Updated: November 18, 2025, 4:06 PM IST
|
Agency
| Mumbai
رنجی ٹرافی : ممبئی نے ۵؍وکٹ پر ۶۳۰؍رن بناکر اننگز ڈکلیئر کردی،سرفراز خان کی ہاف سنچری،مہمان ٹیم نے ۴۳؍رنوں پر ۴؍وکٹیں گنوا دیں۔
ممبئی کے بلے باز سرفراز خان(دائیں)اور سدھیش لاڈ نے چوتھے وکٹ کیلئے ۱۶۰؍رنوں کی پارٹنرشپ نبھائی۔ تصویر،انقلاب:اتل کامبلے
سدھیش لاڈ کی کریئر کی بہترین ۱۷۰؍رنوں کی اننگز کے بعد کپتان شاردُل ٹھاکر کے ۳؍ وکٹوں کی بدولت ممبئی نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ میچ کے دوسرے دن پیر کو یہاں پہلی اننگز ۵؍وکٹوں پر ۶۳۰؍ رنوں پر ڈکلیئر کرنے کے بعد، پڈوچیری کے ۴۳؍رن پر ۴؍ وکٹیں گرا کر میچ پر اپنی مضبوط گرفت قائم کر لی۔
شاردُل ٹھاکر نے ۳۲؍ گیندوں پر ۵۶؍ رن (ریٹائرڈ ہرٹ) کی جارحانہ اننگز کھیلنے کے بعد، پڈوچیری کی اننگز کی پہلی ۳؍ گیندوں میں ۲؍ وکٹیں حاصل کیں اور دن کا کھیل ختم ہونے پر ان کا اعداد و شمار ۱۷؍ رن دے کر۳؍ وکٹ تھا۔ پڈوچیری کی ٹیم پہلی اننگز میں ممبئی سے ۵۸۷؍ رن پیچھے ہے۔ اسٹمپ کے وقت موہت کالے (۱۳) اور کپتان ساگر اُدیشی (۱۰) کریز پر موجود تھے۔ ٹھاکر نے نین کنگاین (صفر) کو پہلی گیند پر بولڈ کرنے کے بعد پارس رتن پارکھے کو تیسری گیند پر بغیر کھاتہ کھولے ایل بی ڈبلیو کیا۔ انہوں نے نئی گیند سے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے آنند سنگھ بینس (۵) کو وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ کروایا۔
اس سے قبل سدھیش لاڈ نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنی ۱۳؍ویں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے ۲۸۵؍گیندوں پر ۱۷۰؍ رنوں کی اننگز کے دوران ۱۹؍ چوکے اور ۴؍ چھکے لگائے ۔ یہ ان کی مسلسل دوسرے میچ میں سنچری تھی۔ وکٹ کیپر آکاش آنند (ناٹ آؤٹ ۱۰۷) نے اپنے نویں فرسٹ کلاس میچ میں تیسری سنچری مکمل کی۔ حالانکہ شاندار بلے باز سرفراز خان اچھی شروعات کو اپنے معیار کے مطابق بڑی اننگز میں تبدیل نہیں کر پائے۔ وہ ۱۱۳؍گیندوں پر ۶۷؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔انہوں نے لاڈ کے ساتھ چوتھی وکٹ کےلئے۱۶۰؍ رنوں کی شراکت قائم کرتے ہوئے ممبئی کےا سکور کو ۴۰۰؍ رن کے قریب پہنچایا۔
لاڈ نے سرفراز خان کے آؤٹ ہونے کے بعد آنند کے ساتھ پانچویں وکٹ کیلئے۱۱۰؍ رنوں کی شراکت کر کے پڈوچیری کے گیند بازوں کو پریشان کیا۔ وہیںآنند اور ٹھاکر نے اس کے بعد محض ۶۸؍ گیندوں پر ۱۰۰؍ رنوں کی شراکت قائم کر کے میچ پر ممبئی کا شکنجہ کس دیا۔
جموں اور کشمیر بمقابلہ حیدرآباد
جموں میں کھیلے جا رہے میچ میں جموں اور کشمیر نے حیدرآباد پر ۳۲۴؍رنوں کی سبقت حاصل کر کے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔ پہلی اننگز میں ۴۹؍رنوں کی برتری حاصل کرنے کے بعد، جموں اور کشمیر نے دوسرے دن کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں ۴؍ وکٹوں پر ۲۷۵؍رن بنائے، جس میں سلامی بلے باز کامران اقبال (۵۰)، عبدالصمد (ناٹ آؤٹ ۷۷) اور کنہیا واڈھوان (ناٹ آؤٹ ۸۲) نے نصف سنچریاں بنائیں۔
راجستھان بمقابلہ دہلی
راجستھان نے مہپال لومرور (ناٹ آؤٹ ۱۲۸) اور کارتک شرما (۱۲۰) کی سنچریوں کی بدولت دہلی کے خلاف۷؍ وکٹوں پر ۵۷۰؍ رن بنا کر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کر دی۔ سچن یادو (۱۳۰) اور کنال سنگھ راٹھور (۱۰۲) نے میچ کے پہلے دن اپنی سنچریاں مکمل کی تھیں۔ اسٹمپ کے وقت دہلی نے بغیر کسی نقصان کے۸؍ رن بنائے تھے۔
ارمان جعفر ڈبل سنچری سے محروم
میزوم کیلئے کھیلنے والے ارمان جعفر نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور ۱۹۳؍رن بنائے۔میزورم نے بہار کے خلاف پہلی اننگز میں ۵۰۹؍رن بنائے۔جواب میں بہار نے ایک وکٹ کے نقصان پر۲۴۰؍رن بنا لئے تھے۔