آخری اوور میں ۹؍جبکہ آخری گیند پر۴؍رنوں کی ضرورت تھی، میزبان ٹیم نے سیریز میں دو ایک سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔
EPAPER
Updated: August 10, 2025, 11:37 AM IST | Dublin
آخری اوور میں ۹؍جبکہ آخری گیند پر۴؍رنوں کی ضرورت تھی، میزبان ٹیم نے سیریز میں دو ایک سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی۔
اورلا پرینڈرگاسٹ (۵۱ رن/ایک وکٹ)، لارا ڈیلانی (۴۲) اور ریبیکا اسٹوکیل (۳۴) کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر آئرلینڈ کی خواتین ٹیم نے دوسرے ٹی۔ ۲۰؍ میچ میں پاکستان کو ۴؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ اس کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے ۳؍ میچوں کی سیریز میں دوصفرکی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
آئر لینڈ کی جیت میں جین میگوائر نے میچ کی آخری گیند پر سکسر مارکر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ آخری اوور میں آئر لینڈ کو جیت کیلئے ۹ ؍رن درکار تھے۔ پہلی گیند پر ایک رن بنا۔ دوسری گیند پر بلے باز رن نہیں بنا سکے۔ تیسری اور چوتھی گیند پر ۲۔ ۲؍ رن بنے۔ پانچویں گیند پر پاکستانی گیندباز نے بلے باز کو آؤٹ کرکے میچ کو دلچسپ بنا دیا۔ اب آخری گیند پر آئر لینڈ کو جیت کیلئے ۴؍رنوں کی ضرورت تھی اور جین میگوائر کریز آئیں اور انہوں نے سکسر مارکر پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
۱۶۹؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے آئرلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی اور ۳۵؍ کے اسکور پر اس کی ۳؍ وکٹیں گر گئیں۔ بحران کے ایسے وقت میں اورلا پرینڈرگاسٹ اور لارا ڈیلانی نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان چوتھی وکٹ کیلئے۷۶؍ رنوں کی شراکت ہوئی۔ پرینڈرگاسٹ نے ۳۴؍ گیندوں میں ۴؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۵۱؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ اس کے بعد فاطمہ ثنا نے لارا ڈیلانی کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پانچویں کامیابی دلائی۔ ڈیلانی نے ۳۴؍گیندوں میں ۵؍ چوکوں کی مدد سے ۴۲؍ رن بنائے۔ آئرلینڈ نے ۶؍ وکٹوں پر ۱۷۱؍رن بنا کر ۴؍ وکٹوں سے میچ جیت لیا۔ جین میگوائر نے ایک گیند کھیلی اور میچ کا فاتحانہ چھکا لگایا۔ ربیکا سٹوکیل کو ۳۴؍ رنوں کی ناٹ آؤٹ اننگز کیلئے `پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے رامین شمیم نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ سعدیہ اقبال اور فاطمہ ثنا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۶۸؍رن بنائے۔ شوال ذوالفقار نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ (۳۳) رن بنائے۔ نتالیہ پرویز نے ۳۱، منیبہ علی نے ۲۷، ایمن فاطمہ نے ۲۳؍، کپتان فاطمہ ثنا نے ۲۳؍اور طوبی حسن نے ناٹ آؤٹ ۱۰؍رن بنائے۔