Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ کی شاندار فتح، بینزیما کے ۲؍گول

Updated: August 30, 2022, 1:05 PM IST | Agency | Barcelona

لالیگا کے میچ میں ایسپینول فٹبال کلب کو ۱۔۳؍ گول سے شکست دےدی۔کریم بینزیما کے ۲؍ گول کے ساتھ ساتھ وینشیس جونیئر نے بھی ایک گول کیا

Karim Benzema .Picture:INN
کریم بینزیما۔ تصویر:آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا میں ریئل میڈرڈ کا جلوہ اب بھی برقرار ہے اور اس کے کھلاڑی مسلسل اچھا مظاہرہ کر رہے ہیں۔اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈر ڈ فٹبال کلب نے  ایسپینول فٹبال کلب کو ایک کے مقابلے ۳؍گول سے شکست دے کر ۳؍پوائنٹس حاصل کئے۔ اس فتح کے ساتھ ہی وہ لالیگا کے ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن پر برقرارہے اور اس نے ا س سیزن میں ہونے والے اب تک کے سبھی ۳؍ میچ جیتے ہیں۔  ریئل میڈرڈ کی جانب سے کریم بینزیما مسلسل اچھا مظاہر ہ کررہے ہیں۔ حال ہی میں یوئیفا کی جانب سے سال کے بہترین کھلاڑی منتخب کئے جانے کے بعد میدان پر آنے والے کریم بینزیما نے  اس میچ میں بھی ۲؍گول کئے۔ کرسٹیانو رونالڈو کے ریئل میڈرڈ کلب چھوڑنے کے بعد سے کریم بینزیما نے ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کی جانب سے قابل تعریف کارکردگی کامظاہر ہ کیاہے۔ اتوار کی دیر رات ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ کی جانب سے گول کرنے کی شروعات وینیشیس جونیئر نے کی۔ ایسپینول کے میدان پر ہونے والے میچ کے ۱۲؍ ویں منٹ میں جونیئر نے پہلا گول کیا۔ انہوں نے اے ٹوچو مینی کی مدد سےریئل میڈرڈ کو صفر۔ ایک کی برتری دلائی۔ اس کے بعد ۴۳؍ویں منٹ میں ایسپینول کی جانب سے برابری کا گول ہوا۔ جوسیلو نے ایک گول کرکے ٹیم کو میچ میں واپسی دلائی۔  میچ کے دوسرے ہاف میں ریئل میڈرڈ کے کھلاڑی پوری طرح حاوی رہے اور انہوںنے میزبان کلب کو اس کے ہی میدان پر مسلسل پیچھے دھکیلا۔ حالانکہ اس دوران ریئل کی جانب سے کوئی گول نہیں ہوسکا۔ مقابلے کے آخری لمحات میں کریم بینزیما نے ۲؍ گول کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ ۸۸؍ویں منٹ میں انہوںنے راڈریگو کی مدد سے ٹیم کیلئے برتری کا گول کیا اور اس کے انجری ٹائم کے ۱۰؍ ویں منٹ میں ایک اور گول کرکے اسکور ۱۔۳؍ کردیا۔ اس گول کے بعد ریفری نے رہیسل بجائی اور میچ کا اسکور ۱۔۳؍ گول رہا۔   اس فتح سے ریئل کو پورے پوائنٹس ملے۔  لالیگا کے ٹیبل میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب ٹاپ پوزیشن پر ہے اور اس کے ۳؍ میچوں میں ۳؍ فتح کے ساتھ ۹؍پوائنٹس ہیں۔ اچھے گول فرق کی وجہ سے وہ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔ ٹیبل پر دوسرے نمبرپر ریئل بیٹس کی ٹیم ہے جس کے ۳؍ میچو ں میں ۳؍ فتح کے بعد ۹؍پوائنٹس ہیں۔ لیکن گول کے فرق کی وجہ سے وہ ریئل سے پیچھے ہے۔میچ کے بعد ریئل کے اسٹار کریم بینزیما نے کہاکہ میں بہت خوش ہوں کہ ہم نے نئے سیزن میں اچھی کارکردگی سے آغاز کیا۔ انہوںنے کہاکہ ایسپینول کی ٹیم اچھا کھیل رہی تھی لیکن میچ کے آخری حصہ میں وہ کمزور ہوگئی ہے اور ہمارے کھلاڑیوں نے اس کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے گول کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK