پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم پر کی جانے والی تنقید جائزہے ۔
EPAPER
Updated: January 08, 2021, 12:07 PM IST | Agency | Lahore
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم پر کی جانے والی تنقید جائزہے ۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا خیال ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر ٹیم پر کی جانے والی تنقید جائزہے ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق نے کہا کہ ان کی ٹیم نے گیندبازی ، بلے بازی اور فیلڈنگ تینوں شعبوں میں اپنی صلاحیتوں سے کم کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں پر کی جانے والی تنقید درست ہے۔ مداح ہم پر تنقید کرتے ہیں کیونکہ وہ ہماری صلاحیتوں پر یقین رکھتے ہیں اور پاکستانی ٹیم نے کئی مراحل پر ان صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا ہے۔ ہم نے پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن آخر دم تک مقابلہ کیا اور میچ کو آخری ۵؍اوور تک لے گئے تھے۔ ہم نے وہ ٹیسٹ میچ تقریبا ً بچالیا تھا جس کے بعد لوگوں کی اگلے ٹیسٹ کے لئے ٹیم سے اچھی توقعات وابستہ ہو گئی تھیں۔تاہم اگر آپ کی کارکردگی کا میعار گرجائے تو آپ پر ہونے والی تنقید بالکل جائز ہے ۔ مصباح الحق نے اس بات کی نشاندہی کی کہ پاکستانی ٹیم کو ٹیسٹ میچ کے دوران جو مواقع ملے ان سے فائدہ اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم مایوس ہیں کیونکہ ہم گیندبازوں کی جانب سے پیدا کردہ مواقع سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔اس دورے کے دوران ہمارا بڑا مسئلہ فیلڈنگ کے دوران کیچ چھوڑنا تھا جس کی وجہ سے سیریز برابر کرنے کا موقع بھی ہاتھ سے نکل گیا۔ ہمیں اپنی فیلڈنگ میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ مصباح الحق نے مزید کہا کہ ٹیم انتظامیہ جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ گھریلو سیریز کے لئے کسی تبدیلی کو حتمی شکل دینے سے قبل نیوزی لینڈ سیریز میں کی گئی غلطیوں کا تجزیہ کرے گی۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ۴۶؍سالہ مصباح نے کہا کہ اب ہمیں جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے جو ہمارے لئے اچھا موقع ہے کہ شاندار کرکٹ کھیل کر اپنے اعتماد کو بحال کریں۔ہم گھریلو حالات اور جنوبی افریقی ٹیم کو دیکھتے ہوئے تبدیلیاں کریں گے۔ مصباح الحق نے مزید کہاکہ قومی ٹیم کے انتخاب کے موقع پر گھریلو سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو بھی سامنے رکھا جائے گا۔