• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم

Updated: November 26, 2026, 6:04 PM IST | New Delhi

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ میں اب تک مسلسل فتوحات حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ سیمی فائنل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائے۔

Hockey Players.Photo:X
ہاکی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

ہندوستانی خواتین ہاکی ٹیم ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں ملائیشیا کے خلاف میدان میں اترے گی۔ ٹورنامنٹ میں اب تک مسلسل فتوحات حاصل کرنے والی ہندوستانی ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ سیمی فائنل میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے فائنل میں جگہ بنائے۔ دوسری جانب ملائیشیا کی ٹیم بھی اس اہم مقابلے میں بہتر کھیل پیش کرکے ہندوستان کے فائنل تک پہنچنے کے راستے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کرے گی۔مدھیہ پردیش کے شہر بھوپال میں منعقدہ ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی ۲۰۲۶ء میں ہندوستانی ٹیم نے لیگ مرحلے کے پانچوں میچ جیت کر اپنی برتری ثابت کی ہے۔ کپتان سلیمہ ٹیٹے کی قیادت اور ہیڈ کوچ سورڈ مارینے کی رہنمائی میں ٹیم نے مجموعی طور پر ۱۵؍ پوائنٹس حاصل کیے اور پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن پر رہی۔ ہندوستان نے پانچ میچوں میں ۲۳ ؍گول کیے، جبکہ اس کے خلاف صرف چار گول ہوئے۔ اس طرح ٹیم کا گول فرق پلس ۱۹ ؍رہا، جو اس کی مضبوط حملہ آور صلاحیت اور مستحکم دفاع کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسپیلبرگ کانولن کو بڑا مشورہ، ’’دی اوڈیسی‘‘ کے بعد ’’دی الیاڈ‘‘ بنانے کی پیشکش

ہندوستان نے ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں ملائیشیا کو ۴-۱ ؍سے شکست دے کر اپنی مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد جنوبی کوریا کو ۲-۱، تھائی لینڈ کو ۷-۰ ؍اور چین کو ۶-۲ ؍سے ہرایا۔ لیگ مرحلے کے آخری میچ میں ہندوستان نے جاپان کو ۴-۰ ؍سے شکست دے کر مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کی۔ اس مقابلے میں لالریمسامی نے ۱۲؍ویں منٹ میں پہلا گول کیا، جبکہ دیپیکا سہراوت نے ۱۶؍ویں اور ۴۸؍ویں منٹ میں دو گول داغے۔ نہا گوئل نے بھی ۲۸؍ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
ملائیشیا نے لیگ مرحلے میں پانچ میچ کھیل کر سات پوائنٹس حاصل کیے اور چوتھی پوزیشن کے ساتھ سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹیم نے چین کے خلاف ۲-۲ ؍ سے مقابلہ برابر کھیلا، جبکہ جنوبی کوریا کو ۳-۱ ؍سے شکست دی۔ لیگ مرحلے کے آخری میچ میں ملائیشیا نے تھائی لینڈ کو ۴-۰ سے ہرایا۔ اس مقابلے کی خاص بات یہ رہی کہ ملائیشیا نے اپنے چاروں گول آخری چھ منٹ میں کیے، جبکہ پہلے تین کوارٹر تک دونوں ٹیمیں کوئی گول نہیں کرسکی تھیں۔ملائیشیا کی جانب سے نورامیرہ ذوالکفلی اب تک ٹورنامنٹ میں چار گول کرچکی ہیں اور وہ ٹیم کی اہم حملہ آور کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نور اظہر، ازمیرا ازہری، سیتی محمد اور نورمائزاتول شفیع نے بھی گول کرکے ٹیم کی کامیابیوں میں حصہ ڈالا ہے۔ ہندوستانی دفاع کو ملائیشیا کے ان حملہ آور کھلاڑیوں سے محتاط رہنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:آسٹریلوی سینیٹ میں بچی کو گود میں لے کر تقریر، ساتھی سینیٹر ’پیکابو‘ سے بچی کو بہلایا

ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان لیگ مرحلے میں بھی مقابلہ ہوچکا ہے، جس میں ہندوستان نے ۴-۱ سے کامیابی حاصل کی تھی۔ تاہم سیمی فائنل ناک آؤٹ مرحلہ ہے، اس لیے ہندوستانی ٹیم کسی بھی طرح کی لاپروائی سے گریز کرتے ہوئے میدان میں اترنا چاہے گی۔ ٹیم کی کامیابی کے لیے مڈفیلڈ پر کنٹرول، حریف کے دفاع میں مؤثر انداز سے داخل ہونا اور ملنے والے گول کے مواقع کا درست استعمال اہم ہوگا۔ہندوستانی ٹیم کی موجودہ فارم، گول کرنے کی صلاحیت اور دفاعی کارکردگی اسے سیمی فائنل میں مضبوط پوزیشن فراہم کرتی ہے۔ اس کے باوجود ملائیشیا کو آسان حریف نہیں سمجھا جاسکتا، کیونکہ اس نے تھائی لینڈ کے خلاف آخری لمحات میں چار گول کرکے اپنی حملہ آور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔واضح رہے کہ ہندوستانی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے اور اس کی نگاہیں چوتھی مرتبہ ویمنز ایشین چیمپئنز ٹرافی کا خطاب جیتنے پر مرکوز ہیں۔ اگر ہندوستان سیمی فائنل میں ملائیشیا کو شکست دینے میں کامیاب رہتا ہے تو وہ خطاب کے دفاع کی جانب ایک اور اہم قدم بڑھائے گا۔ ہندوستان اور ملائیشیا کا سیمی فائنل ۲۷؍نومبر کو بھوپال کے انٹرنیشنل اسپورٹس کمپلیکس، ناتھو برکھیڑا میں کھیلا جائے گا۔ دستیاب میچ شیڈول کے مطابق مقابلہ شام ۷ بجے شروع ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK