Inquilab Logo

ہندوستان کی لکشمی آئی سی سی ورلڈ کپ میں میچ ریفری

Updated: February 13, 2020, 11:00 AM IST | Agency | Dubai

ہندوستان کی جی ایس لکشمی ۲۱؍فروری سے آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میچ ریفری بنیں گی اور اسی کے ساتھ ہی وہ کسی آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داری نبھانے والی پہلی خاتون بن جائیں گی ۔

جی ایس لکشمی ۔ تصویر : آئی این این
جی ایس لکشمی ۔ تصویر : آئی این این

 دبئی : ہندوستان کی جی ایس لکشمی ۲۱؍فروری سے آسٹریلیا میں ہونے والے آئی سی سی خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں میچ ریفری بنیں گی اور اسی کے ساتھ ہی وہ کسی آئی سی سی ورلڈ کپ ٹورنامنٹ میں میچ ریفری کی ذمہ داری نبھانے والی پہلی خاتون بن جائیں گی ۔
 بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بدھ کو عالمی کپ کیلئے میچ حکام کی فہرست جاری کی جس میں ۳؍ میچ ریفری میں لکشمی واحد خاتون ہیں۔ ۲؍ دیگر میچ ریفری اسٹیو برنارڈ اور کرس براڈ ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے اعلان  کردہ میچ حکام میں ریکارڈ ۶؍ خواتین شامل ہیں۔ ۸؍ ٹیموں کے اس ٹورنامنٹ میں لکشمی کے علاوہ دیگر خواتین میچ افسر لارین اےگینبیگ، کم کاٹن، کلیئر پولوساك، سیو ریڈفرن اور جیکلین ولیمز ہیں۔ٹورنامنٹ کا آغاز۲۱؍ فروری کو آسٹریلیا اور ہندوستان کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔ ہندوستان گزشتہ عالمی کپ میں سیمی فائنل تک پہنچا تھا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بدھ کو سہ رخی ٹی ۲۰؍ سیریز کا فائنل میلبورن میں کھیلا گیا تھا جس میں آسٹریلیا کی ٹیم فاتح رہی۔ اس سیریز کی تیسری ٹیم انگلینڈ کی تھی۔۵۱؍ سالہ لکشمی مرد ون ڈے میں میچ ریفری کی ذمہ داری نبھانے والی پہلی خاتون بھی ہیں۔  انہوں نے آئی سی سی کرکٹ کپ لیگ دو  ۲۲۔۲۰۱۹ء میں یہ  ذمہ داری نبھائی ۔ انہیں گزشتہ سال مئی میں میچ ریفری کے آئی سی سی بین الاقوامی پینل میں مقرر کیا گیا تھا اور اس پینل میں مقرر ہونے والی وہ پہلی خاتون تھیں۔ لکشمی نے میچ ریفری کی حیثیت سے شروعات ۰۹۔۲۰۰۸ء میں گھریلو خواتین کرکٹ سے کی تھی۔آئی سی سی خواتین ٹی ۲۰؍ ورلڈ کپ کیلئےمیچ حکام یہ ہیں: میچ ریفری: اسٹیو برنارڈ، کرس براڈ، جی ایس لکشمی۔ امپائر: لارین ایگینبیگ، کم کاٹن، کلیئر پولوساك، سیو ریڈ فرن، جیکلین ولیمز، گریگوری بریتھویٹ، کرس براؤن، شان جارج، نتن مینن، احسان رضا، لےگٹن رسیرین اورا یلیکس وارف۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK