فیڈریشن کا یہ اقدام ایشیا بھر میں ٹینس کے فروغ، ترقی اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میل کا پتھر مانا جا رہا ہے۔
EPAPER
Updated: July 09, 2026, 10:32 AM IST | Agency | London
فیڈریشن کا یہ اقدام ایشیا بھر میں ٹینس کے فروغ، ترقی اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میل کا پتھر مانا جا رہا ہے۔
ایشیائی ٹینس فیڈریشن نے ہندوستانی ٹینس کے لیجنڈ کھلاڑی لینڈر پیس کو باضابطہ طور پر اپنا پلیئر ایمبیسیڈر (کھلاڑی سفیر) مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ فیڈریشن کا یہ اقدام ایشیا بھر میں ٹینس کے فروغ، ترقی اور نئی نسل کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے میل کا پتھر مانا جا رہا ہے۔اس تاریخی تقرری کا باقاعدہ اعلان ومبلڈن چمپئن شپ کے دوران منعقدہ ایک پروقار تقریب میں کیا گیا، جس میں اے ٹی ایف کے صدر یوری پولسکی، اعلیٰ حکام، نامور کھلاڑیوں اور بین الاقوامی ٹینس برادری کے اراکین نے شرکت کی۔ٹینس کی تاریخ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے لینڈر پیس کا پروفیشنل کریئر۳؍دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط رہا ہے۔ انہوں نے۱۹۹۶ء کے اٹلانٹا اولمپکس میں ہندوستان کے لیے تاریخی کانسے کا تمغہ جیتا تھا۔پیس نے مجموعی طور پر۱۸؍ گرینڈ سلیم اپنے نام کئےجن میں۸؍مینس ڈبلز اور۱۰؍ مکسڈ ڈبلز ٹائٹلز شامل ہیں۔ انہوں نے دونوں کیٹیگریز میں کریئر گرینڈ سلیم بھی مکمل کیا۔
یہ بھی پڑھئے:بیلا حدید نے لائم بیماری سے متعلق جذباتی پوسٹ پر مداحوں سے معذرت کی
وہ ڈبلز رینکنگ میں دنیا کے نمبر ون کھلاڑی رہ چکے ہیں اور انہیں `ڈیویس کپ کمٹمنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔ وہ جولائی۲۰۲۴ء میں انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل ہونے والے پہلے ایشیائی مرد کھلاڑی بنے تھے۔بطور پلیئر ایمبیسیڈر، لئینڈر پیس پورے ایشیا میں ٹینس کے کھیل کو مقبول بنانے، نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی (مینٹورشپ) کرنے اور گراس روٹ لیول کے ڈویلپمنٹ پروگرامز کو مضبوط کرنے کیلئے اے ٹی ایف کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔اس اعزاز پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پیس نے کہا’’ایشیائی ٹینس فیڈریشن کے ساتھ بطور پلیئر ایمبیسیڈر جڑنا میرے لیے باعث ِ مسرت ہے۔ ایشیا میں ٹیلنٹ اور جنون کی کوئی کمی نہیں ہے۔ میں اس کھیل کو وہ لوٹانا چاہتا ہوں جواس نے مجھے دیا ہے۔ میں نوجوانوں کو بڑے خواب دیکھنے پرآمادہ کرنا چاہتا ہوں ۔‘‘