Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی پی ایل ۲۰۲۵ء: بٹلر اور رُدرفورڈ کی طوفانی اننگز، گجرات نمبر وَن

Updated: April 20, 2025, 10:52 AM IST | Ahmedabad

آئی پی ایل میں گجرات ٹائٹنس نے دہلی کے ہمالیائی ہدف کو بونا ثابت کردیا۔ گجرات نے ۷؍وکٹ سے کامیابی حاصل کرلی ۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

جوس بٹلر (ناٹ آؤٹ ۹۷؍رن) اور شرفین رُدر فورڈ (۴۳؍رن) کے درمیان ریکارڈ۱۱۹؍رن کی شراکت کی بدولت گجرات ٹائٹنس نے سنیچر کو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۳۵؍ویں میچ میں دہلی کیپٹلس (ڈی سی) کو ۷؍ وکٹ سے شکست دی۔ 
اس جیت کے ساتھ ہی گجرات ۷؍ میچوں میں ۵؍ جیت کے ساتھ اوسط رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے جبکہ دہلی بھی اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ جوس بٹلر اور رُدر فورڈ کے درمیان ۱۱۹؍رن کی شراکت آئی پی ایل میں گجرات کے لئے تیسرے وکٹ کے لئے سب سے بڑی شراکت ہے، جس نے سندر اور شبھمن گل کے درمیان ۹۰؍رن کی شراکت کا ریکارڈ توڑ دیا۔ 
دہلی کیپٹلس (ڈی سی) نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے گجرات ٹائٹنس کیخلاف۲۰؍ اوور میں ۸؍ وکٹ پر۲۰۳؍رن بنائے جس کے جواب میں گجرات نے فتح کا ہدف۱۹ء۲؍ اوور میں ۳؍ وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ راہل تیوتیا (ناٹ آؤٹ۱۱؍رن ) نے لگاتار ۲؍ گیندوں پر ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی سے ہمکنارکردیا۔ 
نریندر مودی اسٹیڈیم میں کپتان شبھمن گل (۷؍رن) کا وکٹ جلد گر نے کے بعد سائی سدرشن (۳۶؍رن) کا ساتھ دینے جوس بٹلر کریز پر آئے۔ دونوں نے تیزی سے رن بنائے اور ۶۰؍رن کی قیمتی شراکت کرکے ٹیم کی بنیاد مضبوط کی۔ سدرشن کا وکٹ ۸؍ویں اوور میں کلدیپ یادو نے لیا۔ بعد میں بٹلر نے نئے بلے باز رُدر فورڈ کے ساتھ مل کر رن کی بارش کردی اور دہلی کے گیند بازوں کو انہیں روکنے میں مشکل پیش آئی۔ رُدرفورڈ ۱۹؍ویں اوور میں مکیش کمار کا شکار بنے۔ آخری اوور میں ٹیم کو فتح کیلئے ۱۱؍ رن درکار تھے جبکہ بٹلر کو سنچری بنانے کیلئے محض ۳؍ رن درکار تھے۔ 
کپتان اکشر پٹیل نے یہ سوچ کر اپنے سب سے تجربہ کار بولر مشیل اسٹارک کو گیند سونپی کہ وہ پچھلے میچ کا کارنامہ دُہرائیں گے اور ٹیم کو فتح دلائیں گے لیکن اسٹارک کی پہلی گیند یارکر ہونے سے رہ گئی اور تیوتیا نے اسے ہوا میں مار کر باؤنڈری پر بھیج دیا اور اس کے ساتھ ہی دہلی کیپٹلس کی جیت کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ سنچری سے محروم بٹلر نے اپنی میچ وننگ اننگز کے دوران۵۴؍ گیندوں پر ۱۱؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔ 
اس سے قبل آشوتوش شرما(۳۷؍رن) کی شاندار اننگز اور بلے بازوں کی متوازن کارکردگی کی بدولت دہلی کیپٹلس (ڈی سی) نے سنیچرکو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے۳۵؍ویں میچ میں گجرات ٹائٹنس کے خلاف ۸؍ وکٹ پر۲۰۳؍ رن بنائے۔ نریندر مودی اسٹیڈیم میں شدید گرمی میں دہلی کے بلے بازوں نے رن کی بارش کردی۔ دہلی نے پہلے پاور پلے کا بھرپور استعمال کرکے، ۱۲؍ رن فی اوور سے زیادہ کی شرح سے رن بناتے ہوئے تیز شروعات کی تاہم مہمان ٹیم نے ابھیشیک پورل (۱۸؍رن) اور کے ایل راہل (۲۸؍رن) کے وکٹ گنوادیئے۔ تیز شروعات کے بعد، مڈل آرڈر امیدوں پر پورا اترا اور کرون نائر (۳۱؍رن)، کپتان اکشر پٹیل (۳۹؍رن)، ٹرسٹن اسٹبس (۳۱؍رن) اور آشوتوش شرما کی تیز بلے بازی نے نہ صرف گجرات کے گیند بازوں کو مایوس کیا بلکہ فیلڈرس کو بھی چلچلاتی دھوپ میں پسینہ بہایا۔ 
دہلی کا اسکور۲۲۰؍رن سے زیادہ ہو سکتا تھا لیکن گجرات کے گیند بازوں نے بلے بازوں کو آزادانہ طور پر کھیلنے نہیں دیا۔ اننگز کی آخری۱۴؍ گیندوں پر صرف۱۱؍ رن بنے۔ تیز گیند باز پرسدھ کرشنا نے اپنے اسپیل میں ۴۱؍ رن دے کر ۴؍ اہم وکٹ حاصل کئے جبکہ محمد سراج، ایشانت شرما، ارشد خان اور سائی کشور نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔ 
گجرات کے کپتان شبھمن گل نے اننگز کا آخری اوور اسپنر سائی کشور سے کروایا جس میں انہوں نے آشوتوش کو باندھ کر رکھا اور انہیں زیادہ رن بنانے نہیں دیا۔ پرسدھ کرشنا کے ساتھ سائی کشور نے بھی شاندار گیند بازی کی اور ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ وہیں محمد سراج نے اپنے پہلے دو اوورس میں کافی رن دینے کے بعد اپنے دوسرے اسپیل کے ۲؍ اوورس میں صرف۱۴؍ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ ایشانت نے بھی اپنے ۳؍ اوورس میں صرف۱۹؍ رن دیئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK