Inquilab Logo

مشیل مارش کی آل راؤنڈ کارکردگی،آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو۴؍رنوں سےہرا دیا

Updated: July 16, 2021, 2:06 PM IST | Agency | Sydney

مشیل مارش کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا نے چوتھے ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے میں ۴؍رنوں سے ہرادیا۔

Mitchell Marsh.Picture:INN
مشیل مارش۔تصویر :آئی این این

مشیل مارش کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا  نے چوتھے ٹی۔ ۲۰؍کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو سنسنی خیز مقابلے میں ۴؍رنوں سے ہرادیا۔آسٹریلیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مارش اور آرون فنچ کی ہاف سنچریوں کی بدولت مقررہ ۲۰؍اووروں میں ۶؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۸۹؍رن بنائے تھے۔فتح کا پیچھا کرتے ہوئے ونڈیز ٹیم نے زبردست مقابلہ کیا لیکن آخر میں اسے۴؍ رنوں سے شکست کامنہ دیکھنا پڑا۔  ویسٹ انڈیز کے افتتاحی بلے باز لینڈل سمنس اور لیون لوئس نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا اور دونوں نے پہلے وکٹ کیلئے محض ۲۹؍ گیندوں پر۶۲؍رن جوڑ ڈالے۔ لوئس۱۴؍ گیندوں پر ۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے کی مدد سے ۳۱؍رن بناکر ایڈم زمپا کی گیندپر بولڈ ہوئے۔ گزشتہ میچ میں ہاف سنچری بنانے والے کرس گیل اس میچ میں صرف ایک رن بناکر مشیل مارش کی گیندپر آؤٹ ہوئے۔ دوسرے کنارے پر سمنس نے جارحانہ بلے بازی جاری رکھی۔ چوتھے نمبر پر بلے باز کیلئے آنے والے آندرے فلیچر بھی زمپا کی گیند پر۶؍رن بناکر بولڈ ہو گئے۔ ۹۷؍رن پر ۳؍وکٹ گنوانے کے بعد ویسٹ انڈیز کو جیت کےلئے ۵۷؍گیندوں پر ۹۲؍رنوں کی ضرورت تھی۔  کپتان نکولس پورن نے سمنس کے ساتھ ٹیم کو آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان ہونے والی ۳۵؍رنوں کی شراکت سے ایسا لگنے لگا کہ آسٹریلیا گزشتہ ۳؍میچوں کی طرح یہ میچ بھی ہار جائےگا۔ ایسے میں مشیل مارش نے ۱۶؍ویں اوور میں لگاتار ۲؍گیندوں پر پورن اور سمنس کو آؤٹ کرکے کھیل کا نقشہ بدل دیا۔سمنس نے ۴۸؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۰؍چوکوں اور ۲؍چھکوں کی مدد سے ۷۲؍رن بنائے۔ ویسٹ انڈیز کو اب ۲۷؍گیندوں پر ۵۸؍ رنوں کی ضرورتھی او ر کریز پر آندرے رسل اور فیبین ایلن موجود تھے۔دونوں نے ۱۷؍ ویں اوور میں۱۰؍اور ۱۸؍ویں اوور میں۱۱؍رن بنائے۔ کریبیائی ٹیم کو آخری۲؍اوور میں ۳۶؍ رنوں کی ضرورت تھی۔ایلن نے ۱۹؍ ویں اوور میں ریلے میرڈتھ کی گیندوں پر لگاتار ۳؍چھکے مار دئیے۔ اس اوور میںرسل اور ایلن نے ۲۵؍رن جوڑے لیکن آخری گیند پر ایلن اپنا وکٹ گنوا بیٹھے۔آخری اوور میںجیت کےلئے ویسٹ انڈیز کو فتح کیلئے ۱۱؍رنوں کی ضرورت تھی اور اسٹرائک پر آندرے رسل تھے۔ ایسے میں مشیل مارش نے سمجھ داری سے گیندبازی کرتے ہوئے اپنے اوور میں صرف ۷؍رن ہی دئیے اور آسٹریلیا نے یہ میچ ۴؍رنوں سے جیت لیا۔۵؍ٹی۔۲۰؍میچوں کی سیریز میں ویسٹ انڈیز۱۔۳؍سے آگے ہے۔اس سے قبل آسٹریلیا کیلئے مشیل مارش نے بلے بازی کرتے ہوئے ۷۵؍رن بنائے تھے۔گیندبازی کرتے ہوئے انہوںنے ونڈیز کے ۳؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK