Updated: August 29, 2026, 3:09 PM IST
| New Delhi
ہندوستان کے اسٹار جیولین تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا ٹخنے میں لیگامنٹ پھٹنے کے باعث رواں سیزن کے بقیہ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ انجری کے سبب وہ ڈائمنڈ لیگ فائنل کے ساتھ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے، جسے ہندوستان کی میڈل مہم کیلئے بڑا دھچکا قرار دیا جارہا ہے۔
نیرج چوپڑا۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کے اسٹار جیولین تھرو ایتھلیٹ نیرج چوپڑا ٹخنے میں انجری کے باعث رواں سیزن کے بقیہ مقابلوں سے باہر ہوگئے ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس کے گولڈ میڈلسٹ نیرج چوپڑا ٹخنے میں لیگامنٹ پھٹنے کی وجہ سے ڈائمنڈ لیگ فائنل کے ساتھ ساتھ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز ۲۰۲۶ء میں بھی شرکت نہیں کرسکیں گے۔ حال ہی میں گلاسگو میں اختتام پذیر ہونے والی ۲۰۲۶ء کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے نیرج نے آخری مرتبہ لوزان ڈائمنڈ لیگ میں حصہ لیا تھا، جہاں انہوں نے ۰۵ء۸۸؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ رواں سیزن کی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ تاہم ٹخنے کی انجری نے ان کی اس سیزن کی مہم کا اختتام کردیا۔ نیرج چوپڑا نے ایک بیان میں کہا، ’’کافی عرصے کی محنت کے بعد بالآخر مجھے محسوس ہورہا تھا کہ لوزان میں سیزن کی بہترین تھرو کے ساتھ وہ رفتار حاصل کررہا ہوں جس کی مجھے تلاش تھی۔ بدقسمتی سے اس کے کچھ ہی عرصے بعد ٹریننگ کے دوران میرے ٹخنے میں لیگامنٹ پھٹ گیا۔ ڈاکٹر اور اپنی ٹیم سے مشاورت کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس سیزن کے بقیہ مقابلوں میں حصہ نہیں لوں گا۔‘‘
نیرج نے رواں سال تین بڑے مقابلوں میں شرکت کی
لوزان ڈائمنڈ لیگ نیرج چوپڑا کا رواں سال تیسرا بڑا ٹورنامنٹ تھا۔ اس سے قبل انہوں نے دوحہ ڈائمنڈ لیگ اور کامن ویلتھ گیمز میں حصہ لیا تھا۔ طویل عرصے تک انجری کے باعث میدان سے باہر رہنے کے بعد نیرج نے دوحہ میں واپسی کی، جہاں وہ ۶۹ء۸۵؍ میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے۔ اس کے بعد گلاسگو کامن ویلتھ گیمز میں انہوں نے اپنی کارکردگی بہتر بنائی اور ۸۳ء۸۵؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ سلور میڈل حاصل کیا۔ سری لنکا کے ابھرتے ہوئے اسٹار رومیش تھرنگا پاتھراجے نے ۷۵ء۸۹؍ میٹر کی تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا تھا۔ کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل حاصل کرنے کے بعد لوزان ڈائمنڈ لیگ کو نیرج کیلئے ایشین گیمز کی تیاری کا اہم مرحلہ سمجھا جارہا تھا۔ جاپان میں ہونے والے ایشین گیمز میں ۲۸؍ سالہ نیرج سے ہندوستان کیلئے ایک اور میڈل جیتنے کی بڑی امیدیں وابستہ تھیں۔
یہ بھی پڑھئے: نیرج چوپڑا نے ڈائمنڈ لیگ فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا
’’مایوسی ہوئی، لیکن ناکامیاں سفر کا حصہ ہیں‘‘
نیرج چوپڑا نے اپنی انجری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’یہ مایوس کن ہے، خاص طور پر اس لیے کہ مجھے محسوس ہورہا تھا کہ میں اپنی کارکردگی کی صحیح تال کے قریب پہنچ گیا ہوں۔ لیکن ناکامیاں سفر کا حصہ ہوتی ہیں۔ اب میری توجہ اچھی طرح صحت یاب ہونے اور مزید مضبوط ہوکر واپسی پر ہے۔‘‘ نیرج چوپڑا کی عدم شرکت ایشین گیمز میں ہندوستان کی میڈل مہم کیلئے بڑا دھچکا قرار دی جارہی ہے۔ ایشین گیمز کا آغاز ۱۹؍ ستمبر سے ہوگا۔