کیپ ورڈے کے ڈیفینڈر لوپیز نے اپنی ٹیم اور گول کیپر ووزنہاکی بھرپور ستائش کی ،اس چھوٹے سے ملک نے ارجنٹائنا کو فتح کیلئے ناکوں چنے چبوادئیے
EPAPER
Updated: July 05, 2026, 8:28 AM IST | Miami
کیپ ورڈے کے ڈیفینڈر لوپیز نے اپنی ٹیم اور گول کیپر ووزنہاکی بھرپور ستائش کی ،اس چھوٹے سے ملک نے ارجنٹائنا کو فتح کیلئے ناکوں چنے چبوادئیے
فیفا عالمی کپ کے راؤنڈ آف ۳۲؍ کے ایک انتہائی اہم مقابلہ میں موجودہ چمپئن ارجنٹائنا نے کیپ وردے کو ۲۔۳؍سے شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا لیکن یہ تو ہوا میچ کا ایک پہلو ، اس کا انتہائی دلچسپ اور شاندار پہلو یہ ہے کہ کیپ ورڈے کی ٹیم نے نہ صرف ارجنٹائنا جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ اسٹیڈیم سمیت پوری دنیا کے شائقین کا دل جیت لیا۔
جب کھیل ختم ہوا تو ارجنٹائنا کی فتح کے باوجود اسٹیڈیم میں موجود شائقین کیپ وردے کیلئے تالیاں بجا رہے تھے۔ اس میچ کے سب سے بڑے ہیرو رہے کیپ ورڈے کے ۴۰؍ سال کے گول کیپر ووزنہا جنہوں نے ارجنٹائنا جیسی انتہائی مضبوط ٹیم کے حملوں کو نہ صرف ناکام کیا بلکہ انہوں نے کم از کم ۴؍ مرتبہ لیونل میسی کے گول روک لئے۔یہ دیکھ کر اسٹیڈیم سے لے کر ٹی وی اسکرین کے شائقین تک حیرت زدہ تھے کہ دنیا کے سب سے بڑے ’پلے میکر ‘کے گول ایک گول کیپر اتنی آسانی سے روک رہا ہے۔یہ بھی فٹ بال شائقین نے بہت کم دیکھا ہے کہ کوئی معمولی سی ٹیم، ورلڈ چمپئن کے سامنے اس طرح سے بڑھ بڑھ کر حملے کررہی تھی اور ایک نہیں بلکہ دو مرتبہ اس نے برابری کے گول کئے۔ اگر میچ میں کچھ وقت اور رہتا تو ممکن تھا کہ وہ تیسری مرتبہ بھی برابری کا گول کردیتی۔ اس شاندار کھیل پر کیپ ورڈے کے ڈیفینڈر لوپیز نے اپنے گول کیپر ووزنہا کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ اس سے کہیں بہتر کا حقدار ہے۔ اس نے پورے ٹورنامنٹ میں کئی گول بچاکر ہمارے پورے ملک کا سر فخر سے اونچا کردیا۔ اب دنیا میں کوئی نہیں پوچھے گا کہ کیپ ورڈے کہا ں ہے کیوں کہ یہ اب سبھی کے دل میں ہے۔
ارجنٹائنا اور کیپ وردے کے درمیان مقابلہ میں آخری سیٹی بجتے ہی کیپ ورڈے کے اسٹرائیکر نونو ڈا کوسٹا شکست کا دکھ برداشت نہ کر سکے اور میدان پر بیٹھ کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ یہ لمحہ انتہائی جذباتی تھا۔ روتے ہوئے نونو ڈا کوسٹا کو دیکھ کر ان کی اہلیہ اور بیٹا لوئیس ان کے پاس پہنچے۔ دونوں نے کوسٹا کو گلے لگایا، ان کے آنسو پونچھے اور انہیں دلاسہ دیا۔ والد کی آنکھوں میں آنسو دیکھ کر لوئیس بھی آبدیدہ ہو گیا۔ خاندان کی اس محبت اور ساتھ کو دیکھ کر وہاں موجود تماشائی بھی جذباتی ہو گئے۔ یہ لمحہ چند ہی منٹوں میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ سوشل میڈیا پر کئی لوگوں نے اس لمحہ کو ’فیفا عالمی کپ۲۰۲۶ء‘ کا سب سے جذباتی لمحہ قرار دیا ہے۔
اگرچہ کیپ ورڈے کے پہلے فیفا عالمی کپ کا سفر راؤنڈ آف ۳۲؍ میں ختم ہو گیا لیکن تقریباً ۵ء۵؍ لاکھ کی آبادی والے اس چھوٹے سے افریقی ملک نے ،جو براعظم افریقہ کے مغربی جانب واقع بہت چھوٹاسا جزیرہ ہے، اپنے جذبے، شاندار کارکردگی اور جدوجہد سے پوری دنیا کے کروڑوں شائقین کا دل جیت لیا۔