Inquilab Logo

ثانیہ مرزا نے اپنی تقریر سے سبھی کا دل جیت لیا

Updated: January 28, 2023, 11:38 AM IST | Melbourne

ٹینس اسٹار نے کہا: میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے بیٹے کے سامنے کوئی گرینڈ سلیم فائنل کھیلوں گی۔ وہ اور میرے والدین بھی اسٹیڈیم میں موجودتھے

Year 2019: Won the first Grand Slam title
سال۲۰۱۹:پہلاگرینڈ سلیم خطاب جیتا تھا

ہندوستان کی اسٹار  ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے اپنے ساتھی ہم وطن کھلاڑی روہن بوپنا کے ساتھ میلبورن  میں جمعہ کو آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مکسڈ ڈبلز میں رنر اپ رہ کر اپنے گرینڈ سلیم کریئر کا اختتام کیا۔ثانیہ مرزا نے اپنے کریئر میں ۶؍گرینڈ سلیم خطاب  جیتے ہیں، جس میں ۳؍ ویمنز ڈبلز اور اتنے ہی مکسڈ ڈبلز خطاب  شامل ہیں۔
 فائنل میں شکست کے بعد ہندوستان کی اسٹار ٹینس کھلاڑی ثانیہ مرزا نے کہاکہ’’ اگر میں روتی ہوں تو یہ خوشی کے آنسو ہوں گے۔ میرے پاس ابھی مزید۲؍ ٹورنامنٹ کھیلنے کا موقع ہے۔  انہوں نے مزید کہاکہ میرا پیشہ ورانہ کریئر میلبورن سے ہی  شروع ہواتھا۔‘‘
 روہن بوپنا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ثانیہ نے کہا’’روہن میرے پہلے مکسڈ ڈبلز ساتھی کھلاڑی  تھے۔ میں اس وقت ۱۴؍ سال کی تھی  اور ہم نے قومی خطاب جیتا تھا۔ اس وقت ان کی عمر ۲۲؍برس تھی  اور میں اپنے کریئر کو ختم کرنے کیلئے ان سے بہتر شخص کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتی تھی۔ وہ میرے بہترین دوست اور میرے بہترین ساتھی کھلاڑیوں  میں سے ایک  ہیں۔‘‘ خیال رہے کہ انہوںنے۴۲؍سالہ روہن بوپنا کے ساتھ فرنچ اوپن کی شکل میں مکسڈ ڈبلز کا گرینڈ سلیم خطاب جیتا ہے۔
 ثانیہ کی عمر۳۶؍ سال ہے اور انہوں نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ دبئی میں آئندہ ماہ ہونے والا ڈبلیو ٹی اے ٹورنامنٹ ان کے کریئر کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ وہ ہندوستان کی سب سے کامیاب خاتون ٹینس کھلاڑی ہیں۔ ثانیہ نے مہیش بھوپتی کے ساتھ ۲۰۰۹ء میں آسٹریلین اوپن اور۲۰۱۲ء میں فرنچ اوپن میں مکسڈ ڈبلز ٹائٹل جیتا تھا۔ ۲۰۱۴ء میں انہوں نے برازیل کے برونو سواریز کے ساتھ جوڑی بناتے ہوئے  یو ایس اوپن کا مکسڈ ڈبلز خطاب  جیتا تھا۔
 راڈ لیور ایرینا میں ان کا ریکارڈ اچھا رہا ہے۔ وہ یہاں خواتین کے ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز کا خطاب جیت چکی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ۴؍ مرتبہ آسٹریلین اوپن میں رنر اپ بھی رہ چکی ہیں۔ ثانیہ مرزا نے کہا’’میں نے آسٹریلیا میں ۲۰۰۵ء میں ۱۸؍ سال کی عمر میں شروعات کی تھی اور میں نے سیرینا ولیمزکا مقابلہ کیاتھا۔ مجھے میلبورن میں  بار بار آنے اور چند ٹورنامنٹ جیتنے اور یہاں کچھ اچھے فائنل کھیلنے کا موقع ملا ہے۔‘‘
 انہوں نے کہا کہ’’ `راڈ لیور ایرینا یقینی طور پر میری زندگی میں ایک خاص مقام رکھتا ہے اور میرے گرینڈ سلیم کریئر کے خاتمے کیلئے اس سے بہتر جگہ نہیں ہو سکتی تھی۔‘‘ان کے بیٹے اذہان اور خاندان کے دیگر افراد کی موجودگی نے اس موقع کو زیادہ خاص بنا دیاتھا۔
 ثانیہ مرزا نے کہا ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اپنے بیٹے کے سامنے کوئی گرینڈ سلیم فائنل کھیلوں گی، اس لئےیہ میرے لئے خاص ہے۔ میرا ۴؍ سال کا بیٹا یہاں ہے اور میرے والدین بھی یہاں ہیں۔ روہن کی بیوی، میرے ٹرینر اور میرا خاندان آسٹریلیا میں ہے، جس کی وجہ سے مجھے یہاں گھر کا احساس ہوتا ہے۔‘‘
 انہوں نے مزید کہا’’کارا بلیک میری بہترین دوست اور میری بہترین ساتھی رہی ہیں۔ میں ان تمام ساتھی کھلاڑیوں کے بغیر کچھ حاصل نہیں کر سکتی تھی اور اسی  لئے وہ میرے لئے خاص ہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK