاف ۳؍ وکٹ پر ۳۶۸؍رن بنائے ہیں۔