Inquilab Logo

آسٹریلیا کے خلاف بہتر کھیلنے کی تحریک ملتی ہے: وراٹ کوہلی

Updated: June 07, 2023, 11:47 AM IST | London

کوہلی نے کہا:میں آسٹریلیا کی ذہنیت اور ان کی حکمت عملی کو اچھی طرح سمجھتا ہوں، اس کے مطابق کھیلتا ہوں

photo;INN
تصویر :آئی این این

ہندوستانی ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل سے قبل کہا ہے کہ آسٹریلیا کی مہارت اور مسابقتی رویہ‘ انہیں بہتر کھیلنے کی ترغیب دیتا ہے۔ کوہلی نے اسٹار اسپورٹس کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ ’’میں  آسٹریلیا کی  ذہنیت کو اچھی طرح سمجھتا ہوں۔ اتنے مسابقتی لوگ،۱۱؍ میں سے۱۱؍ ایک ہی سمت میں سوچتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ میچ میں کیا ہو رہا ہے۔ انہیں جہاں موقع ملتا ہے اس کا فائدہ اٹھانے کے بارے میں سوچتے ہیں۔ ایسی ٹیم کیخلاف میری تحریک میں مزید اضافہ ہوجاتا ہے۔‘‘
 انہوں نے کہا  ’’ایسی ٹیم جو اتنی مسابقتی ہے اورجس کی مہارت اتنی زیادہ ہے، ایسی ٹیم کے خلاف مجھے اپنے کھیل کی سطح کو بڑھانا ہی پڑتا ہے۔ اس ٹیم کی مہارت ایسی ہے کہ ایک بار آگے آنے پریہ آپ کو میچ میں واپس آنے کا موقع ہی نہیں دیں گے۔ اسی وجہ سے مجھے اپنا کھیل دوسری سطح پرلے جانا ہی پڑے گا۔‘‘ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ڈبلیو ٹی سی فائنل بدھ کو یہاں اوول گراؤنڈ میں شروع ہوگا۔ کوہلی نے میچ سے قبل کہا کہ اوول میں بیٹنگ کرنا آسان نہیں ہوگا اور بلے بازوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہوگی۔کوہلی نے کہا’’میرے خیال میں اوول چیلنجنگ ہو گا، ہمیں فلیٹ پچ نہیں ملے گی اور بلے بازوں کو محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ نظم و ضبط پر توجہ مرکوز کرنی ہو گی۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK