Inquilab Logo

پال پوگبا کے گول نے مانچسٹر یونائٹیڈ کوای پی ایل میں ٹاپ پرپہنچا دیا

Updated: January 14, 2021, 12:03 PM IST | Agency | Burnley

برنلے کے خلا ف ہونے والے ای پی ایل کے میچ میں یونائٹیڈ کی صفر۔ ایک سے فتح۔ میچ کے دوسرے ہاف میں پال پوگبا نے شاندار گول کیا

Picture.Picture :INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

انگلش پریمیر لیگ (ای پی ایل ) میں اس وقت ٹاپ پوزیشن کیلئے زبردست مقابلہ آرائی جاری ہے۔ لیورپول فٹبال کلب چند ہفتوں سے ٹاپ پوزیشن پرتھا  لیکن منگل کی دیررات پول پوگبا نے اسے اس پوزیشن سے بے دخل کردیا۔ مانچسٹر یونائٹیڈ فٹبال کلب نے منگل کی دیر رات ای پی ایل کے میچ میں برنلے فٹبال کلب کو صفر۔ ایک سے شکست دے دی۔  اس فتح کے بعد یونائٹیڈ کے ۱۷؍میچوں میں ۳۶؍پوائنٹس ہوگئے ہیں اور وہ لیورپول فٹبال کلب سے ۳؍پوائنٹس کی برتری لئے ہوئے ہے۔ اتوار کو ان دونوں کلبوں کے درمیان مقابلہ ہوگا اور اس میں  یونائٹیڈ کے پاس  اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنے کا موقع رہے گا جبکہ لیورپول کو دوبارہ سرفہرست حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔  میچ کے اسکور سے ہی ظاہر ہوتاہے کہ اس کے فرسٹ ہاف میں کوئی گول نہیں ہوا ہوگا۔ میچ کے پہلے ہاف میں کئی مرتبہ فاؤل ہوا اور یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں لیوک شا اور برونو فرنانڈیس کو ریفری نے یلوکارڈ دکھایا۔ میچ کے دوسرے ہاف میں برنلے فٹبال کلب کے کھلاڑی ایشلے ویسٹ ووڈ کو یلوکارڈ ملا۔ برنلے کے کھلاڑیوں نے اس میچ میں زبردست دفاع کا مظاہرہ کیا اور یونائٹیڈ کے کھلاڑیوں کو گول کرنے کیلئے جدوجہد پر مجبور کر دیا۔ میچ بغیر گول کے آگے بڑھ ہی رہا تھا کہ مارکس رشفورڈ نے کراس پاس دیا اور وہ سیدھے پال پوگبا کے پاس گیا۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے یونائٹیڈ کے کھلاڑی نے کوئی غلطی نہ کرتے ہوئے زبردست والی کک لگائی  اور گیند دفاعی کھلاڑیوں اور گول کیپر کو پار کرتی ہوئی سیدھے جال میں جاپھنسی۔۷۱؍ویں منٹ میں ہونے والے گول کے بعد کوئی اور گول نہ ہو سکا اور یونائٹیڈ نے صفر۔ ایک سے کامیابی کے بعد ۳؍پوائنٹس بھی حاصل کرلئے۔ 
 میچ کے بعد گول کرنے والے پوگبا نے کہا ’’یونائٹیڈ کو اس وقت خاموشی اختیار کرنی چاہئے اور اتوار کو ہونےو الے بڑے مقابلے کی تیاری کرنی چاہئے۔ ‘‘یاد رہے کہ اتوار کو مانچسٹر یونائٹیڈ کی ٹیم لیورپول کے گھریلو میدان اینفیلڈ کا دورہ کرے گی جہاں اسے میچ جیتنےکیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانا ہوگا کیونکہ اینفیلڈ لیورپول کا مضبوط قلعہ ہے۔ فرانس سے تعلق رکھنے والے فاتح کلب کے کھلاڑی نے کہا’’ہمیں معلوم تھا کہ برنلے کے خلاف کامیابی ہمیں ٹاپ پوزیشن پر پہنچا دے  گی۔ ہم لیورپول سے مقابلےسے قبل ای پی ایل کی ٹاپ پوزیشن پر ہوں گے۔ اب اتوار کو ہمارے لئے سب سے بڑا چیلنج ہوگا اور ہمیں پرسکون رہتے ہوئے اس مضبوط ٹیم کاسامنا کرنا ہوگا۔ دیکھتے ہیں اگلے میچ میں کیا ہوتاہے۔‘‘ مانچسٹر یونائٹیڈ گزشتہ ۱۵؍بیرون شہر مقابلوں میں ناقابل شکست رہا ہے۔ ان میں سے ۱۲؍میچوں میں اس نے کامیابی حاصل کی ہے۔ اسے گزشتہ سال اینفیلڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیورپول سے مقابلے کے تعلق سے یونائٹیڈ کے منیجر گنر اولے سولشائر نے کہا ’’ٹیم بڑے میچ کیلئے تیار ہے اور وہ پُر اعتماد ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا’’ہم بیرون شہر میچوں میں اچھی کارکردگی  پیش کررہے ہیں۔ ہمیں خود پر اعتماد ہے اور ہم اپنی اس مہم کو جاری رکھیں گے۔ ٹیم کو خود پر یقین ہے اور وہ اچھا کام کررہی ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہاکہ اتوار کو ہماری سب سے بڑی آزمائش ہے کیونکہ ہمارا مقابلہ چمپئن سے ہوگا اور اس کی ٹیم بہت مضبوط ہے۔

paul pogba Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK