Inquilab Logo

آج پنجاب ،حیدرآبادکے مدمقابل اور دہلی کا کولکاتا سے مقابلہ

Updated: October 24, 2020, 3:10 AM IST | Dubai

آئی پی ایل میں کنگز الیون پنجاب اورسن رائزرس حیدرآباد میں توقعات کی جنگ۔دہلی کیپٹلس کی نظریں پلے آف اور کولکاتانائٹ رائیڈرس کی واپسی پر۔

Shikhar Dhawan. Photo : INN
شکھر دھون۔ تصویر: آئی این این

اپنے پچھلے میچ جیتنے والی کنگز الیون پنجاب اور سن رائزرس حیدرآباد کی ٹیمیں سنیچر کو آئی پی ایل کے میچ میں پلے آف میں مقام کی امید روشن رکھنے کے لئے نبردآزما ہوں گی۔حیدرآباد ۱۰؍ میچوں میں ۴؍ جیت ، ۶؍ ہار اور۸؍ پوائنٹس کے ساتھ ۵؍ویں نمبر پر ہے جبکہ پنجاب کی ٹیم ۱۰؍ میچوں میں ۴؍ جیت ،۶؍ ہار اور۸؍ پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر ہے۔ پلے آف کو یقینی بنانے کیلئے دونوں ٹیموں کو اپنے باقی ۴؍ میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔ اس میچ میں فاتح ٹیم کی توقعات باقی رہیں گی جبکہ ہارنے والی ٹیم کی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔دونوں ٹیمیں اپنا پچھلا میچ جیت کر آرہی ہیں اور حوصلہ افزا میچ میں جارہی ہیں ۔ حیدرآباد نے راجستھان رائلز کو ۸؍ وکٹ سے اور پنجاب نے ٹاپ ٹیم دہلی کیپٹلس کو ۵؍ وکٹوں سے شکست دی تھی ۔
حیدرآباد کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے کہا کہ ہم نے راجستھان کے خلاف توقع کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مجھے لگتا ہے کہ جس طرح ہم نے میچ شروع کیا تھاوہ لاجواب تھا۔ ہم پاور پلے کے بعد لوٹنےمیں کامیاب تھے۔ یہ ایک مکمل کھیل تھا جیسا کہ ہم چاہتے تھے۔
 دہلی کے خلاف شاندار جیت سے حوصلہ افزا پنجاب کے کپتان لوکیش راہل نے کہا تھاکہ کوئی بھی میچ جیتنے کے لئے ٹیم کے ٹاپ بیٹنگ آرڈر کے لئے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا لازمی ہے۔ راہل نے کہا کہ جب آپ ۶؍ بلے بازوں اور آل راؤنڈر کے ساتھ کھیل رہے ہیں تو پھر میچ میں برقرار رہنے کے لئے ٹاپ ۴؍ بلے بازوں میں سے ایک کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ کسی بھی بلے باز کو میچ کے اختتام تک میدان میں ڈٹے رہنا ہوگا۔ ہمیں اس پر توجہ دینی ہوگی اور اسے بہتر بنانا ہوگا۔پنجاب کے کپتان نے کہا کہ آخری میچ کے بعد سے محمد سمیع کا اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور وہ مستقل طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ 
دہلی اور کولکاتا کا مقابلہ
پچھلی شکست کے صدمے سے باہر نکل کر دہلی کیپٹلس ٹیم ہفتہ کو کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف میچ میں آئی پی ایل کے پلے آف میں جگہ بنانے کے مقصد سے اترے گی جبکہ کولکاتا کی ٹیم واپسی کی توقعات کو برقرار رکھنا چاہے گی۔
 دہلی ۱۰؍میچوں میں ۷؍ جیت ، ۳؍ ہار اور ۱۴؍ پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ ایک جیت دہلی کو پلے آف میں لے جائے گی اور دہلی اس کے بعد پہلے دو مقامات میں جگہ بنانے کی کوشش کرے گی۔ تاہم دہلی کو پچھلے میچ میں ناقص بیٹنگ کی وجہ سے کنگز الیون پنجاب کے ہاتھوں ۵؍ وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ دہلی کو اس شکست سے واپسی کرنا ہوگی۔
 دوسری طرف کولکاتا۱۰؍ میچوں میں ۵؍ جیت ، ۵؍ شکست اور۱۰؍ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ کولکاتا کو پلے آف کو یقینی بنانے کے لئے باقی ۴؍ میں سے ۳؍ میچ جیتنے کی ضرورت ہے۔کولکاتا نے اپنے آخری میچ میں رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف بیٹنگ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور ٹیم ۲۰؍ اوور میں ۸۴؍ رن بنانے میں ہی کامیاب رہی تھی جو اس آئی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے کم اسکور ہے۔ اگر کولکاتا کو دہلی کے سامنے چیلنج پیش کرنے کی ضرورت ہے تو اسے اپنی بیٹنگ میں بہتری لانی ہوگی۔کولکاتا کے کپتان ایون مورگن نے کہا کہ ہم اس میچ سے سبق لیں گے اور اگلے میچ میں آگے بڑھیں گے۔ ٹورنامنٹ کی نوعیت کے پیش نظر آپ کو ہر ٹیم کے خلاف اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔ امید ہے کہ سنیل نارائن اور آندرے رسل جلد ہی دستیاب ہوجائیں گے اور ہم جانتے ہیں کہ آل راؤنڈر دستیاب ہوں گے تو معاملات مختلف ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK