Inquilab Logo

ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اس سال ٹی ۔۲۰؍سیریز کا امکان

Updated: March 26, 2021, 11:24 AM IST | Agency | New Delhi

پاکستانی اخبار نے ذرائع کے حوالے سے خبر شائع کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ۳؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں کی سیریز کےلئے ۶؍دنوں کی ’ونڈو‘ تلاش کی جا رہی ہے،پی سی بی نے لاعلمی کا اظہار کیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔تصویر :آئی این این

 آئی سی سی ٹی۔۲۰؍ ورلڈ کپ میں ہندوستان اور اس کے دیرینہ حریف پاکستان کے درمیان مقابلہ ہوسکتا ہے لیکن اس سے پہلے ایسی خبریں آ رہی ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ایک بار پھر بین الاقوامی کرکٹ کے تعلقات بحال ہوسکتے ہیں۔دونوںٹیموں کے درمیان ٹی۔۲۰؍ کی مختصر سیریز کھیلے جانے کا مکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔یاد رہے کہ سرحد پر جاری تناؤ کی وجہ سے طویل عرصہ سے دنوں ٹیموں کے درمیان باہمی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے۔ پاکستان کے اخبار کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان اور پاکستان اس سال ٹی۔۲۰؍میچوں کی ایک چھوٹی سیریز کھیل سکتے ہیں۔اخبار نے ایک اہم ذرائع  کے حوالے سے خبر شائع کی ہے کہ پاکستان  اپنے پڑوسی ملک ہندوستان کے ساتھ ایک بین الاقوامی سیریز کھیلنے پرغور کر رہا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے ایک عہدیدار نے پہلے تو اس تعلق سے کچھ کہنے سے انکار کیا لیکن بعد میں انہوںنے کہا کہ انہیں اس سیریز کی تیاری کےلئے کہا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق دونوں ٹیمیں صرف ۳؍ ٹی۔۲۰؍ میچوں کی بین الاقوامی سیریز میں شرکت کر سکتی ہیں اور اس کےلئے ۶؍دنوں کی ونڈو تلاش کی جا رہی ہے کیوں کہ ہندوستان کا کرکٹ شیڈیول کافی مصروف ہے۔اخبار نے دعویٰ کیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان اگر سیریز کھیلی جاتی ہے تو ہندوستانی ٹیم پاکستان کے دورے پر آئےگی کیوںکہ پچھلی بارجب ۱۳۔۲۰۱۲ء میںدونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کھیلی گئی تھی تو پاکستان نے ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر احسان مانی نے کہا ہے کہ اس سیریز کے تعلق سے ابھی تک ان سے کسی نے رابطہ نہیں کیا ہے اور نہ ہی اس سلسلے میں ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے ان سے بات چیت کی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ۲۰۱۲ء کے بعد سے کوئی بھی کرکٹ سیریز نہیں کھیلی گئی ہے حالانکہ دونوں ٹیمیں آئی سی سی کے ٹورنامنٹوں میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ضرور ہیں۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ہندوستان میں منعقد ہونے والے ٹی۔۲۰؍ عالمی کپ کےلئے ہندوستانی حکومت پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں اور افسران کے ساتھ ساتھ مداحوں کو بھی ویزا دینے کے بارے میں غور کر رہا ہے۔یاد رہے کہ حال ہی میں شوٹنگ ورلڈ کپ میں شرکت کےلئے پاکستانی کھلاڑیوں کو ہندوستان نے ویزا  جاری کیا تھا۔خبروں میں یہ بھی کہا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے تحفظات پر ۳۱؍مارچ اور یکم اپریل کو بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی)کی ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں بھی بات کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK