Inquilab Logo

آج سے قومی اور بین الاقوامی ستاروں سے مزین آئی پی ایل کا آغاز

Updated: March 31, 2023, 1:06 PM IST | Ahmedabad

پہلے مقابلے میں ہاردک پانڈیا کی قیادت والی گجرات جائنٹز اور تجربہ کار کپتان مہندر سنگھ دھونی کی چنئی سپر کنگز کے درمیان دلچسپ مقابلہ کی امید

Hardik Pandya ready to join hands with Mahendra Singh Dhoni (right). (File Photo)
مہندر سنگھ دھونی(دائیں) کے ساتھ ہاردک پانڈیا دو دو ہاتھ کرنے کیلئے تیار ہیں۔(فائل فوٹو)

انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۳ءکا آغاز جمعہ کو دفاعی چمپئن گجرات ٹائٹنز اور مہندر سنگھ دھونی کی چنئی سپر کنگز کے درمیان مقابلے سے ہوگا۔آئی پی ایل کو سب سے پہلے ہندوستان کا تہوار ۲۰۱۵ءمیں سامنے آئے تھیم سانگ میں کہا گیا تھا اورایسا ہوبھی کیوں نہ، جس ملک میں  سچن تینڈولکر کی پوجا کی جاتی ہے اورکرکٹ کومذہب کے طور پر قبول کیا جاتا ہے، وہاں قومی اور بین الاقوامی ستاروں سے سجی لیگ کو تہوار  کی طرح کیوں نہ منایا جائے؟
 اس ٹورنامنٹ کا آغاز پہلے ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ (۲۰۰۷) کے ۷؍ ماہ بعد ۱۸؍ اپریل ۲۰۰۸ءکو ہوا۔ تقریباً ایک ماہ تک سنسنی خیز اور جوش وخروش سے لبریز میچوں کے بعد یکم جون کو منعقدہ فائنل میں باصلاحیت نوجوانوں سے مزین راجستھان رائلز نے اپنا پہلا آئی پی ایل  خطاب جیت کر ٹورنامنٹ کے ساتھ انصاف کیا۔ آئی پی ایل کو متعارف کرانے کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ بی سی سی آئی ملک میں چھپے نوجوان ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور انہیں بڑے اسٹیج پرنکھارناچاہتا تھا۔ رائلز کی جیت نے کہیں نہ کہیں آئی پی ایل کے اس مقصد پورا کر دیا۔
 اس موضوع پر بحث کی جا سکتی ہے کہ آئی پی ایل کے بعد ہندوستان ایک بار بھی ٹی ۔۲۰؍ ورلڈ کپ نہیں جیت سکالیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اس ٹورنامنٹ نے رویندر جڈیجہ اور جسپریت بمراہ سے لے کر رشبھ پنت اور ارش دیپ سنگھ  جیسے ستاروں کو چمکنے کا موقع دیا۔ ٹائٹنز اور سپر کنگز کی جنگ سے شروع ہونے والا سیزن بھی یقینی طور پر ہندوستانی کرکٹ کو مستقبل کے کچھ اسٹارز دے گا۔
 یہ بھی منطقی ہے کہ دفاعی  چمپئن  گجرات  اور دھونی کی سپر کنگز ٹورنامنٹ کا آغاز کریں گی۔ سپر کنگز بھلے ہی سب سے زیادہ  ٹرافیاں جیتنے کے معاملے میں ممبئی انڈینس سے پیچھے ہو لیکن اس نے سب سے زیادہ بار فائنل میں پہنچ کر اس لیگ کو مقبول بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ تاہم گزشتہ سال اس ٹیم کوٹائٹنز کے خلاف دونوں میچ میں شکست کا سامنا کرناپڑاتھا۔ اس بار دھونی کے دھورندر پہلے میچ میں ہی  ٹائٹنز کو شکست دے کر اپنی مہم کا زبردست آغاز کرنا چاہیں گے۔
 اس میچ کے ساتھ ۴۲؍سالہ دھونی آئی پی ایل میں اپنے آخری سیزن کا آغاز بھی کریں گے۔ اس سیزن میں دھونی پر اپنے جانشین کا انتخاب کرنے کی ذمہ داری ہوگی اور ممکنہ کپتانوں کی فہرست میں سب سے پہلا نام جڈیجہ کا ہی ہوگا۔ گزشتہ سال نصف سیزن تک کپتانی کرتے ہوئے جڈیجہ بھلے ہی اپنی بہترین کارکردگی پیش نہ کرسکے ہوں لیکن اس بار وہ پیلے رنگ میں اپنا فارم حاصل کرکے کپتانی کا دعویٰ مضبوط کرنا چاہیں گے۔
سپر کنگز نے اس سیزن سے پہلے کی نیلامی میں انگلینڈ کے تجربہ کار آل راؤنڈر بین اسٹوکس کو اسکواڈ میں شامل کیا تھا۔ اسٹوکس کچھ ماہ قبل ہی انگلینڈ کی ٹی۔۲۰؍ورلڈ کپ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کرکے آرہے ہیں اور سپر کنگز کو بھی ان کی میچ وننگ کارکردگی کی امید ہوگی۔
 دوسری طرف گجرات ٹائٹنز آئی پی ایل ۲۰۲۲ءکی جیت کے بعد اعتماد سے بھرے ہوں گے اور اس عمل پر قائم رہنا چاہیں گے جس نے انہیں گزشتہ سیزن میں کامیاب بنایا تھا۔ سابق ہندوستان کرکٹر عرفان پٹھان پہلے ہی ہاردک پانڈیا کی کپتانی اور راشد خان کی میچ وننگ لیگ  اسپن پر اعتماد کا اظہار کر چکے ہیں۔ ورلڈ کپ جیتنے والے آف اسپنر ہربھجن سنگھ نے بھی ٹیم کی لچک پر شرط لگائی ہے۔ ۲۰۲۲ءمیں ایک سے بڑھ کر ایک دلچسپ مقابلے دینے والی ٹائٹنز ان ۳؍ عوامل کی بنیاد پر لگاتار دوسرا ٹائٹل جیتنا چاہے گی۔
 بڑے اسکور کے لئے مشہور نریندر مودی اسٹیڈیم میں پہلی اننگز کا اوسط اسکور ۱۶۰؍رن ہے۔ یہاں ہونے والے ۱۰؍ ٹی۔۲۰؍میچوں میں سے ۶؍میں پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم نے کامیابی حاصل کی ہے جبکہ ۴؍میں پہلے گیندبازی کرنے والی ٹیم کو جیت ملی ہے۔ احمد آباد میں جمعہ کو موسم صاف رہنے کی توقع ہے جس کا مطلب ہے کہ تماشائیوں کو بلاتعطل تفریحی کرکٹ دیکھنے کو ملے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK