Inquilab Logo

ہندوستان کی اُمیدیں نیوزی لینڈ اور افغانستان کے میچ سے وابستہ

Updated: November 02, 2021, 12:21 PM IST | Agency | Dubai

نیوزی لینڈ سے ہار کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہندوستان کا نیٹ رن ریٹ نیچے آ گیا ہے، جس سے سیمی فائنل میں اس کا راستہ دوسری ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہے

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 ہندوستان کے خلاف مضبوط جیت نے نیوزی لینڈ کو گروپ ۲؍ سے سیمی فائنل میں جگہ بنانے والی دوسری ٹیم بننے کے لئے بہتر پوزیشن میں  لا کھڑا کیا ہے۔ ان کے آنے والے میچوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے، پاکستان کے  ٹاپ پوزیشن پر برقرار رہنے کا امکان ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف ہار کے فرق کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہندوستان کا نیٹ رن ریٹ نیچے آ گیا ہے، جس سے سیمی فائنل میں اس کا راستہ دوسری ٹیموں کے نتائج پر منحصر ہے۔   دوسرے سیمی فائنل  مقام  کے  لئے دعویداری پیش کررہی ۳؍ ٹیموں افغانستان، نیوزی لینڈ اور ہندوستان کی برابری پر ایک نظر: نیوزی لینڈ:  ۱۴ء۳؍اوور میں ہندوستان کی جانب سے دیئے گئے ہدف کا تعاقب کرنے کے بعد نیوزی لینڈ کا نیٹ رن ریٹ بڑھ کر ۰ء۷۶۵؍ ہو گیا ہے۔ اگر وہ اپنے باقی تمام میچ جیت لیتا ہے تو وہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔ اپنے آخری ۳؍ میچوں میں  ان کا سب سے مشکل مقابلہ افغانستان کے خلاف ہوگا جہاں شکست ان کے لیے مشکلات میں اضافہ کرے گی اور تو اور  آئندہ ۳؍ میچوں کا شیڈول بھی آسان نہیں ہو نے والاہے۔ انہیں ایک دن کے وقفے  کے ساتھ ۳؍ مختلف گراؤنڈس پر دن کے  میچ کھیلنے ہیں۔ ۳؍ نومبر کو اسکاٹ لینڈ کے خلاف دبئی میں،۵؍ نومبر کو نمیبیا کے خلاف شارجہ میں اور۷؍ نومبر کو افغانستان کے خلاف ابوظہبی میں میں۔ افغانستان: افغانستان نے نمیبیا اور اسکاٹ لینڈ کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے میچوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا ۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا نیٹ رن ریٹ ۳ء۰۹۷؍ تک پہنچ گیا ہے۔ ان کے بقیہ ۲؍ میچ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کی شکل میں دو بڑی ٹیموں کے خلاف ہیں۔ اگر وہ دونوں میچ جیت جاتے ہیں تو وہ کوالیفائی کر لیں گے۔ اگر وہ ہندوستان سے ہارتے ہیں اور نیوزی لینڈ کو شکست دیتے ہیں تو  بات  رن ریٹ پر آجائے گی۔ وہ اپنے شیڈول سے بھی فائدہ اٹھا سکتے ہیں – انہوں نے ابوظہبی میں نمیبیا کو شکست دی اور ان کے آخری ۲؍ میچ اسی گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے۔ ہندوستان : نیوزی لینڈ کے خلاف بڑی شکست کے باوجود ہندوستان کے پاس اب اپنے باقی ۳؍ میچ جیتنے کا صرف ایک موقع ہے۔ ساتھ ہی ساتھ اسے امید کرنی ہوگی کہ  افغانستان اور نیوزی لینڈ کم از کم ایک میچ ہار جائے۔ اگر ایسا ہوتا ہے تو بات  نیٹ رن ریٹ  پرآجائے گی لیکن اس معاملے میں بھی ہندوستان اس وقت کافی پیچھے ہے۔ : نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کے گروپ۲؍ کے میچ میں اتوار کو   یکطرفہ مقابلہ میں ہندوستان کو ۸؍وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنانے کا دعویٰ مضبوط کر لیاہے۔ ہندوستان کا لگاتار دوسری ہار کے  ساتھ  سیمی فائنل میں پہنچنے کا خواب تقریباً ٹوٹ چکا ہے ۔ ہندوستان کو مقررہ۲۰؍ اوور میں ۷؍ وکٹ پر۱۱۰؍ رن تک محدود رکھنے کے بعد نیوزی لینڈ نے۱۴ء۳؍ اوور میں ۲؍ وکٹ پر۱۱۱؍ رن بنا کر ۲؍ میچوں میں پہلی  کامیابی حاصل کرلی۔ جسپریت بمراہ نے نیوزی لینڈ کے دونوں وکٹ لئے۔ بمراہ نے مارٹن گپٹل کو شاردل ٹھاکر کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ لیکن پھر ڈیرل مشیل نے کپتان کین ولیمسن کے ساتھ دوسرے  وکٹ کیلئے ۵۴؍ گیندوں میں۷۲؍ رن کی میچ وننگ شراکت قائم کی۔بمراہ نے مشیل کو لوکیش راہل کے ہاتھوں کیچ کروا کر اس شراکت کو توڑدیا۔مشیل  نے ۳۵؍ گیندوں پر۴۹؍ رن میں ۴؍ چوکے اور ۳؍ چھکے لگائے۔ ڈیون کون وے ولیمسن کا ساتھ  دینے آئے۔ دونوں نے نیوزی لینڈ کو ۱۴ء۳؍ اوورس میں فاتح بنایا ۔ ولیمسن نے۳۱؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۳۳؍رن میں۳؍ چوکے لگائے جبکہ کون وے ۲؍ رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے۱۹؍ رن کے عوض۲؍ وکٹ لئے۔
 اس سے قبل نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان نے اوپننگ میں لوکیش راہل کے ساتھ روہت شرما کی جگہ ایشان کشن کو میدان میں اتارا۔ کشن نے ۸؍ گیندوں میں چوکا لگایا لیکن بڑا شاٹ لگانے کی کوشش میں وہ باؤنڈری پر ڈیرل مشیل کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔  ہندوستان کا پہلا وکٹ۱۱؍ رن  کے اسکور پر گرا۔تیسرے بلے باز کے طور پر میدان پر اترنے والے روہت شرما نے آتے ہی ٹرینٹ بولٹ کے باؤنسر کو ہک کیا لیکن باؤنڈری پر کھڑے فیلڈر نے ایک آسان کیچ چھوڑ دیا۔ تاہم روہت اس کا فائدہ نہ اٹھا سکے اور۱۴؍ گیندوں میں ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے۱۴؍ رن بناکر لیگ اسپنر ایش سوڈھی کی گیند پر مارٹن گپٹل کو  کیچ  دے کرآؤٹ ہوگئے۔ کپتان وراٹ کوہلی سے کافی توقعات وابستہ تھیں لیکن وہ بغیر کسی باؤنڈری کے۱۷؍ گیندوں پر ۹؍ رن  بنانے کے بعد سوڈھی کا دوسرا شکار بن گئے۔ سوڈھی اپنی سالگرہ پرمیچ کے بہترین کھلاڑی بنے۔وکٹ کیپر رشبھ پنت نے بغیر کسی باؤنڈری کے ۱۹؍ گیندوں میں۱۲؍ رن  بنائے اور ایڈم ملنے کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ پنت کا وکٹ۷۰؍ رن  کے اسکور پر گرا۔ ہاردک پانڈیا نے کوئی بڑا شاٹ نہیں کھیلا اور ایک چوکے کی مدد سے۲۳؍ رن بنا کرآؤٹ ہوگئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK