Inquilab Logo

ویلاریئل کو شکست دے کر لیورپول چمپئن لیگ کے فائنل میں داخل

Updated: May 05, 2022, 1:04 PM IST | Agency | Villarreal

دوسرے مرحلے کے میچ میں لیورپول نے ویلا ریئل کو اس کے میدا ن پر ۲۔۳؍گول سے شکست دی۔ سادیو نےلیورپول کا تیسرا گول کیا

Liverpool have won a ticket to the final in Paris.Picture:INN
لیورپول نے پیرس میں فائنل کا ٹکٹ کٹا لیا ہے۔ تصویر: آئی این این

چمپئن لیگ کے پہلے مرحلے میں صفر۔۲؍ گول کی برتری حاصل کرنے والی  لیورپول فٹبال کلب کی ٹیم کو لیگ کے دوسرے مرحلے کے میچ میں جدوجہد کرنی پڑی۔ پہلے ہاف میں توا یسا معلوم ہواکہ  لیورپول کی ٹیم چمپئن لیگ سے باہر ہوجائے  گی لیکن دوسرے ہاف میں اس کے کھلاڑیوں نے زبردست کارکردگی کامظاہرہ کرتے ہوئے میچ ۲۔۳؍ گول سے جیت لیا اور۲؍میچوں میں مجموعی طورپر۲۔۵؍ گول کی برتری حاصل کرنے کے ساتھ ہی چمپئن لیگ کے فائنل میں جگہ بھی بنالی۔ لیورپول کی جانب سے ہر بار کی طرح آخری گول سادیو مانے نے کیا ۔  بدھ کی دیر رات کو ہونےوالے میچ  میں انگلش فٹبال کلب لیورپول نے فرسٹ ہاف میں ہی ۲؍گول کھالئے تھے جس سے ایسا لگ رہا تھاکہ ویلا ریئل اپنے میدان پر شاندار کارکردگی پیش کرتے ہوئے لیورپول کو اس ٹورنامنٹ سے باہر کردے گا۔ تاہم میچ کے دوسرے ہاف میںمیچ کا پانسہ پلٹ گیا اور لیورپول نے یکے بعد دیگرے ۳؍گول کرکے فائنل میں جگہ بنالی۔ اب لیورپول کی ٹیم فائنل  پیرس میں کھیلے گی۔  بدھ کو ہونے والے میچ کے تیسرے منٹ میں ویلا ریئل کی جانب سےپہلا گول بی دیا نے کیا۔ انہوںنے ای کیپو کی مدد سے ٹیم کا پہلا گول کرکے اچھا آغاز فراہم کیا۔ اس کے بعد فرسٹ ہاف کے اختتام سے قبل ایف کوکولین نے ای کیپو کی مدد سے ٹیم کا دوسراگول کیا اور مجموعی طورپر اسکور برابر کردیا۔ تاہم میچ کے دوسرے ہاف کی کہانی کچھ الگ تھی۔ ۶۲؍ویں منٹ میں محمد صلاح کی مدد سے فیبنہو نے ٹیم کیلئے پہلا گول کیا۔ اس گول کے۵؍منٹ بعد ہی ایل ڈیاز نے ٹرینٹ الیگزینڈر آرنالڈ کی مدد سے لیورپول کا دوسرا گول کیا۔ میچ کے ۷۴؍ ویں منٹ میں سادیو مانے نے نبی کیتا کی مدد سے ٹیم کا تیسرا گول کرکے اسکور ۲۔۳؍ کردیا۔ دوسرے مرحلےمیں میچ کا اسکور ۲۔۳؍ گول رہا۔ اس طرح لیورپول نے ۲؍مرحلوں کے سیمی فائنل میں ۲۔۵؍ گول سے کامیابی حاصل کرکے فائنل میں قدم رکھ دیا۔ میچ میں ویلا ریئل کے ۲؍گول کرنے میں معاونت کرنے والے ای کیپو کو ۸۵؍ویں منٹ میں ریڈ کارڈ ملا اور وہ میدان سے باہر ہوگئے۔  میچ کے بعد لیورپول کے منیجر یورگین کلوپ نے کہاکہ آپ نے دیکھا ہوگا کہ ویلا ریئل نے کس طرح پہلے ہاف میں ہم سبھی کو اپنے کھیل سے متاثر کیا۔ ایک وقت تو میں بہت خوفزدہ ہوگیا تھا۔ خیال رہے کہ کلوپ کا یہ چوتھا چمپئن لیگ فائنل ہوگا ۔ انہوں نے سب سے زیادہ فائنل میں بحیثیت منیجر شامل ہونے کا ریکارڈ بنایا ہے اور وہ میگوئل میونوز، الیکس فرگیوسن  ، کارلو اینسیلوٹی اور مارسیلو لپی کے کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔  جرمنی سے تعلق رکھنے والے کلوپ نے کہاکہ دوسرے ہاف میں مقابلہ کرنا  اور حریف ٹیم کے خلاف مسلسل گول کرنا ، میری ٹیم کا یہ کھیل بہت متاثر کن رہا۔ انہوںنے مزید کہا کہ ہم خوش ہیں کہ ہم نے فائنل میں جگہ بنالی ہے اور امید کرتے ہیں کہ ۲۰۱۹ء کی کارکردگی دُہراتے ہوئے خطاب پر قبضہ کریں۔ خیال رہے کہ ۲۰۱۹ء میں لیورپول فٹبال کلب نے چھٹی مرتبہ چمپئن لیگ کا خطاب اپنے نام کیا تھا اور اس وقت یورگین کلوپ ہی اس کے منیجر تھے۔
 اس وقت لیورپول زبردست فارم میں ہے ۔ اس سے پہلے اس نے انگلش لیگ کپ فتح کیاہے۔ لیورپول کی ٹیم ایف اے کپ کے فائنل میں بھی موجود ہے۔ اب اس نے چمپئن لیگ کے فائنل میں قدم رکھ دیاہے۔ انگلش پریمیر لیگ میں وہ ٹاپ پوزیشن کی مانچسٹر سٹی کو مسلسل ٹکر دے رہا ہے۔  

liverpool Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK