Inquilab Logo

نیوزی لینڈ نے دوسرا ٹیسٹ اننگزسے جیت لیا، سیریزمیں برابری

Updated: January 12, 2022, 1:19 PM IST | Agency | Christchurch

دوسرے ٹیسٹ میں میزبان ٹیم نے اننگز اور ۱۱۷؍رن سے کامیابی حاصل کرلی۔ راس ٹیلر نے اپنے کریئر کے آخری میچ میں وکٹ لیا

The New Zealand team and Ross Taylor can be seen with their children.Picture:INN
نیوزی لینڈ کی ٹیم اور راس ٹیلر اپنے بچوں کے ساتھ دیکھے جاسکتے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

کائل جیمیسن (۸۲؍ رن پر ۴؍ وکٹ) اور نیل ویگنر (۷۷؍ رن پر ۳؍ وکٹ) کی مدد سے نیوزی لینڈ نے بنگلہ دیش کو دوسرے کرکٹ ٹیسٹ کے تیسرے دن منگل کو اننگز اور۱۱۷؍ رن سے ہراکر۲؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز ۱۔۱؍ سے برابر کرلی ۔نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز ۶؍ وکٹ پر ۵۲۱؍ رن بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ بنگلہ دیش پیر کو اپنی پہلی اننگز میں۴۱ء۲؍ اوورس میں۱۲۶؍ رن پر سمٹ گیا تھا اور وہ اپنی پہلی اننگز میں۳۹۵؍ رن سے پیچھے رہنے کے بعدمنگل کو فالو آن کھیلنے پر مجبور ہوا ، اس کی دوسری اننگز۷۹ء۳؍ اوورس پر۲۷۸؍ رن پر سمٹ گئی۔ پہلا ٹیسٹ ۸؍ وکٹوں سے ہارنے والے نیوزی لینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میں شاندار واپسی کی اور ۳؍ دن کے اندر ہی میچ برابرکر دیا۔ ڈبل سنچری بنانے والے ٹام لاتھم کو پلیئر آف دی میچ اور ڈیون کونوے کوپلیئر آف دی  سیریز  قرار دیا گیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے لٹن کمار داس نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی تاہم وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ لٹن  داس نے ۱۱۴؍ گیندوں پر۱۴؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ۱۰۲؍ رن بنائے۔ ۸؍ویں بلے باز کے طور پر جیمیسن نے انہیں ایل بی ڈبلیو آؤٹ کروایا۔ کپتان مومن الحق نے۶۳؍ گیندوں پر۴؍ چوکوں کی مدد سے۳۷؍ رن  بنائے جبکہ نورالحسن نے۵۴؍ گیندوں پر۷؍ چوکوں کی مدد سے۳۶؍ رن بنائے۔ مہمان ٹیم بنگلہ دیش کے اوپنر شادمان اسلام نے۲۱؍ اور محمد نعیم نے ۲۴؍ رن بنائے۔ نجم الحسین شانتو نے۲۹؍رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کے راس ٹیلر نے بنگلہ دیش کی اننگز کا آخری وکٹ لے کر اپنے ٹیسٹ کریئر کو الوداع کہہ دیا۔ نیوزی لینڈ کے لیے جیمیسن نے۱۸؍ اوور میں ۸۲؍ رن دے کر ۴؍ وکٹ اور ویگنر نے۲۲؍ اوورس میں۷۷؍رن دے کر۳؍ وکٹ لئے۔ ٹم ساؤدی، ڈیرل مشیل اور راس ٹیلر نے ایک ایک وکٹ  لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK