Inquilab Logo

ریئل میڈرڈکا ۳۵؍ویں مرتبہ لالیگا خطاب پر قبضہ

Updated: May 02, 2022, 1:50 PM IST | Agency | Madrid

لالیگا میں اسپانیول کو صفر۔۴؍ سے شکست دے کر مطلوبہ ایک پوائنٹ حاصل کرلیا۔ روڈریگو نے ۲؍گول کئے۔ دوسرے ہاف میں کریم بینزیما نے بھی ایک گول کیا

Picture.Picture:INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

دنیائے فٹبال کے مشہور کلب ریئل میڈرڈ نے روڈریگو کے۲؍گول کی بدولت اسپانیول کوصفر۔۲؍سے شکست دے کر مطلوبہ پوائنٹس حاصل کرکے۴؍ میچ قبل ہی لالیگا خطاب ۳۵؍ ویں مرتبہ اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔  ریئل میڈرڈ کوخطاب پرقبضہ کرنے کیلئے  صرف ایک پوائنٹ درکار تھا اوراسپانیول کے خلاف برازیلین اسٹار روڈریگو کے پہلے ہاف میں ۲؍گول اور دوسرے ہاف میں مارکو ایسنسیو اور کریم بینزیما کے گول کی مدد سے یہ ہدف حاصل کرلیا۔ ریئل  میڈرڈ نے واضح برتری کے ساتھ۱۷؍ پوائنٹس حاصل کر لئے۔ دوسرے نمبر پر موجود سیویلا سے بہت آگے ہے اور ابھی۴؍ میچ کھیلنے ہیں، بارسلونا کے ایک میچ باقی ہے لیکن وہ۱۸؍ پوائنٹس کی دوری پر ہے۔  چمپئن کلب گزشتہ برس نومبر سے ہی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست تھا اور یہ اعزاز اس کیلئے  اچانک حاصل نہیں ہوا بلکہ پہلے سے واضح نظر آرہا تھا کیونکہ وہ کئی ماہ سے لیگ میں اپنی برتری ثابت  کررہا تھا۔  دوسری جانب سے بارسلونا اور سیویلاکی کارکردگی میں تنزلی ہوئی جس کے نتیجے میں ریئل  میڈرڈ کے کامیابی کے مواقع مزید روشن ہو گئے۔ ریئل  میڈرڈ لالیگا میں کامیابی کے بعد چمپئن لیگ کے سیمی فائنل کے دوسرے مرحلے پر توجہ دے گا جو بدھ۴؍ مئی کو ریئل میڈرڈ کے گھریلو میدان پر کھیلا جائے گا۔ قبل ازیں گزشتہ ہفتے ریئل میڈرڈ کو۳۔۴؍ سے شکست ہوئی تھی تاہم اب اسے یورپین لیگ کے ایک اور فائنل تک رسائی کیلئے مزید محنت درکار ہوگی۔ ریئل  میڈرڈ کے کوچ کارلو اینسیلوٹی نے اسپانیول کے خلاف میچ کے پہلے ہاف کے لئے کریم بینزیمااور وینیشیس جونیئر کو آرام کا موقع دیا تھا اور اس موقع کو روڈریگو نے قیمتی بناتےہوئے فرسٹ ہاف میں۲؍ گول کردیئے۔
 روڈریگو نے میچ کے۳۳؍ ویں منٹ میں میڈرڈ کو برتری دلائی اور اس مرحلے میں اپنا صرف دوسراگول کرتے ہوئے اپنے ہم وطن مارسیلو کے ساتھ جگہ بنائی۔انہوں نے پہلا گول ماریانو ڈیاز کی مدد سے کیا جنہوں نے غیرمعمولی کارکردگی پیش کرتے  ہوئے گیند ان تک پہنچائی اور انہوں نے گول کیپر ڈیاگو لوپیز کو ناکام بنادیا۔ دوسرے ہاف میں کریم بینزیما بھی میدان میں آئے تو۵۵؍ ویں منٹ میں ایسنسیو نے گول کیا جس کے بعد بینزیما نے اپنے تجربے کا فائدہ اٹھایا۔ کریم بینزیما نے اس کے ساتھ رواں سیزن میں اپنے ۴۲؍ گول مکمل کئے اور میڈرڈ کو ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے بنیادی کردار ادا کیا اور اس کے ساتھ اینسیلوٹی یورپین لیگ کے تمام مرکزی۵؍ ٹائٹلز جیتنے والا پہلے کوچ بن گئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK