Inquilab Logo

ڈبلیوٹی سی فائنل کیلئے کوہلی لندن پہنچ گئے،آسٹریلیا کے خلاف مضبوط اعدادو شمار

Updated: May 27, 2023, 11:41 AM IST | London

کوہلی نے لندن پہنچنے کے بعد مداحوں کے ساتھ سیلفی شیئر کی۔کوہلی نے کہا :ہمیں آئی پی ایل کے بعد ٹیسٹ کھیلنا ہے اور تکنیک پر توجہ دینا ہے

photo;INN
تصویر :آئی این این

 ہندوستانی ٹیم اور رائل چیلنجرز بنگلور کے تجربہ کار بلے باز وراٹ کوہلی ۷؍ جون کو لندن کے اوول میں ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی )فائنل کی تیاری کے لئے لندن پہنچ گئے ہیں۔ کوہلی کے ساتھ ہندوستانی ٹیم کے کئی کھلاڑی جن کی ٹیمیں آئی پی ایل۲۰۲۳ء کے پلے آف میں آگے نہیں بڑھ سکیں وہ بھی ٹیسٹ چمپئن  شپ سے قبل پریکٹس کے لئے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں۔
 کوہلی نے جمعہ۲۶؍ مئی کو ایک سیلفی شیئر کی، جس میں انہیں مسکراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کالی ٹی شرٹ اور نیلی جیکٹ پہن رکھی ہے جس میں مماثل ٹوپی اور چشمہ  ہے۔ اسٹار بلےبازوراٹ کوہلی کو انگلینڈ میں وقت گزارنا پسند ہے اور وہ اکثر اپنی اہلیہ انوشکا شرما کے ساتھ چھٹیاں منانے وہاں جاتے ہیں۔
 وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف ڈبلیو ٹی سی فائنل سے قبل ٹاپ فارم میں ہیں۔ کوہلی نے آئی پی ایل۲۰۲۳ء میں یکے بعد دیگرے سنچریاں بنائی ہیں اور۱۴؍ میچوں میں۶۳۹؍رن  بنائے جس میں ۲؍ سنچریاں اور ۴؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ کوہلی اب ٹیم انڈیا کیلئے اچھا پرفارم کرنا چاہیں گے اور ۱۰؍ سال کے بعد ہندوستان کو ایک بار پھر آئی سی سی کا خطاب دلانا چاہیں گے۔ خیال رہے کہ ہندوستان نے آخری بار ایم ایس دھونی کی کپتانی میں آئی سی سی ٹرافی جیتی تھی۔ ۲۰۱۳ء   میں ہندوستانی ٹیم نے انگلینڈ کو شکست دے کر چمپئن  ٹرافی کا خطاب  اپنے نام کیا تھا۔
 وراٹ کوہلی نے حال ہی میں ہندوستان کے لئے  ڈبلیو ٹی سی فائنل جیتنے کے اپنے عزم کے بارے میں بات چیت کی۔ کوہلی نے جیو سنیما کو بتایا’’میرے لئے ، یہ فینسی شاٹس کھیلنے اور اپنے  وکٹ کو بچانے  کے بارے میں نہیں ہے۔ ہمیں آئی پی ایل کے بعد ٹیسٹ کرکٹ ملا ہے، ہمیں اپنی تکنیک کے مطابق رہنا ہے۔‘‘انہوںنے مزید کہاکہ ہماری ٹیم اچھا کھیل رہی ہے اور ہم ٹرافی جیتنے میں کامیاب رہیں گے۔ 
 وراٹ کوہلی نے انگلینڈ میں۱۶؍ ٹیسٹ میچوں میں ۱۰۳۳؍ رن بنائے ہیں جس میں۲؍ سنچریاں اور ۵؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، وراٹ کوہلی نے اپنے ٹیسٹ کریئر میں آسٹریلیا کیخلاف سب سے زیادہ رن  بنائے ہیں ، انہوں نے۲۴؍ میچوں میں ۱۹۷۹ رن بنائے ہیں جن میں ۸؍ سنچریاں اور ۵؍ نصف سنچریاں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK