Inquilab Logo Happiest Places to Work

حیدرآباد کو شکست دے کر پشاور زلمی پی ایس ایل۱۱؍کی چیمپئن بن گئی

Updated: May 04, 2026, 7:15 PM IST | Karachi

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو ۵؍ وکٹوں سے ہرا کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ زلمی نے ۹؍سال بعد خطاب جیتا ہے۔

Peshawar Zalmi.Photo:X
پشاور زلمی۔ تصویر:ایکس

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے فائنل میں پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کو ۵؍ وکٹوں سے ہرا کر دوسری مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ زلمی نے ۹؍سال بعد خطاب جیتا ہے۔ پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگزمین کا ۱۳۰؍ رنز کا ہدف ۱۶؍ویں اوور کی دوسری گیند پر ۵؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ 
حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے دیے گئے ۱۳۰؍ رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کا پہلا وکٹ ۶؍ رنز پر گرا، محمد حارث ۶؍ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، ٹیم کی دوسری وکٹ ۷؍کے اسکور پر اس وقت گرا جب کپتان بابر اعظم شارٹ مارنے کے چکر میں وکٹ کیپر کے ہاتھوں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ 
پشاور زلمی کی تیسری وکٹ ۳۳؍ اور چوتھی وکٹ ۴۰؍ رنز پر گری، کوشال مینڈس ۹؍ اور مائیکل ۴؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تاہم پانچویں وکٹ پر ایرون ہارڈی اور عبدالصمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ۸۵؍ رنز کی پارٹنرشپ بنائی اور ٹیم کو فتح کی لکیر عبور کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ 
ایرون ہارڈی نے دباؤ کی صورتحال میں ۳۶؍ گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کی، وہ ۵۶؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عبدالصمد ۴۸؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پشاور زلمی کی جانب سے وننگ شاٹ فرحان یوسف نے لگایا اور ٹیم کو ۹؍ سال بعد پی ایس ایل ٹائٹل جتادیا۔ حیدرآباد کنگزمین کی جانب سے محمد علی نے ۳؍ جبکہ عاکف جاوید اور حنین شاہ نے ایک ایک وکٹ لی۔  
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کے خلاف حیدرآباد کنگزمین  مشکلات کا شکار ہوئی، اور پوری ٹیم ۱۸؍ اوورز میں ۱۲۹؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، صائم ایوب ۵۴؍ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ 
پشاور زلمی کے خلاف حیدرآبادکنگز مین کی پہلی وکٹ ۱۶؍رنز پر گری، معاذ صداقت ۱۱؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، دوسرے نمبر پر کپتان مارنوس لیبوشین ۲۰؍ رنز بناکر ۵۱؍رن کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد عثمان خان بھی ۸؍ رنز بنا کر پویلین کی جانب روانہ ہوگئے۔ حیدرآباد کنگزمین کی چوتھی وکٹ ۷۲؍ رنز پر گری چوتھے کھلاڑی عرفان نیازی تھے جو صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے، گلین میکسویل بھی بغیر کوئی رن بنائے۷۲؍رن کے اسکور پر آؤٹ ہوگئے اور کوشال پریرا بھی ان کے فوراً بعد ڈریسنگ روم کی جانب ایک  رن بنا کر چلے گئے یوں کنگزمین کے۷۳؍ پر ۶؍کھلاڑی آؤٹ ہوگئے۔ زلمی کے خلاف حیدرآباد کنگزمین کی ساتویں وکٹ ۹۰؍ رنز پر گری، کنگزمین کے حسان خان ۱۲؍ رنز بناکر واپس لوٹ گئے۔ ۱۰۸؍رن پر ۹؍ رنز بنانے والے حنین شاہ اور ۱۲۳؍رن کے مجموعے پر صائم ایوب جبکہ ۱۲۹؍ پر ۵؍ رنز بنانے والے عاکف جاوید آؤٹ ہوئے۔  ون ڈاؤن پوزیشن پر بیٹنگ کےلیے آنے والے صائم ایوب نے شاندار ففٹی بنائی اور ۵۴؍ رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ 

یہ بھی پڑھئے:سلمان خان کی شریک اداکار پوجا ڈڈوال، ممبئی کی ایک چال سے ٹفن سروس چلارہی ہیں


پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی ۴؍ وکٹیں لے کر نمایاں رہے، ناہید رانا نے ۲؍ جبکہ سفیان مقیم اور محمد باسط نے ایک ایک وکٹ لی۔ پشاور زلمی کے آل راؤنڈر ایرون ہارڈی کو پلیئر آف دی فائنل قرار دیا گیا جبکہ سفیان مقیم کو ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:میں ۶؍ میں سے ایک متاثرہ ہوں:، وِنیش پھوگاٹ نے برج بھوشن سنگھ پر پھر الزامات لگائے


دیگر ایوارڈز کی بات کی جائے تو لیگ کے بہترین بولر سفیان مقیم کو فضل محمود کیپ دی گئی جنہوں نے ٹورنامنٹ میں ۲۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ بابر اعظم ۵۸۸؍ رنز کے ساتھ بہترین بیٹر قرار دیے گئے اور انہیں گولڈن بیٹ کے ساتھ ساتھ حنیف محمد کیپ بھی دی گئی۔پشاور زلمی کے فرحان یوسف ٹورنامنٹ کے بہترین فیلڈر قرار پائے، اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان بہترین آل راؤنڈر، پشاور زلمی کے کوشل مینڈس بہترین وکٹ کیپر، حیدرآباد کنگزمین کے حُنین شاہ ایمرجنگ پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قرار پائے۔ آصف یعقوب کو پی ایس ایل الیون کا بہترین امپائر قرار دیا گیا۔ حیدرآباد کنگزمین کی ٹیم کو اسپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ دیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK