Inquilab Logo

کیتھرین ٹاپ ۱۰؍میں آنے والی پہلی اسکاٹش کھلاڑی

Updated: June 03, 2021, 3:14 PM IST | Agency | Dubai

اسکاٹ لینڈ کی آل راؤنڈر کیتھرین برایس بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی جاری کردہ خاتون ٹی۲۰؍ رینکنگ میں بلے بازی یا گیندبازی کی فہرست میں ٹاپ ۱۰؍ میں جگہ بنانے والی اسکاٹ لینڈ کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔

Kathryn Emma Bryce.Picture:INN
کیتھرین برایس ۔تصویر :آئی این این

 اسکاٹ لینڈ کی آل راؤنڈر کیتھرین برایس بین الاقوامی کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کی  جاری کردہ خاتون ٹی۲۰؍ رینکنگ میں بلے بازی یا گیندبازی کی فہرست میں ٹاپ ۱۰؍ میں جگہ بنانے والی اسکاٹ لینڈ کی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ برایس نے آئرلینڈ کے خلاف بیل فاسٹ میں ۴؍ میچوں کی ٹی ۲۰؍سیریز میں اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ رن بنانے کی بدولت  یہ کامیابی حاصل کی ہے۔بلے بازی رینکنگ میں ۹؍مقام کی چھلانگ کے ساتھ برایس ۱۰؍ویں مقام پر آگئی ہیں جبکہ آل راؤنڈر رینکنگ میں وہ تیسرے مقام پر قائم ہیں۔ وہیں تازہ ترین رینکنگ میں ہندوستان کی شیفالی ورما نمبرایک پر برقرار ہیں۔ وہیں ٹاپ۱۰؍لسٹ میں سب سے چونکانے والا نام اسکاٹ لینڈ کی کھلاڑی کا ہے، جس نے تاریخ رقم کردی ہے۔ دراصل اسکاٹ لینڈ کے کسی بھی کھلاڑی نے آج تک آئی سی سی کی بلے بازی یاگیندبازی رینکنگ میں ٹاپ  ۱۰؍ میں جگہ نہیں بنائی تھی۔ ایسے میں کیتھرین برایس کاٹاپ ۱۰؍ میں داخل ہونا اسکاٹ لینڈ کرکٹ کیلئے تاریخی کارنامہ ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ۲۳؍ سالہ کیتھرین کو گزشتہ سال دسمبر میں دہائی کی آئی سی سی وومن اسوسی ایشن پلیئر کاایوارڈ بھی ملاتھا۔ اس سے قبل کیتھرین کی بہن سارا برایس بھی اگست۲۰۱۹ء میں ٹی۲۰؍ گیندبازی رینکنگ میں۱۴؍ ویں مقام پررہی تھیں۔ وہیں آف اسپنر ماجد حق نومبر ۲۰۱۳ءمیں مرد ٹی۲۰؍ گیندبازی رینکنگ میں ۱۳؍ ویں مقام پررہے تھے جو اسکاٹ لینڈ کے کھلاڑیوں کے لئے پچھلی  بہترین رینکنگ تھی۔ اسکاٹ لینڈ کیخلاف ٹی۲۰؍ سیریز میں سب سے زیادہ ۱۱۶؍رن بنانے والی بلے باز آئرلینڈ کی گیبی لوئس کو بھی بلے بازی رینکنگ میں ۷؍ مقامات کافائدہ ہوا اوروہ۲۷؍ویں مقام پرپہنچ گئی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK