Inquilab Logo

کرونال پانڈیا نے کریئر کے پہلے یکروزہ میچ میں ریکارڈ بنادیا

Updated: March 24, 2021, 12:21 PM IST | Agency | Pune

سب سے تیز نصف سنچری بناکر انگلینڈ کے جان مورس کا ریکارڈ توڑ دیا۔ سیریز کے پہلے یکروزہ میچ میں ٹیم انڈیا کے ۴؍کھلاڑیوں کی نصف سنچری

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 یہاں انگلینڈ کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں کریئر کےپہلے میچ میں سب سے تیز نصف سنچری بنانے کے بعدہندوستانی بلے باز کرونال پانڈیا اپنے والد کی یاد میں جذباتی ہوگئے۔ رواں سال جنوری میں ان کے والد کا دل کا دورہ پڑنے سے انتقال ہوگیا تھا۔ میچ سے قبل۳۰؍ سالہ کرونال کو ان کے چھوٹے بھائی اور اسٹار آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا نے ٹیم کی کیپ دی تھی۔ کرونال نے اپنی   نصف سنچری صرف۲۶؍گیندوں پر مکمل کی اور انگلینڈ کے جان مورس (۳۵؍گیندوں) کا ڈیبیو میچ میں تیزترین ۵۰؍ رن کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کرونال نے ۳۱؍ گیندوں پر ناقابل شکست ۵۸؍ رن بنانے کے بعد میچ کے براڈکاسٹر سے گفتگو کرتے ہوئے جذباتی ہوگئے تھے۔ بائیں ہاتھ کے بلے بازنے اپنی اننگز میں ۷؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔ نم آنکھوں سے انہوںنے کہا ’’یہ میرے والد کے لئے ہے۔‘‘ پھر ہاردک نے انہیں گلے لگا لیا۔ 
  اس سےقبل  سلامی بلے باز شکھر دھون (۹۸؍رن) صرف ۲؍ رن سے اپنی سنچری سے محروم رہ گئے لیکن ہندوستان نے کپتان وراٹ کوہلی (۵۶؍رن )، وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ۶۲؍رن) اور ڈیبیو میچ کھیلنے والے آل راؤنڈر کرونال پانڈیا (ناٹ آؤٹ ۵۸؍ رن) کی شاندار نصف سنچری سے انگلینڈ کے خلاف پہلے ایک روزہ میچ میں منگل کو ۵۰؍اوور میں ۵؍ وکٹ پر۳۱۷؍ رن کا مضبوط اسکور بنالیا۔ 
 ہندوستان نے اس مقابلے میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کی اور شکھر دھون اور روہت شرما  نے پہلے وکٹ کے لئے۶۴؍ رن جوڑ کر ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ روہت نے۴۲؍ گیندوں پر۲۸؍ رن میں ۴؍ چوکے لگائے جبکہ دھون نے۱۰۶؍ گیندوں پر۹۸؍ رن میں۱۱؍ چوکے  اور ۲؍ چھکے لگائے۔ شکھر گزشتہ کچھ وقت سے خراب فارم سے گزررہے تھے لیکن اس مقابلے میں انہوں نے فارم میں  واپسی کی اور شاندار اننگز کھیلی ۔
 شکھر نے اپنی آخری ون ڈے سنچری۹؍جون ۲۰۱۹ء کو اوول میں آسٹریلیا کے خلاف بنائی تھی۔ روہت کے آؤٹ ہونے کے بعد شکھر نے اپنے کپتان وراٹ کے ساتھ دوسرے وکٹ کیلئے۱۰۵؍ رن کی زبردست شراکت کی۔ وراٹ نے۶۰؍گیندوں پر۵۶؍ رن میں ۶؍ چوکے لگائے۔ وراٹ کا وکٹ۱۶۹؍رن کے اسکور پر گرا۔ نئے بلے باز شریس ایّر ۶؍ رن بناکر جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ایّر کو مارک ووڈ نے متبادل کھلاڑی لیوم لیونگاسٹون کے ہاتھوں کیچ کروایا۔ 
 شکھر آل راؤنڈر بین اسٹوکس کی گیند پر انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن کو کیچ دے بیٹھے۔ شکھر کا وکٹ ۱۹۷؍ رن  کے اسکور پر گرا جبکہ آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا ۹؍ گیندوں میں ایک رن بناکر ٹیم کے۲۰۵؍رن کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ انگلینڈ نے جلدی جلدی ۴؍ وکٹ  لے کر ہندوستان کی حالت خراب کردی لیکن اس کے بعد راہل اور کرونال پانڈیا نے جارحانہ انداز میں بلے بازی کی اور چھٹے وکٹ کے لئے۱۱۲؍ رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کرکے ہندوستان کو ایک مضبوط اسکور پر پہنچا دیا۔  راہل نے۴۳؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۶۲؍ رن میں ۴؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے۔  راہل نے اننگز کی آخری گیند پر مارک ووڈ کی گیند پر  چوکا لگاکر ہندوستانی  اننگز۳۱۷؍ رن پر ختم کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK