Inquilab Logo

بائرن کو ہراکر ریئل میڈرڈ فائنل میں داخل

Updated: May 10, 2024, 11:34 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

جوسیلو نے آخری۳؍منٹ میں ۲؍گول کرتے ہوئے میونخ کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

Joselo scored for Real Madrid in the 88th minute of the game and in stoppage time. Photo: INN
جوسیلو نے ریئل میڈرڈ کیلئے کھیل کے ۸۸؍ویں منٹ اور اسٹاپیج ٹائم میں گول کئے۔ تصویر : آئی این این

چمپئن لیگ ۲۰۲۲ءکے کوارٹر فائنل میں چیلسی کے ہاتھوں شکست کے بعد سےریئل میڈرڈ نے ہوم گراؤنڈ سینٹیاگو برنابیو میں اپنی ناقابل شکست مہم کو برقرار رکھتے ہوئے بائرن میونخ کو بھی شکست دے دی۔ یہ مقابلہ ریئل میڈرڈ نے ایک کے مقابلے ۲؍گول سے جیتا اور مجموعی طور پر اس نے بائرن میونخ کے خلاف ۳۔ ۴؍سے کامیابی حاصل کی۔ واضح رہے کہ سیمی فائنل کا پہلا لیگ ۲۔ ۲؍سے برابر رہا تھا۔ 
چمپئن لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں ریئل میڈرڈ کے اسٹرائیکر جوسیلو نے آخری لمحات میں ۳؍ منٹ میں ۲؍ گول کر تے ہوئے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ ان کی اس شاندار کارکارکردگی کی بدولت ریئل میڈرڈ اب اپنے ۱۵؍ویں خطاب سے صرف ایک جیت دور ہے۔ ۲؍جون کو انہیں لندن کے ویمبلے اسٹیڈیم میں ڈورٹمنڈ بوروشیا سے مقابلہ کرنا ہے جس نے اس سے قبل سیمی فائنل میں پی ایس جی کو شکست دی تھی۔ 
جرمنی کے جوسیلو کا شاندار کھیل
  جرمنی کے اسٹرائیکر جوسیلو نے جرمن لیگ کی ٹاپ ٹیموں میں سے ایک بائرن میونخ کو خطاب کی دوڑ سے باہر کرکے مایوس کردیا۔ کھیل کے ۸۲؍ ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی کے طور پر آنے والے جوسیلو نے آخری۳؍ منٹ(۸۸) کے اندر پہلا گول کر کے ریئل میڈرڈ کو برابری دلا دی۔ اس کے بعد انہوں نے اسٹاپیج ٹائم کے پہلے منٹ میں دوسرا گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی اور یہ گول فیصلہ کن ثابت ہوا۔ 
 بائرن کیلئے ڈیوس کی محنت رائیگاں 
 کھیل کے ۶۸؍ویں منٹ تک دونوں ٹیموں کی جانب سے گول کرنے کئی کوششیں کی گئیں لیکن کوئی بھی کامیاب نہیں ہوسکا۔ بائرن میونخ کے اسٹرائیکر الفونسو ڈیوس نے شاندار گول کر کے ٹیم کو برتری دلا دی۔ اس کے گول کے بعد ٹیم نے ۲۰؍منٹ تک اس برتری کو برقرار رکھا اور شائقین کو لگا کہ شاید بائرن فائنل میں رسائی حاصل کر لے گی لیکن ریئل میڈرڈ کے ونیسیئس جونیئر کی جانب سے شاندار شاٹ ایک ہی بار میں نہ پکڑنے کی وجہ سے نیور کے سامنے کھڑے جوسیلو کی ریباؤنڈ کک پر برتری سے محروم ہونا پڑا۔ اسی دوران جوسیلو نے روڈیگر کے شاندار کراس پر دوسرا گول کیا۔ ابتدائی طور پر اس گول کو آف سائیڈ قرار دیا گیا تھا لیکن’وار‘ (VAR)تحقیقات کے بعد اسے درست قرار دیا گیا 
 وار کی نیّا پار
اس دلچسپ میچ میں وی آر اے ’وار‘کے استعمال نے ۲؍ نتائج کو مکمل طور پر الٹ دیا۔ ۷۳؍ویں منٹ میں ریئل میڈرڈ نے کارنر کک پر گول کر دیا لیکن وی اے آر سے معلوم ہوا کہ کپتان ناچو نے کِمِچ کا چہرہ پکڑ کر دھکا دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی کھیل کے اسٹاپیج ٹائم میں کئے گئے دوسرے گول کو ابتدائی طور پر آف سائیڈ قرار دیا گیا، لیکن وی آر اے(وار)تحقیقات سے معلوم ہوا کہ گیند جوسیلو سے آگے تھی، اس لئے گول کو آن سائیڈ قرار دیا گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK