Inquilab Logo

آئی پی ایل فائنل :آج گجرات کے ’ٹائٹنس‘ کے سامنے راجستھان کے’ `رائلز ‘کاچیلنج

Updated: May 29, 2022, 12:03 AM IST | ahmedabad

پہلی بار آئی پی ایل کھیلنے والی گجرات ٹائٹنس ٹیم خطاب جیت کرتاریخ رقم کرنا چاہے گی۔ راجستھان رائلز ۱۴؍سال کے بعد خطاب جیتنے کیلئے بے قرار۔ہاردک پانڈیا اور سنجو سیمسن کی حکمت عملی کا امتحان

Hardik Pandya
ہاردک پانڈیا

 گجرات ٹائٹنس اور راجستھان رائلز کے لئے  اس میچ میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے جو آئی پی ایل کے خطاب  کیلئے اتوار کو فائنل میں ایک دوسرے کے سامنے ہوں گی۔ ۱۵؍ سال قبل آئی پی ایل کے پہلے سفر میں سنہری شروعات کرنے والی راجستھان رائلزکی ٹیم ایک بار پھر تاریخ کو دُہرانا چاہے گی۔ مضبوط ٹیموں کے حوصلے توڑ کرسرخرو ہونے والی  گجرات ٹائٹنس کی ٹیم تاریخ رقم کرنا چاہےگی۔
 ۲؍ ماہ قبل جب موجودہ آئی پی ایل سیزن شروع ہوا تو شاید ہی کسی نے سوچا ہو گا کہ فائنل کے ٹاس کے لئے سنجو سیمسن اور ہاردک پانڈیا میدان پر اتریں گے۔ ہاردک اور ہیڈ کوچ آشیش نہرا جنہوں نے اپنے کریئر میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں، ان کے لئےیہ۲؍ماہ کا سفر ایک خواب جیسا رہا۔ کرکٹ پنڈتوں سے لے کر ناقدین تک جنہوں نے اس ٹیم کو نیلامی کے بعد جانچے بغیر ہی خطاب کی  دوڑ سے باہر قرار دیا تھا۔تاہم ٹائٹنس نے اپنی کارکردگی سے  ناقدین کو اچھا جواب دیا ہے۔ 
 `’ون میچ ونڈر‘ کہلانے والے راہل تیوتیا اور مسلسل اچھی کارکردگی کامظاہرہ نہیں کرنے والے ڈیوڈ ملر جیسے کھلاڑیوں کی یہ ٹیم  کاغذ پر اتنی مضبوط نہیں لگ رہی تھی  لیکن کرکٹ غیر یقینی صورتحال کا کھیل ہے جس میں قسمت  میدان پر بنتی اور بگڑتی ہے۔ فٹ ہونے کے بعد فارم میں واپس آنے والے ہاردک نے بطور کپتان اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ وہ کپتانی کا دبائو برداشت کئے  بغیر بلے بازی  میں بھی چمکے ہیں۔
 دوسری جانب ۵؍سال سے اپنے فارم کو تلاش کرنے  اور   تڑپنے والے ڈیوڈ ملر نے سب کو حیران کر دیا ہے۔ تیوتیا نے ثابت کیا کہ شارجہ میں ۵؍ چھکے محض ایک ’فلوک ‘نہیں تھے۔ راشد خان نے اپنے ترکش میں کئی نئے تیر جوڑے ہیں جب کہ ردھیمان ساہا نے اپنی کارکردگی سے کم از کم ایک اور سیزن کھیلنے کو یقینی بنایا ہے۔ گجرات کبھی بھی کرکٹ کے شوق کے لئے مشہور نہیں رہا۔اس ریاست سے پارتھیو پٹیل اور جسپریت بمراہ جیسے کھلاڑی ابھرے ہیں، لیکن چنئی سپر کنگز کی کامیابی کے بعد کرکٹ کا جنون تمل ناڈو میں بولنے لگا، وہ اب گجرات میں ہے۔ گجرات کو بھی کھچا کھچ بھرے موٹیرا اسٹیڈیم میں اپنے گھریلو تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔
 دوسری طرف راجستھان ایسے ستارے کیلئے خطاب  جیتنا چاہے گا جو کہیں آسمان سے اس ٹیم کو ضرور دیکھ رہا ہوگا۔ بغیر ستاروں کے نوجوان ٹیم کو پہلا آئی پی ایل خطاب جتانے والے شین ورن کو راجستھان رائلز کی کارکردگی پر فخر  ہورہاہوگا۔ ٹیلنٹ کی بات کریں تو سنجو اور ہاردک میں زیادہ فرق نہیں ہے۔ سنجو ان نایاب کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ہندوستان کیلئے ۲۰؍ میچ بھی نہیں کھیلے لیکن ان کی مقبولیت حیرت انگیز ہے۔
 کپتانی میں کامیابی سے ان کی صلاحیتوں میں مزید نکھار آیا ہے۔ ان کے پاس روی چندرن اشون، یزویندر چہل، جوس بٹلر، ٹرینٹ بولٹ اور یشسوی جیسوال اورپرسدھ کرشنا جیسے نوجوان کھلاڑی ہیں لیکن سنجو نے سب کے ساتھ اچھا تعلق رکھتے ہوئے ٹیم کو یہاں تک پہنچایا ہے۔ اس میچ سے ہیرو بھی نکلیں گے، دل بھی ٹوٹیں گے اور ریکارڈ بھی بنیں گے لیکن یہ میچ ایسا ہو گا کہ کرکٹ شائقین برسوں یاد رکھیں گے۔
اسکواڈ اس طرح ہے:
 گجرات ٹائٹنس: ہاردک پانڈیا (کپتان)، ابھینو منوہر، ڈیوڈ ملر، گُرکیرت سنگھ، بی سائی سدرشن، شبھمن گل، راہل تیوتیا، وجے شنکر، میتھیو ویڈ، رحمان  اللہ گرباز، ردھیمان ساہا، الزاری جوزف، درشن نالکنڈے، محمدسمیع، لوکی فرگیوسن، نور احمد، پردیپ سانگوان، راشد خان، روی سری نواسن سائی کشور، ورون آرون اور یش دیال۔
 راجستھان رائلز: سنجو سیمسن (کپتان)، جوس بٹلر، یشسوی جیسوال، روی چندرن اشون، ٹرینٹ بولٹ، شیمرون ہتمائر، دیو دت پڈیکل، پرسدھ کرشنا، یزویندر چہل، ریان پراگ، کے سی کریپا، نودیپ سینی، اُبید میک کائے، انونئے سنگھ،کلدیپ سین، کرون نائر، دھرو جریل، تیجس باروکا، کلدیپ یادو، شبھم گڑھوال، جیمس نیشام، ناتھن کولٹر نائل، ریسی وین ڈیر ڈوسن، ڈیرل مشیل اور کوربن بوش۔

IPL 2022 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK