Inquilab Logo

چوتھے ٹیسٹ کیلئے بمراہ کو آرام ،پاٹیدار کو ایک ا ور موقع؟

Updated: February 22, 2024, 11:24 AM IST | Ranchi

بی سی سی آئی کے مطابق بمراہ کو آرام دینے کا فیصلہ سیریز کے طویل دورانیے اور گزشتہ چند دنوں میں کھیلے گئے زیادہ میچوںکو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے

Fast bowler Jasprit Bumrah
تیز گیند باز جسپریت بمراہ

ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ میچ میں تیز گیند باز جسپریت بمراہ کو آرام دیا ہے۔       آئندہ انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) سیزن اور ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے پیش نظر ان پر کام کا بوجھ کم کیاگیا ہے۔وہ پانچواں ٹیسٹ کھیلیں گے یا نہیں، اس کا فیصلہ چوتھے ٹیسٹ میچ کے نتیجے کے بعد کیا جائے گا۔ بمراہ نے پچھلے تین ٹیسٹ میں۸۰ء۵؍ اوور گیندبازی کی ہے۔ بمراہ نے اس سیریز میں۱۴؍ کے اوسط سے سب سے زیادہ۱۷؍ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ وہ وشاکھاپٹنم کے دوسرے ٹیسٹ میں ۹؍ وکٹیں لے کر میچ کے بہترین کھلاڑی بنے تھے۔
 تیز گیند باز مکیش کمار نے رانچی میں دوبارہ ہندوستانی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ انہیں راجکوٹ ٹیسٹ سے قبل بنگال کا آخری رنجی ٹرافی میچ کھیلنے کیلئے ریلیز کیا گیا تھا۔ انہوں نے بہار کے خلاف میچ میں۱۰؍ وکٹیں لے کر اپنے کریئر کی بہترین کارکردگی پیش کی تھی۔مکیش نے حیدرآباد میں دوسرے ٹیسٹ میں صرف ایک وکٹ حاصل کی تھی ۔اب دیکھنا یہ ہے کہ وہ محمد سراج کے پارٹنر کا کردار ادا کرتے ہیں یا آکاش دیپ کو موقع دیا جائے گا۔ آکاش نے انگلینڈ لائنز کے خلاف سیریز میں انڈیا اے کیلئے سب سے زیادہ۱۱؍ وکٹ لئے تھے۔
 ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں۱-۲؍کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا چوتھا میچ۲۳؍ فروری سے رانچی میں کھیلا جائے گا۔یہ جیت کر ہندوستان انگلینڈ کے خلاف مسلسل تیسری گھریلو سیریز جیت لے گا۔تیز گیند باز جسپریت بمراہ اور کے ایل راہل اس میچ میں ہندوستانی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سلیکٹرز نے مکیش کمار کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔سلیکٹرز نے بمراہ کو آرام دیا ہے، اس لئےآخری ۱۱؍ کھلاڑیوںکا تعین دوشرطوںپرمنحصر کرتا ہے۔
اسپن پچ رہی توسراج کے ساتھ۴؍ اسپنر، اکشر کی واپسی ممکن
  بمراہ کی غیر موجودگی میں اگر رانچی کی پچ اسپنروں کیلئے سازگار رہی تو ہندوستانی ٹیم۴؍ اسپنر اور ایک تیز گیند باز کے ساتھ اتر سکتی ہے۔ ایسی صورتحال میں اکشر پٹیل کو جڈیجہ، کلدیپ اور اشون کے ساتھ ٹیم میں لایا جائے گا  اور محمد سراج بھی ہونگے۔
عام پچ رہی تو۲؍ تیز گیند بازوں کو میدان میں اتارا جا سکتا ہے 
  اگر رانچی کی پچ دوسرے اور تیسرے میچ کی طرح رہی تو ہندوستانی ٹیم۲؍ تیز گیند بازوں کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ مکیش کمار سراج کے ساتھ فاسٹ بولنگ کی کمان سنبھال سکتے ہیں۔ یا نوجوان آکاش دیپ کو بھی ڈیبیو کرایا جا سکتا ہے۔
پاٹیدار کو ایک اور موقع مل سکتا ہے
 ہندوستانی ٹیم کا ٹاپ آرڈر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ گزشتہ میچ میں کپتان روہت شرما(۱۳۱)، یشسوی جیسوال(۲۱۴) نے دھماکہ خیز اننگز کھیلی۔ گل نے بھی۹۱؍ رن بنائے۔ مڈل آرڈر میں رجت پاٹیدار کو چھوڑ کر سرفراز خان نے دو نصف سنچریوں کے ساتھ ۱۳۰؍ رن بنائے جبکہ رویندر جڈیجا(۱۱۲) نے سنچری اسکور کی۔اس کے باوجود رجت پاٹیدار کو ایک اور موقع مل سکتا ہے۔ رجت سیریز کے۲؍ میچوں میں صرف۴۶؍ رن بنا سکے۔ اگر پاٹیدار کو ڈراپ کیا جاتا ہے تو دیو دت پڈیکل کو موقع مل سکتا ہے۔ تاہم ٹیم سے جڑے ذرائع کہہ رہے ہیں کہ پاٹیدار کو ایک اور موقع دیا جا سکتا ہے۔
بمراہ کو  آرام کیوں دیاگیا؟
 بی سی سی آئی نے کہا ہے کہ بمراہ کو آرام دینے کا فیصلہ سیریز کے طویل دورانیے اور گزشتہ چند دنوں میں کھیلے گئے میچوںکو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سلیکٹرز انہیں آرام دے کر آخری ٹیسٹ کے لیے تازہ دم رکھنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ بھی جون میں ہونا ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹر نہیں چاہتے کہ بمراہ اتنے اہم ٹورنامنٹ سے پہلے زخمی ہوں۔ وہ انجری کے باعث۲۰۲۲ءمیں آسٹریلیا میں ہونے والے ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا حصہ نہیں بن سکے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK