• Sun, 14 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

عظیم شخصیات کی توہین کیخلاف ایوان میں بل پیش

Updated: December 14, 2025, 9:05 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے منافرت پھیلانے، عظیم شخصیات اور مذہبی مقامات کی توہین کرنے والوں کو سخت سزا دلانے والاپرائیویٹ بل پیش کیا،خلاف ورزی کرنے والوں پر غیر ضمانتی مقدمہ درج کرنے نیز مکوکا اوریو اے پی اے کے تحت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ، سبھی اراکین سے متفقہ طو ر پر بل کی منظوری کی اپیل کی

Member of Parliament Abu Asim Azmi speaking in the parliament.
ا یوان میں رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی خطاب کرتے ہوئے۔

فرت انگریز تقریر کرنےنیزعظیم شخصیات اور مذہبی مقامات کی بے حرمتی کرنے والوں کو سخت سزا دی جائے ، اس کیلئے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے سرمائی اجلاس میں پرائیویٹ ممبر بل پیش کیا ۔  اس بل میں انہوں نے اشتعال انگیزی کرنے والوں  کے خلاف یو اے پی اے اور مکوکا کے تحت غیر ضمانتی مقدمہ درج کرنے، ۱۰؍سال کی سزا اور ۲؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ 
 اس وقت عبوری اسپیکر چین سکھ سنچیتی  نے ابوعاصم اعظمی کوبل کا تعارف کرنے کی اجازت دی۔
  ابو عاصم اعظمی  کےاس بل کو متعارف کرانے کے بعد اب  ایوان اسمبلی میں اس پر بحث ہوگی جس کے بعد اس پر فیصلہ کیاجائے گا کہ اس بل کو منظور کیاجائے یا مسترد۔
 ابو عاصم اعظمی نے قانون ساز اسمبلی میں جمعہ کی رات ۸؍ بجکر۴۱؍ منٹ پر اپنا پرائیویٹ ممبر بل کا تعارف پیش کیا۔ جمعہ کو اسمبلی کی کارروائی رات تقریباً ساڑھے ۹؍ بجے تک جاری رہی۔ انہوںنے کہاکہ ’’ عظیم شخصیات اور مذہبی مقامات کی توہین کرنے والوں کو ان کے ناپاک حرکتوں سے باز رکھنے کیلئےیہ بل پیش کیا جارہا ہے۔یہ بل صرف مسلمانوں کیلئے نہیں بلکہ سبھی مذہب اور سبھی سماج کے گروپوں کیلئے ہے۔ سپریم کورٹ کی ہدایت کی طرز پر اس بل کو منظور کرنے کی سفارش کی جارہی ہے کیونکہ کورٹ کے حکم کے مطابق دی گئی تعزیرات کے تحت عظیم شخصیات اور عبادت گاہوں کی بے حرمتی کرنے والے کو آسانی سے ضمانت مل جاتی ہے۔یہ بل اسی آسانی کو ختم کرنے اور نفرت پھیلانے والوں کو روکنے والوں کیلئے ہے۔‘‘
 سماجوادی کے مہاراشٹر کے صدر نے کہاکہ  اس قانون کے تحت کوئی بھی شخص سبھی مذہبی کتب، دیوی دیوتا، بھگوان یا پیغمبرؐ  کی توہین کرے گا تو اس کے خلاف غیر ضمانتی دفعات کے تحت کیس درج کیا جائےگا۔
 بل پیش کرنے کےدورا ن ابو عاصم اعظمی نے  شعر پڑھا؎
دنیا میں   احترام کے قابل ہیں جتنے لوگ   
مَیں سب کو مانتا ہوں مگر مصطفیٰ کے بعد 
 انہوںنے مزید کہا کہ’’ جو بھی کسی عظیم شخصیت یا مذہبی مقام کی توہین کرے اس کے خلاف یو اے پی اے  اور مکوکا جیسے سخت قانون کے تحت کارروائی کرتے ہوئے غیر ضمانتی مقدمہ درج کیا جائے، کم از کم ۱۰؍ سال کی سزا سنائی جائے اور اس کے ساتھ ۲؍ لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیاجانا چاہئے۔‘‘ 
 ابو عاصم اعظمی نے یقین دلایا کہ اس سخت قانون سے نفرت پر لگام لگے گی ا ور  لاء اینڈ آرڈر میں بھی بہت حد تک سدھار ہوگا۔  ابو عاصم اعظمی نے مہاراشٹر اسمبلی  میں بل نمبر ۸۲؍ مہاراشٹر مذہبی منافرت اورمحترم مذہبی شخصیات ، مذہبی مقامات  کی بے حرمتی  پر  پابندی بل ۲۰۲۵ء پیش کیا اور ایوان اسمبلی سے درخواست کی کہ سبھی اراکین اس بل کو متفقہ طور پر  منظور کریں۔
 واضح رہے کہ سماجوادی پارٹی کے لیڈر اور بھیونڈی ( ایسٹ) کے رکن اسمبلی رئیس شیخ نے بھی اسمبلی کے گزشتہ ایوان میں اسی طرح مذہبی شخصیات ، تاریخی شخصیات اور قومی لیڈروں کی توہین کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرنےوالا پرائیویٹ بل متعارف کروایا تھا جس پر اب تک بحث نہیں کی گئی ہے ۔ رئیس شیخ نے امید ظاہر کی ہے کہ اگلے اسمبلی اجلاس میں ان کا بل بحث کیلئے ایوان ِ اسمبلی میں لایا جاسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK