Inquilab Logo

غوندوغان اور ریاض کی بدولت مانچسٹر سٹی سرفہرست

Updated: January 28, 2021, 2:50 PM IST | Agency | London

ای پی ایل میں مانچسٹر سٹی نے ویسٹ بروموچ کو صفر۔۵؍ سے شکست دی۔ غوندوغان نے ۲؍گول اور ریاض نے ایک گول کیا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں الیکائی غوندوغان اور ریاض محرز نےمانچسٹر سٹی کو ٹاپ پر پہنچا دیا۔ ای پی ایل کے میچ میں مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے ویسٹ بروموچ البیون کو صفر۔۵؍گول سے روند دیا۔ اس میچ میں  غوندوغان نے ۲؍گول کئے اور ایک ایک گول ریاض محرز ، جوآؤ کینسیلو اور رحیم اسٹرلنگ نے کیا۔  مانچسٹر سٹی فٹبال کلب نے اس فتح کے ساتھ ہی ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ وہ مانچسٹر یونائٹیڈ سے ایک پوائنٹ کی برتری لئے ہوئے ہے۔ای پی ایل کے پوائنٹس ٹیبل میں اس کے ۱۹؍میچوں میں ۴۱؍ پوائنٹس ہیں جبکہ یونائٹیڈ کے ۱۹؍میچوں میں ۴۰؍پوائنٹس ہیں۔اس فتح کے ساتھ سٹی کے کھلاڑیوں کے ساتھ اس کے منیجر پیپ گارڈیالا کے چہرے پر بھی بہت خوشی تھی۔  منگل کی رات ہونے والے میچ میں مانچسٹر سٹی نے بیرون شہر میچ کھیلتے ہوئے حریف ٹیم پر اس کے ہی میدان پر زبردست دباؤ ڈالا۔ میچ کے چھٹےہی منٹ میں غوندوغان نے جوآؤ کینسیلو کی مدد سے پہلا گول کیا اور صفر ۔ایک کی برتری حاصل کی۔ ۲۰؍ویں منٹ میں جوآؤ کینسیلو نے برنارڈو سلوا کی مدد سے ٹیم کا دوسرا گول کیا۔۲؍گول کے بعد بھی سٹی نے اپنی رفتار کم نہیں کی، غوندوغان نے ۳۰؍ویںمنٹ میں ایک اورگول کرکے اسکور صفر۔۳؍ کردیا۔ فرسٹ ہاف کے انجری ٹائم میں ریاض محرز نے رحیم اسٹرلنگ کی مدد سے ٹیم کاچوتھا گول کردیا اور فرسٹ ہاف ہی میں حریف ٹیم کی شکست یقینی کر دی۔ 
 میچ کے دوسرے ہاف میں صرف ایک ہی گول ہوا اور وہ بھی رحیم اسٹرلنگ نے ریاض محرز کی مدد سے کیا۔ انہوںنے یہ گول ۵۷؍ویں منٹ میں کیا اور حریف ٹیم کو شکست سے دوچار کردیا۔ میچ میں ۲؍یلوکار ڈ ملے اور یہ دونوں ویسٹ  بروموچ کے کھلاڑی ہال رابسن اور دارا وشیا کو ملے۔  منگل کی رات ہونےوالے میچ میں ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کے تعلق سے تنازع بھی ہوا جس  پر سٹی کے منیجر پیپ گارڈیالا نے کہا’’وی اے آر کی حالت اچھی نہیں ہے اس لئے ہمیں آخر تک ایکشن کا انتظار کرنا پڑے گاکیونکہ آپ بتا نہیں سکتے کہ کیا ہونے والا ہے۔ آپ کو یہ بھی معلوم نہیں ہوتا کہ گول تسلیم کیا جائے گا یا پھر نامنظور ہو گا۔ اس لئے آپ کو آخر تک ایکشن کا انتظار کرنا پڑتاہے۔‘‘سٹی نے لیگ میں براہ راست ۷؍ویں کامیابی حاصل کی ہے اور سبھی ٹورنامنٹ میں اس کی ۱۱؍ویں فتح تھی۔ اس طرح کے نتائج سے سٹی کے حوصلے بڑھ رہے ہیں۔ اس سیزن میں سٹی کی ٹیم ۹؍ویں ٹیم ہے جس نے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔اس سے پہلے ایسا ۸۷۔۱۹۸۶ء کے سیزن میں ہوا تھا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK