بالآخر سات بارہ ریکارڈ میں اصغر علی ووہرا کا نام درج ہوگیا۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 11:58 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Bhayandar
بالآخر سات بارہ ریکارڈ میں اصغر علی ووہرا کا نام درج ہوگیا۔
میراروڈ کے اندرلوک فیز ۶؍ میں واقع سروے نمبر ۱۱۵/۶تا ۱۲۱۰؍ کی زمین کا سات بارہ بالآخر وزیر اعظم نریندر مودی کے بچپن کے دوست اصغر علی ووہرا کے نام پر درج ہو گیا ہے۔ ۱۹؍ سال تک جاری رہنے والی قانونی جدوجہد کے بعد تحصیلدار نے ۲۵؍ نومبر کو حکم جاری کرتے ہوئے ۱۹۸۹ء کے پہلے رجسٹرڈ خریدی قرارنامہ کو ہی درست مانا ہے۔ اصغر علی ووہرا داؤد ووہرا نے یہ زمین ۲۸؍نومبر ۱۹۸۹ء کو خریدی تھی۔ ۲۰۰۹ء میں سات بارہ پر دونوں کے نام چڑھائے گئے تھے۔ لیکن بعد میں وارث کی جانچ اور دیگر تنازعات کے نام پر ان کا نام سات بارہ سے کم کر دیا گیا اور ان کی خرید و فروخت ایگریمنٹ و قبضے کو تسلیم نہیں کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ریاست میں اب ہر قانونی فلیٹ کا الگ ’ورٹیکل پراپرٹی کارڈ‘ بنے گا
پال فرنانڈیس کا دعویٰ
نومبر ۲۰۰۸ء میں پال انٹونی فرنانڈیس نے وسئی کورٹ میں دعویٰ دائر کیا تھا کہ یہ زمین ان کی ہے اور ووہرا کا اس پر کوئی حق نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ۱۹۹۹ء کے ایگریمنٹ کے مطابق یہ جگہ انہیں فروخت کی گئی تھی۔بعد میں ۲۰۱۴ء میں مارون فرنانڈیزنے دعویٰ کیا کہ پال اور روز فرنانڈیز کے انتقال کے بعد ان کا بڑا بھائی جوزف ہی واحد وارث ہے۔ اس تنازع پر عدالت نے ووہرا کو زمین کے ۵۰؍ فیصد حصے پر سات بارہ پر نام چڑھانے کا حکم دیا تھا۔
تعمیراتی اجازت منسوخ
دریں اثنا ۲۰۱۹ء میں مکیش پاریکھ اور سندیپ پارڈکر کی رضامندی سے یہ جگہ بی جے پی رکن اسمبلی نریندر مہتا کی سیون الیون کنسٹرکشن کمپنی نے خریدی تھی۔ میونسپل کارپوریشن نے دونوں کو تعمیراتی اجازت دی تھی مگر ووہرا کی شکایت کے بعد تعمیراتی اجازت منسوخ کر دی گئی تھی۔
پاور آف اٹارنی میں فراڈ کا الزام
دوسری جانب سویہ بلڈر کے شراکت دار لالجی بھائی گووند بھائی سولنکی نے ۲۰۱۱ء میں نوٹری ایگریمنٹ کے ذریعے اس زمین کا ۴۰۰؍مربع میٹر حصہ خریدا تھا۔ ووہرا کا الزام ہے کہ سویہ بلڈر اور ان کے ساتھیوں نے سازش کر کے کُل مختار نامہ ( پاور آف اٹارنی)۱۴۵/۱۳ میں کاٹ چھانٹ کر کے حصہ نمبر ۱۳؍ کا ۶؍ ایکڑ ۵؍ گنٹھے کا حصہ فروخت کیا اور اسی بنیاد پر تعمیراتی اجازت حاصل کیا۔ اس معاملے میں حکومت کی جانب سے ۲۰۱۵ءمیں سویہ بلڈر اور ان کے ساتھیوں کے خلاف بھائندر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’چیلنجز کا مقابلہ دین پر استقامت اور اسلامی تعلیمات کو اختیار کرکےکریں‘‘
وزیر اعظم سے ملاقات
عدالت میں تسلی بخش فیصلہ نہ ملنے پر ووہرا نے رواں سال ستمبر کے مہینے میں اپنے بچپن کے دوست وزیر اعظم نریندر مودی سے مل کر اپنے کےخلاف ہونے والی ناانصافی پر کارروائی کی درخواست کی تھی۔ اس کے بعد وزیر اعظم دفتر سے احکامات جاری ہوئے، میونسپل کارپوریشن نے تعمیراتی اجازت منسوخ کیا اور مہینہ بھر میں تقریباً ۱۹؍بار سماعت ہوئی۔تحصیلدار نے تمام دستاویزات کی جانچ کے بعد ۱۹۸۹ء کے پہلے رجسٹرڈ ایگریمنٹ کو قابل قبول مانا اور پوری زمین کا سات بارہ دوبارہ اصغر علی ووہرا کے نام پر درج کرنے کا حکم دیا۔اس فیصلے کے بعد ووہرا نے کہا’’ شکریہ مودی جی، آخر کار ۱۹؍ سال کے طویل انتظار کے بعد مجھے انصاف مل گیاہے۔‘‘