آج سن رائزرس کی ٹیم گھریلو میدان پر گجرات ٹائٹنس سے مقابلہ کرے گی۔ گجرات پہلے ہی لیگ سے باہر ہوچکا ہے۔
EPAPER
Updated: May 16, 2024, 11:20 AM IST | Haidrabad
آج سن رائزرس کی ٹیم گھریلو میدان پر گجرات ٹائٹنس سے مقابلہ کرے گی۔ گجرات پہلے ہی لیگ سے باہر ہوچکا ہے۔
اپنی کارکردگی میں تسلسل نہ رکھنے کے باوجود سن رائزرس حیدرآباد کو انڈین پریمیر لیگ کے پلے آف میں جگہ بنانے کیلئے جمعرات کو گجرات ٹائٹنس کے خلاف صرف ایک جیت درکار ہے جبکہ گجرات کی ٹیم وقار بچانے کے لئے کھیلے گی۔ پیٹ کمنس کی کپتانی والی ٹیم، تاہم، ٹاپ ۲؍ میں جگہ بنانے پر نظریں مرکوز کئے ہوئے ہے۔ اس کے بعد اسے ایک اور میچ کھیلنا ہے اور اس کا نیٹ رن ریٹ بھی ۰ء۴۰۶+ ہے۔ سن رائزرس کے۱۲؍ میچوں میں ۱۴؍ پوائنٹس ہیں اور وہ زیادہ سے زیادہ ۱۸؍ پوائنٹس حاصل کر سکتے ہیں جس سے ٹاپ دو میں اس کی جگہ محفوظ ہو جائے گی۔ اس میچ سے قبل سن رائزرس حیدرآباد کو ایک ہفتے کا وقفہ ملا ہے جس کی وجہ سے وہ تازہ دم ہوکر میدان پر اتریں گے۔ اس کے علاوہ ۸؍ مئی کو لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ریکارڈ جیت درج کرنے کے بعد اس کے حوصلے بلند ہیں۔
اس سے قبل گیند بازوں نے لکھنؤ کو کم اسکور تک محدود رکھا، وہیں ٹریوس ہیڈ اور ابھیشیک شرما کی اوپننگ جوڑی نے۱۶۶؍ رن کا ہدف۹ء۴؍ اوورس میں ۱۰؍وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سن رائزرس نے جہاں اس سیزن میں ناقابل یقین اسکور بنائے ہیں وہیں انہیں شرمناک شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے۔ گجرات نے انہیں ٹورنامنٹ میں ۷؍ وکٹ سے شکست دی تھی۔ اسے آخری ۵؍ میں سے ۳؍ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا ہے۔ رائل چیلنجرز بنگلور نے اسے ۳۵؍ رن سے، چنئی سپر کنگز نے۷۸؍ رن سے اور ممبئی انڈینس کو۷؍ وکٹ سے شکست دی ہے۔ ۲۰۱۶ء کی چمپئن ٹیم بلے بازی میں ہیڈ اور شرما پر بہت زیادہ انحصار کرتی ہے۔ اگر وہ ناکام ہوتے ہیں تو ان کی اننگز ڈگمگا جاتی ہے، اس لئے نتیش ریڈی، ہینرک کلاسن اور عبدالصمد کو بہتر کارکردگی پیش کرنے ہوگی۔ دوسری طرف، گجرات جس نے۱۳؍ میں سے صرف ۵؍ میچ جیتے ہیں، اس کے۱۱؍ پوائنٹس ہیں اور وہ جیت کے ساتھ رخصت ہونا چاہے گا۔
اس سیزن میں سابق کپتان ہاردک پانڈیا کی ممبئی انڈینس میں واپسی کے بعد گجرات کی ٹیم میں توازن نہیں تھا۔ پانڈیا نے۲۰۲۲ء کا خطاب جیتنے اور گزشتہ سال فائنل تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہیں محمد سمیع کی انجری کی وجہ سے پورے سیزن سے باہر ہونے کا خمیازہ بھی بھگتنا پڑا۔ کولکاتا نائٹ رائیڈرس کے خلاف آخری میچ بارش کی وجہ سے ضائع ہو گیا تھا لیکن گیند بازوں نے پہلے ۳؍ اوورس میں ۳؍ وکٹ لے کر چنئی سپر کنگز کے خلاف امید جگائی تھی۔ بیٹنگ میں اچھی شروعات کی ذمہ داری ایک بار پھر کپتان شبھمن گل اور بی سائی سدرشن پر ہوگی۔ ڈیوڈ ملر اس سیزن میں فارم میں نہیں ہیں لیکن وہ آخری میچ میں مفید اننگز کھیلنا چاہیں گے۔