Inquilab Logo

شائقین کی موجودگی میں لیسسٹر سٹی کی فتح

Updated: April 20, 2021, 11:23 AM IST | Agency | London

لیسسٹر ۱۹۶۹ء کے بعد پہلی بار ایف اے کپ کے فائنل میں ۔ چیلسی سےمقابلہ۔ ویمبلی میں ۴؍ہزار شائقین کو داخلے کی اجازت ملی

Kelechi Iheanacho. Picture:INN
کلیچی اہناچو۔تصویر :آئی این این

 کلیچی اہناچوکے گول سے نہ صرف لیسسٹر سٹی فٹبال کلب  ۱۹۶۹ء کے بعد ایف اے کپ کے فائنل میں پہنچاہے بلکہ انہوںنے ویمبلی اسٹیڈیم میں ایک سال کے بعد شائقین کو خوش ہونے کا موقع بھی فراہم کیا ہے۔ لیسسٹر سٹی نے اتوار کی دیر رات ہونے والے ایف اے کپ کے سیمی فائنل میں ساؤتھمپٹن فٹبال کلب کو صفر۔ ایک سے شکست دے دی۔ اب اگلے ماہ فائنل میں اس کا مقابلہ چیلسی فٹبال کلب سے ہوگا جس نے مانچسٹر سٹی کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔  مارچ ۲۰۲۰ء کے بعدسے شائقین کو ویمبلی اسٹیڈیم میں داخلے کی ممانعت تھی کیونکہ اس دوران حکومت برطانیہ نے ۳؍سخت لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا تھا۔ اب کورونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں رعایت دی گئی ہے جس کے بعد ویمبلی اسٹیڈیم میں ۴؍ہزار مضبوط شائقین کو سوشل ڈسٹنٹنگ کے تحت داخلہ دیا گیا تھا۔ ان کے سامنے لیسسٹر سٹی نے ساؤتھمپٹن کو صفر۔ ایک سے شکست دے دی۔  لندن کے معروف اسٹیڈیم میں جن افراد کو داخل ہونے کا موقع ملا تھا وہ شمالی لندن کے مقامی افراد تھے اور ان کی عمر ۱۸؍برس  کے قریب تھی۔ ان سبھی کا کووڈ۱۹؍ ٹیسٹ منفی رہا تھا  اور ٹیم کے ذریعہ ان افراد نے ٹکٹ حاصل کئے تھے۔
 لیسسٹر سٹی فٹبال کلب کے منیجر برینڈن راڈجرس نے کہا ’’ہم نے شائقین میں سے چند کو لیسسٹرسٹی کی حمایت میں آواز بلند کرتے ہوئے سنا تھا۔ یہ سن کر ہمیں بہت اچھا لگ رہا تھا۔ ‘‘انہوںنے مزید کہا کہ شائقین کے ساتھ جڑنے کیلئے یہ ایک بہت اچھا قدم ہے کیونکہ  ان کے بغیر فٹبال کا کھیل ممکن نہیں ہے۔ شائقین  نے بھی اسٹیڈیم میں آنے کے بعد اپنے مثبت ثاثرات کا اظہار کیاہے۔ 
 لیسسٹر سٹی کا ایف اے کپ کے فائنل میں پہنچنا بھی تعجب خیز ہے۔ اس کلب نے ۲۰۱۶ء میں انگلش پریمیر لیگ کا خطاب جیت  کرسبھی کو تعجب میں مبتلاکردیا تھا۔ اس سے پہلے اس کلب نے ۲۰۰۰ء میں لیگ کپ پر قبضہ کیا تھا۔ ایف اے کپ کا فائنل ۱۵؍مئی کو ویمبلی میں کھیلا جائے گااور لیسسٹر اور چیلسی امید کررہے ہیں کہ اس وقت حکومت ۲۱؍ہزار شائقین کو اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت دے۔ حکومت کوشش کررہی ہے کہ ۱۱؍جولائی ۲۰۲۱ء کو  یورو چمپئن شپ سے قبل ۹۰؍ہزار شائقین کی گنجائش والے ویمبلی اسٹیڈیم میں شائقین کی تعداد میں اضافہ کرے ۔ خیال رہے کہ انگلش پریمیر لیگ کے سبھی کلب کو اس سیزن کے ۲؍فائنل راؤنڈکیلئے ۱۰؍ہزارشائقین کو اسٹیڈیم میںداخلے کی اجازت دی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK