Inquilab Logo

شہری انتظامیہ پرندوں کیلئے فکر مند،پانی کا انتظام کیا

Updated: April 30, 2024, 11:41 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

شدید دھوپ اور گرمی سے پریشان پرندوں کےلئے بی ایم سی نے ۵۰۰؍ مقامات پر ان کےلئے پینے کے پانی کا نظم کیا ہے۔

The garden department of BMC has placed water pots at various places for the birds. Photo: INN
بی ایم سی کے گارڈن ڈپارٹمنٹ نے پرندوں کیلئے متعدد مقامات پر پانی سے بھرے گملے رکھے ہیں۔ تصویر : آئی این این

 شہر ومضافات میں دن بدن بڑھنے والی گرمی سے جہاں عام انسان بے حال ہے وہیں شدید گرمی سے پرندوں کا بھی حال برا ہے۔ گرمی کی تپش سے ان کے جسم میں پانی کم ہونے کی متعدد شکایتیں موصول ہو رہی ہیں ،جس سے وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں ۔ جسم میں پانی کم ہونے سے ان کی اُڑان متاثر ہو رہی ہے ، جس کی وجہ سے دوران ِ اُڑان وہ بلندی سے گرکر زخمی ہو  رہے ہیں ۔اس طرح کی شکایتوں سے پرندوں کو محفوظ رکھنے کیلئے شہری انتظامیہ ہر سال ان کیلئے پینے کے پانی کا خاص انتظام کرتا ہے لیکن امسال زیادہ گرمی پڑنے سے اس معاملہ پر خاص توجہ دی جا رہی ہے ۔ اس کے تحت شہری انتظامیہ کے گارڈن ڈپارٹمنٹ نے شہر و مضافات کے ۵۰۰؍ سے زیادہ پارکوں میں پرندوں کیلئے پینے کے پانی کا خاص انتظام کیا ہے۔ صرف کے ویسٹ وارڈ کے ۵۴؍ پارکوں میں پانی سے بھرے گملے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دیگر سیکڑوں پارک میں پینے کے پانی کا انتظام کیا گیاہے تاکہ پرندے پانی پی سکیں۔ اس عمل سے پارک میں آنے والے پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پارکوں میں رکھے ہوئے برتنوں میں پانی کو دن میں کم از کم ۳؍ بار تبدیل کیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کوسہ سیکنڈری اسکول میں پرائمری کے سبھی طلبہ کو داخلہ دینے کا حکم

واضح رہے کہ ممبئی میں جیسے جیسے گرمی دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے، اسی کے ساتھ پرندوں کی دقتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اسی وجہ سے گارڈن ڈپارٹمنٹ نے پرندوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے۵۰۰ ؍ سے زیادہ  مقامات میں ان کیلئے پینے کا پانی فراہم کیا ہے ۔ اس کے نتیجے میں پارکوں میں آنے والے پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
 گارڈن ڈپارٹمنٹ کے اہلکار کے مطابق ’’ درجۂ حرارت میں اضافہ ہونے سے ایک طرف اگر عام شہری پریشان ہے تو دوسری جانب شدید گرمی سےپرندے بھی بے حال ہیں ۔ اسی وجہ سے بی ایم سی کے محکمہ پارک نے ان پرندوں کی پیاس بجھانے کیلئے پارکوں میں پینے کے پانی کا انتظام کیا ہے ۔ اندھیری کے ویسٹ وارڈ کے ۵۴؍ پارکوں میں پانی سے بھرے گملے رکھے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ، ممبئی کے ۵۰۰؍ سے زیادہ دیگر پارکوں میں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے۔ شہری انتظامیہ کے اس اقدام سے پارک میں آنے والے پرندوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پارکوں میں رکھے ہوئے برتنوں میں پانی کو دن میں کم از کم ۳؍ بار تبدیل کیا جارہا ہے۔ ‘‘
 خیال رہے کہ بی ایم سی کے گارڈن ڈپارٹمنٹ کی طرف سے ہر سال گرمی کے موسم میں پرندوں کیلئے پینے کے پانی کا انتظام کیا جاتا ہے لیکن امسال زیادہ گرمی پڑنے سے خاص انتظام کیا گیا ہے۔ مارچ سے پارکوں میں پرندوں کے پینے کے پانی کا انتظام کیا گیا ہے تاکہ پیاس لگنےکی صورت میں پرندے اپنی پیاس بجھا سکیں۔
متعدد پرندوں کا علاج جاری ہے
 بائیکلہ پر واقع ویر جیجا ماتا اُدیان جسے عرف عام میں رانی باغ چڑیا گھر کہا جاتا ہے ، کے زو بائیولوجسٹ ڈاکٹر ابھیشیک ساٹم نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’ ان دنوں پڑنے والی شدید گرمی سے پرندوں میں پانی کم ہونے کی عام شکایت موصول ہو رہی ہے ۔ پرندوں کے جسم میں پانی کم ہونے سے وہ متعدد قسم کی بیماریوں میں بھی مبتلا ہو رہے ہیں ۔ شہر ومضافات کے متعدد جانوروں کے اسپتالوں میں ان کا علاج جاری ہے ۔ شدید گرمی سے متاثر ہونے کی وجہ سےپچاسوں پرندوں کی موت ہوچکی ہے۔ ایسے میں شہری انتظامیہ نے ان کیلئے پینے کے پانی کا انتظام کیا ہے۔ ہمارے چڑیا گھر میں پرندوں کے علاوہ دیگر جانوروں کیلئے پینے کے پانی کے ساتھ دھوپ سے بچنے کیلئے سائبان کا بھی خاص انتظام کیا گیا ہے اور انہیں کھانےکیلئے پانی والے پھل زیادہ دیئے جا رہے ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK