Inquilab Logo Happiest Places to Work

آبروریزی کیخلاف ٹی ایم سی کی احتجاجی ریلی میں رخنہ اندازی

Updated: July 09, 2026, 12:08 PM IST | Agency | Kolkata

مظاہرین کے ساتھ مار پیٹ، انڈے پھینکے گئے، ممتا بنرجی نے ’’بی جےپی کے غنڈوں ‘‘ پرالزام عائد کیا، عدالت کی اجازت کے باوجود سیکوریٹی نہ دینے پربرہمی کااظہار کیا۔

Mamata Banerjee.Photo:PTI
ممتا بنرجی ۔ تصویر:پی ٹی آئی
مغربی بنگال کے جنوبی چوبیس پرگنہ  ضلع کے باروئی پور میں ۱۱؍ سالہ مسلم بچی کی  اجتماعی آبروریزی   کے خلاف کولکاتا میں بدھ کو ترنمول کانگریس نے ہائی کورٹ  سے اجازت حاصل کر کے احتجاجی ریلی نکالی مگر اس میں رخنہ اندازی کرتے ہوئے مظاہرین کے ساتھ مارپیٹ کی گئی اور ان پر انڈے پھینکے گئے۔  ریلی ممتا بنرجی کی رہائش گاہ کے باہر پہنچی تو ہنگامہ مزید بڑھ گیا۔برہم ممتا بنرجی  بدنظمی کے باعث اپنی ہی پارٹی کے ۳؍ کارکنوں کوتھپڑ مارتی نظر آئیں۔ انہوں نے کہا کہ  بنگال میں افراتفری پھیل چکی ہے اور پولیس بی جے پی کارکنوں کی طرح کام کر رہی ہے۔بی جے پی کارکنوں نے ریلی کی مخالفت کرتے ہوئے ’’چور،  چور‘‘ کے نعرے بھی لگائے اور احتجاج کیا۔
 
 
ریلی پر پولیس کا لاٹھی چارج
ٹی ایم سی نے باروئی پور میں بچی کی عصمت دری اور قتل کے خلاف ریلی نکالنے کی اجازت کلکتہ ہائی کورٹ سے حاصل کی تھی۔ عدالت سے اجازت ملنے کے بعد پارٹی یہ ریلی نکالی گئی مگر الزام ہے کہ مقامی انتظامیہ نے ضروری سیکوریٹی کا انتظام نہیں کیا اور بی جےپی کے کارکنوں کو اس میں رخنہ اندازی کی کھلی اجازت دی۔ریلی کے دوران مختلف مقامات پر بی جے پی اور ٹی ایم سی کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد حالات پر قابو پانے کے نام پر پولیس نے لاٹھی چارج کیا۔ 
 
 
پولیس ہے یا بی جےپی کارکن ؟
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے ان کی ریلی پر حملہ کرایا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کارکنوں کے ساتھ مارپیٹ کی گئی، کئی افراد زخمی ہوئے اور بی جے پی حامیوں نے ریلی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی۔جنوبی کولکاتا کے حضرت کراسنگ پر مارچ کے اختتام کے بعد اجتماع سے خطاب  میں  ممتا  بنرجی نے الزام لگایا کہ بی جے پی کے حامیوں نے مارچ کے راستے میں کئی مقامات پر رکاوٹیں ڈالیں اور ترنمول کانگریس کے کارکنوں پر حملے کئے۔ انہوں نے کہا کہ’’ہائی کورٹ نے ہمارے احتجاجی مارچ کی اجازت دی تھی لیکن بی جے پی کے غنڈوں نے اسے روک دیا۔ پولیس عدالت کے حکم کو کیسے نظر انداز کر سکتی ہے ؟‘‘ انہوں نے کہا کہ’’ بی جے پی کے غنڈوں نے ہماری پارٹی کے کارکنوں کو مارا پیٹا۔ کیا یہی جمہوریت ہے؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK