Inquilab Logo

ممبئی انڈینس کے سامنے آج راجستھان رائلزکا چیلنج

Updated: April 30, 2023, 9:46 AM IST | Mumbai

کپتان روہت کی سالگرہ کے موقع پر ٹیم کے باہر ہونے کاخطرہ۔ راجستھان کے بلے باز اچھے فارم میں ہیں

Captain Rohit Sharma
کپتان روہت شرما

برے دور سے نبرد آزما ممبئی انڈینس کو اپنے کپتان روہت شرما کی سالگرہ پر پلے آف سے باہر ہونے کا خطرہ ہے۔ دراصل ۳۰؍ اپریل کو کپتان روہت اپنی۳۶؍ ویں سالگرہ منائیں گے۔ ان کی ٹیم بھی ہر شعبہ میں ناکام رہی ہے۔ اگر ان کی ٹیم راجستھان رائلز کے خلاف ہاتی ہے تو ان کی مشکلات بڑھ جائیں گی۔ ممبئی کو راجستھان رائلز کے بلے بازوں پر قابو پانے کے لئے اپنی پوری کوشش کرنی ہوگی۔
 راجستھان اس وقت پوائنٹس ٹیبل میں اچھی پوزیشن میں ہے جس نے پچھلے میچ میں چنئی سپر کنگز کے خلاف یکطرفہ انداز میں کامیابی حاصل کی تھی۔ آخری۳؍ میں سے ۲؍ میچ ہارنے کے باوجود سنجو سیمسن کے کھلاڑی ہر شعبے میں شاندار فارم میں ہیں۔ دوسری جانب ممبئی کی ڈیتھ اوورس بولنگ کا سلسلہ بدستور تشویشناک ہے جس کی وجہ سے اسے آخری ۲؍ میچوں میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم میں گزشتہ ہفتے کے میچ میں  ممبئی کے گیند بازوں نے آخری ۵؍ اوورس میں ۹۶؍ رن دے کر پنجاب کو ایک کرشماتی کامیابی حاصل کرنے کا موقع فراہم کیاتھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے گجرات ٹائٹنس کے خلاف آخری۲۴؍ گیندوں پر۷۰؍ رن دئیے۔ ممبئی کے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کو بھی بہتر کارکردگی پیش کرنی ہوگی کیونکہ راجستھان کی بلے بازی میں کافی گہرائی ہے۔ روہت شرما، ایشان کشن اور سوریہ کمار یادو کو اپنی کارکردگی میں مستقل مزاجی لانا ہوگی۔
 ممبئی انڈینس فی الحال ۱۰؍ ٹیموں میں ۸؍ ویں نمبر پر ہے۔ بولنگ میں یہ دیکھنا ہوگا کہ کہنی کی انجری میں مبتلا انگلینڈ کے جوفرا آرچر کھیلنے کے لئے فٹ ہیں یا نہیں۔ جیسن بہرنڈورف، ریلی میریڈیتھ اور ارجن تینڈولکر مہنگے ثابت ہوئے ہیں۔ دوسری طرف راجستھان کے بلے باز اس پچ پر ۲۰۰؍ سے زیادہ رن بنا سکتے ہیں۔ ان کے پاس جوس بٹلر اور یشسوی جیسوال جیسے ٹاپ آرڈر بلے باز ہیں، جب کہ سنجو سیمسن، دیو دت پڈیکل، شیمرون ہتمائر اور دھرو جریل مڈل آرڈر میں ہیں۔ دھرو نے مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ راجستھان کی سب سے بڑی طاقت اس کی گیند بازی ہے جس میں یزویندر چہل اور روی چندرن اشون جیسے اسپنر ہیں۔ ان دونوں نے ۸؍ میچوں میں مجموعی طور پر۲۳؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز ٹرینٹ بولٹ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ۶؍ میچوں میں ۹؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔ممبئی انڈینس کو پلے آف کی دوڑ میں برقرار رہنے کیلئے راجستھان رائلز کو شکست دینا لازمی ہے کیونکہ اب ٹی ۲۰؍لیگ دوسرے مرحلے میں پہنچ چکی ہے جہاں مقابلہ آرائی بہت زیادہ ہے۔ 

IPL 2023 Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK