• Wed, 11 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیکچرر پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے فیفا صدر کے انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا

Updated: November 11, 2026, 5:04 PM IST | Zurich

عالمی فٹ بال کی سب سے بڑی تنظیم فیفاکی صدارت کے لیے ایک دلچسپ مقابلے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ برطانیہ کی ساؤتھمپٹن سولینٹ یونیورسٹی میں صحافت کے لیکچرر اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے موجودہ صدر جیانی انفانٹینو کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی امیدواری کی کوششیں شروع کردی ہیں۔

Peter.Photo:INN
پیٹر۔ تصویر:آئی این این

 عالمی فٹ بال کی سب سے بڑی تنظیم فیفاکی صدارت کے لیے ایک دلچسپ مقابلے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ برطانیہ کی ساؤتھمپٹن سولینٹ یونیورسٹی  میں صحافت کے لیکچرر اور جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے  نے موجودہ صدر جیانی انفانٹینو  کو چیلنج کرنے کے لیے اپنی امیدواری کی کوششیں شروع کردی ہیں۔ ان کی اس مہم کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ اگر وہ فیفا کے صدر منتخب ہوئے تو سالانہ صرف ایک ڈالر تنخواہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ فیفا جیسے عالمی ادارے کی سربراہی کے لیے انتخابات میں مقابلہ ہونا ضروری ہے اور کسی امیدوار کا بلا مقابلہ منتخب ہونا ادارے میں جواب دہی اور شفافیت کے اصولوں کے لیے مناسب نہیں ہے۔ 
پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے فیفا کے صدارتی انتخاب میں باضابطہ امیدوار بننے کے لیے دنیا کی پانچ قومی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی نامزدگی حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے اس سلسلے میں فیفا کی تمام ۲۱۱؍ رکن فٹ بال ایسوسی ایشنز کو خطوط ارسال کیے ہیں۔ ان کے مطابق اب تک انگلینڈ اور جمائیکا کی فٹ بال ایسوسی ایشنز کی جانب سے انہیں جواب موصول ہوا ہے۔انہوں نے بی بی سی ریڈیو سولینٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ فی الحال ممالک سے ووٹ نہیں مانگ رہے بلکہ ان سے اپنی نامزدگی کی حمایت کرنے کی درخواست کررہے ہیں۔ ان کے مطابق باضابطہ امیدوار بننے کے بعد ہی انہیں دوسرے امیدواروں سے ایسے سوالات کرنے کا موقع مل سکے گا جو انتخابی عمل میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہیں۔امیدواروں کو اپنی امیدواری کی تصدیق ۱۸؍ نومبر ۲۰۲۶ء تک کرنی ہے، جبکہ فیفا کے نئے صدر کا انتخاب مارچ ۲۰۲۷ء میں ہوگا۔  

یہ بھی پڑھئے:کارتک آرین کی فلم’ ’ناگ زیلا‘‘ میں پرتیبھا رنتا شامل نہیں

پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے نے موجودہ فیفا صدر جیانی انفانٹینو کی تنخواہ پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔ ان کے مطابق انفانٹینو نے گزشتہ سال تقریباً ۶؍ ملین ڈالر تنخواہ حاصل کی، جو ان کے خیال میں ضرورت سے کہیں زیادہ ہے۔ انہوں نے تجویز پیش کی ہے کہ فیفا صدر کی سالانہ تنخواہ تقریباً ۴ ؍لاکھ ۵۰ ؍ہزار ڈالر ہونی چاہیے۔ان کا اپنا منصوبہ اس سے بھی مختلف ہے۔ وہ منتخب ہونے کی صورت میں سالانہ صرف ایک ڈالر تنخواہ لینا چاہتے ہیں اور باقی رقم چار سالہ مدت مکمل ہونے کے بعد اسی صورت میں حاصل کرنے کی تجویز رکھتے ہیں جب وہ اپنے انتخابی وعدوں پر پورا اترے ہوں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر کوئی صدر اپنے وعدے پورے نہیں کرتا تو اسے مکمل تنخواہ حاصل کرنے کا حق نہیں ہونا چاہیے۔ پیٹر اوف ڈیر ہائیڈے کا تعلق جنوبی افریقہ سے ہے اور وہ اس وقت برطانیہ کی ساؤتھمپٹن سولینٹ یونیورسٹی میں صحافت کی تدریس کررہے ہیں۔ اس سے قبل وہ جرمنی کی معروف خبر رساں ایجنسی ڈوئچے پریسے ایجنٹور (Deutsche Presse-Agentur) میں اسپورٹس ایڈیٹر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔فٹ بال کے انتظامی شعبے میں بھی انہیں تجربہ حاصل ہے۔ وہ جنوبی افریقہ کی گراہمز ٹاؤن سوکر ایسوسی ایشن کے صدر رہ چکے ہیں اور ۱۹۹۰ء کی دہائی کے ابتدائی برسوں میں سیکنڈ ڈویژن فٹ بال کلب یو ڈی ڈبلیو ایف سی   کے مالک اور منتظم بھی رہے ہیں۔ صحافی کی حیثیت سے انہوں نے مسلسل ۱۳؍ افریقی کپ آف نیشنز ٹورنامنٹس کی کوریج بھی کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی فوجیوں کیلئے کیٹی پیری کا نجی کنسرٹ، چوطرفہ مذمت

اوف ڈیر ہائیڈے کے انتخابی منشور میں ایک اہم تجویز چھوٹی اور ابھرتی ہوئی فٹ بال ٹیموں کے لیے الگ عالمی مقابلے کا انعقاد ہے۔ وہ چاہتے ہیں کہ ایک ۱۶؍ ٹیموں پر مشتمل ’ایمرجنگ نیشنز ورلڈ کپ‘   شروع کیا جائے، جس میں ایسی قومی ٹیموں کو کھیلنے کا موقع ملے جو عام طور پر فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کرپاتیں۔اس مجوزہ مقابلے میں ایسواتینی، انڈورا اور سان مارینو جیسے ممالک کو شامل کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ان کے مطابق ہر ملک کو عالمی سطح پر اپنی فٹ بال صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملنا چاہیے اور اس ٹورنامنٹ میں کامیاب ہونے والی ٹیموں کو مستقبل میں ورلڈ کپ تک پہنچنے کا راستہ بھی مل سکتا ہے۔
انفانٹینو کو دیگر امیدواروں سے بھی مقابلے کا سامنافیفا کے موجودہ صدر جیانی انفانٹینو مارچ ۲۰۲۷ء کے انتخاب میں چوتھی اور آخری مدت کے لیے دوبارہ صدارت حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ تاہم اس مرتبہ انہیں کئی ممکنہ حریفوں کا سامنا ہوسکتا ہے۔ جاپان فٹ بال ایسوسی ایشن کے اعزازی صدر کوزو تاشیما بھی ان کے خلاف انتخاب لڑنے کا ارادہ ظاہر کرچکے ہیں، جبکہ سوئزرلینڈ کے سابق فٹ بالر اور ٹوٹنہم ہاٹسپر کے سابق کھلاڑی رامون ویگا نے بھی مقابلے میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ سابق آرسنل منیجر آرسین وینگر   کے نام پر بھی غور کیا جارہا ہے، تاہم انہوں نے ابھی اپنی امیدواری کی حتمی تصدیق نہیں کی ہے۔ انفانٹینو کی قیادت پر حالیہ مہینوں میں فیفا کے مجوزہ تجارتی منصوبے کو لے کر بھی تنقید ہوئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت فیفا کے مقابلوں میں نجی سرمایہ کاروں کو حصہ داری فروخت کرنے کی تجویز پیش کی گئی تھی، جسے بعد میں واپس لے لیا گیا۔ اس معاملے پر یورپی فٹ بال کی تنظیم یوئیفا سمیت بعض حلقوں نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK