Inquilab Logo

روہت اورگِل نے نیوزی لینڈ کیخلاف سنچری بناکرریکارڈ بنایا

Updated: January 25, 2023, 1:39 PM IST | Indore

روہت نے لنکاکے سابق کھلاڑی سنت جے سوریہ کو سکس کے معاملے میں پیچھے چھوڑ دیا۔ گِل نے وراٹ کوہلی کا ایک سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ توڑا

India scored 385 runs against New Zealand in the third and final ODI on Tuesday thanks to an explosive half-century by Hardik Pandya (54 runs) behind skipper Rohit Sharma (101 runs) and Shubman Gill (112 runs).
ہندوستان نے کپتان روہت شرما(۱۰۱؍رن) اور شبھمن گل (۱۱۲؍ رن) کے بعد ہاردک پانڈیا (۵۴؍رن ) کی دھماکہ خیز نصف سنچری کی بدولت منگل کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے خلاف۳۸۵؍رن بنائے۔

یہاں منگل کو ہونے والے سیریز کے تیسرے یکروزہ میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سنچری بناکر کپتان روہت شرما اور اوپنر شبھمن گِل نے ریکارڈ بنائے ہیں۔ منگل کو روہت شرما نے ۱۰۱؍رن بنائے اور شبھمن گل نے ۱۱۲؍رن کی اننگز کھیل کر ٹیم کو کیویز کے خلاف شاندار اسکور تک پہنچادیا۔ 
روہت شرمانے سنت جے سوریہ کا ریکارڈ توڑ دیا
 میچ کے آغاز سے قبل روہت شرما ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکوں کی تعداد میں۲۶۷؍ سکس کے ساتھ چوتھے نمبر پر تھے اور انہوں نے ون ڈے کرکٹ میں مایہ ناز سنت جے سوریا کے ۲۷۰؍ چھکوں کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ انہوں نے اس میچ میں اپنا چوتھا چھکا لگایا۔ روہت اب ون ڈے کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کے معاملے میں تیسرے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ ان کے نام اب ون ڈے میں۲۷۳؍ چھکے ہیں۔ اس میچ میں روہت نے۸۵؍ گیندوں پر۹؍چوکوں اور۶؍  چھکوں کی مدد سے ۱۰۱؍ رن کی اننگز کھیلی اور اپنے کرکٹ کریئر کی۳۰؍ ویں سنچری بھی مکمل کی۔  ون ڈے کرکٹ میں  سب سے زیادہ چھکے کا ریکارڈشاہد آفریدی کے نام ہے پاکستان کے سابق کپتان نے ۳۵۱؍چھکے لگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ 
شبھمن گل نے وراٹ کوہلی کا ریکارڈ توڑ دیا 
 ہندوستانی اوپنر شبھمن گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے بلے کی طاقت دکھا دی۔ سیریز کے پہلے میچ میں گل نے حیدرآباد گراؤنڈ میں ڈبل سنچری(۲۰۸؍رن) اسکور کیا۔ دوسرے ون ڈے میں ناٹ آؤٹ ۴۰؍ رن بنانے کے بعدگل نے  اندور ہولکر اسٹیڈیم میں تیسرے ون ڈے میں سنچری(۱۱۲؍رن)اسکور کئے۔ اب صرف۲۱؍واں میچ کھیل کر گل  کے نام۴؍ سنچریاں درج ہو چکی ہیں۔ نیوزی لینڈ کے خلاف انہوں نے صرف ۷۲؍ گیندوں پر۱۳؍ چوکوں اور۴؍ چھکوں کی مدد سے سنچری اسکور کی۔اس کے ساتھ ہی شبھمن  نے ۳؍ ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ہندوستانی اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کا ریکارڈ بھی توڑ دیا۔ کوہلی نے اب تک ۳؍ ون ڈے سیریز میں سب سے زیادہ۲۸۳؍ رن بنائے تھے لیکن گل نے سنچری کے ساتھ یہ تعداد۳۵۰؍رن  تک پہنچا دی۔ گل  اب ہندوستان کی جانب سے تیز ترین ۴؍ ون ڈے سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے ہیں۔  ہندوستان کی جانب سے یہ ریکارڈ شکھر دھون کے نام تھا جنہوں نے۲۴؍ اننگز میں یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔  مجموعی طور پر بات کی جائے تو  امام الحق (۹؍اننگز)، کوئٹن ڈی کاک (۱۶؍ اننگز)، ڈینس ایمس (۱۸؍ اننگز)، شبھمن گل (۲۱؍ اننگز) اور شیمرون ہتمائر (۲۲؍ اننگز) اس فہرست میں شامل ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK