Updated: November 26, 2026, 6:04 PM IST
| Gaza
غزہ میں ’خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمےکے دن‘ بھی اسرائیلی حملوں میں اموات کا سلسلہ جاری ہے، اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے خواتین کی سربراہی والے گھرانوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے، غزہ کی وزارت امور خواتین کے مطابق اب تقریباً چار میں سے ایک گھر کی سربراہ خاتون ہے۔
غزہ میں بیوائیں پھٹے ہوئے خیموں میں بچوں کی پرورش کر رہی ہیں، اپنے خاندانوں کی کفالت کیلئےضروری خوراک اور پانی تلاش کر رہی ہیں۔ اسرائیل کی جنگ شروع ہونے کے بعد سے خواتین کی سربراہی والے گھرانوں کی تعداد دوگنی ہو گئی ہے۔ غزہ کی وزارت امور خواتین کے مطابق اب تقریباً چار میں سے ایک گھر کی سربراہ خاتون ہے۔بدھ کو خواتین کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر وزارت نے جنگ کے دوران شوہر کھونے والی خواتین کی تعداد۲۸۲۲۴؍ بتائی۔ ۱۰؍ اکتوبر۲۰۲۵ء کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد بھی خواتین اور لڑکیوں کی ہلاکتیں جاری رہیں۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بدھ کو جاری رپورٹ میں غزہ کی وزارت صحت کے حوالے سے کہا کہ اس تاریخ سے اس سال یکم اکتوبر تک اسرائیلی حملوں میں۲۷۴؍ خواتین اور لڑکیاں شہید اور۱۴۷۳؍ زخمی ہوئیں۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیلی فوج کے نئے آہنی گیٹ، جنوبی مغربی کنارے میں۷۰؍ ہزار فلسطینی الگ تھلگ
’’یو این ویمن‘‘ نے اپریل میں اندازہ لگایا کہ اکتوبر۲۰۲۳ء سے دسمبر۲۰۲۵ء کے درمیان اسرائیلی فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں۳۸؍ ہزار سے زیادہ خواتین اور لڑکیاں شہید ہوئیں، اوسطاً روزانہ کم از کم ۴۷؍۔ اس کے علاوہ تقریباً۱۱؍ ہزار خواتین اور لڑکیاں تاحیات معذوری کا شکار ہو گئیں۔علاوہ ازیں وزارت امور خواتین نے کہا کہ۱۵۰؍ سے زیادہ اسرائیلی انخلاء کے احکامات نے تقریباً دس لاکھ خواتین اور لڑکیوں کو بے گھر کیا۔ وزارت نے۲۰۲۶ء کے دوسرے نصف میں شدید غذائی عدم تحفظ کا سامنا کرنے والی خواتین کی تعداد۷۰۲۰۰۰؍ بتائی۔
مزید برآںایمنسٹی نے دستاویز کیا کہ خواتین نے مشترکہ بستروں یا اسپتال کے فرش پر بچوں کو جنم دیا۔ ڈاکٹروں نے بجلی کی کٹوتی کے دوران بے ہوشی کی دواؤں کی کمی اور جراثیم سے پاک حالات برقرار رکھنے میں ناکامی کے باوجود سیزیرین آپریشن کیے۔ کچھ خواتین کو بچے کی پیدائش سے صحت یاب ہوتے ہوئے دوبارہ انخلاء کا سامنا کرنا پڑا۔اس کے علاوہ ایمنسٹی نے کہا کہ غزہ سٹی کے الشفا اسپتال پر اسرائیلی حملوں اور نومبر۲۰۲۳ء میں اسپتال کے محاصرے سے آٹھ نومولود بچوں کی موت ہوئی۔ مزید ۳۱؍ بچے اپنی ماؤں سے جدا ہو گئے اور ان کا جان بچانے والا علاج رک گیا۔وزارت امور خواتین نے کہا کہ غزہ میں۲۰۲۶ء کے پہلے چھ ماہ میں۴۰۰۰؍ اسقاط حمل درج ہوئے، جو پچھلے چھ ماہ کے مقابلے میں تین گنا زیادہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے: غزہ میں میننجائٹس کی وبا کا الرٹ جاری، معاملات میں خطرناک اضافہ
واضح رہے کہ اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی نے غزہ میں آئی وی ایف کی تمام خدمات بند کر دیں اور علاقے سے باہر بانجھ پن کے علاج تک رسائی منظم طریقے سے ختم کر دی۔ ہزاروں منجمد ایمبریوز تباہ ہو گئے۔دریں اثناء ایمنسٹی نے نتیجہ اخذ کیا کہ جنگ بندی کے باوجود اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی جاری رکھے ہوئے ہے۔ اس نے اسرائیل سے ہتھیاروں کی منتقلی فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور ریاستوں پر زور دیا کہ وہ ذمہ داروں کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے بین الاقوامی فوجداری عدالت کی کوششوں کی حمایت کریں۔غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس نے منگل کو کہا کہ اس نے جنگ بندی کی۶۴۰۵؍ خلاف ورزیاں دستاویز کی ہیں اور ان واقعات میں۱۶۹۰؍ فلسطینی شہید،۶۱۲۰؍ زخمی اور۲۲۳؍ گرفتار ہوئے۔
ذہن نشین رہے کہ اکتوبر۲۰۲۳ء سے اسرائیل کی غزہ پر نسل کش جنگ میں۷۴؍ ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید، ایک لاکھ۷۶؍ ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں اور علاقے کا تقریباً۹۰؍ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ شہید یا زخمی ہونے والوں میں زیادہ تر خواتین اور بچے ہیں۔