Updated: December 08, 2025, 7:01 PM IST
| Mumbai
دیا مرزا کو شبانہ اعظمی کی جانب سے ایک خوبصورت زرد رنگ کی ساڑی کا خاص تحفہ ملا، جسے انہوں نے انسٹاگرام پر تصاویر کے ساتھ شیئر کیا۔ دیا نے ساڑی پہن کر شبانہ کی والدہ شوکت اعظمی کی نمائندگی کا احساس ظاہر کیا اور کیفی اعظمی کی مشہور نظم ’’عورت‘‘ کا ایک مصرع بھی کیپشن میں شامل کیا۔
معروف اداکارہ شبانہ اعظمی کی جانب سے دیا مرزا کو ایک نہایت خاص اور خوبصورت تحفہ ملا، زرد رنگ کی دلکش ساڑی۔ دیا مرزا نے اپنے انسٹاگرام پر اس ساڑی میں کھینچی گئی متعدد خوبصورت تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ فطرت کے درمیان پوز دیتی نظر آتی ہیں۔ اداکارہ نے لکھا کہ اس ساڑی کو پہن کر انہیں یوں محسوس ہوا جیسے وہ شبانہ اعظمی کی والدہ اور سماجی کارکن شوکت اعظمی کی تمام قدروں اور نمائندگی کو اپنے ساتھ لئے ہوئے ہوں۔ کیپشن میں دیا مرزا نے کیفی اعظمی کی شہرہ آفاق نظم ’’عورت‘‘ کا ایک معروف مصرع بھی شامل کیا: ’’اُٹھ میری جان! میرے ساتھ ہی چلنا ہے تجھے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: فلم ’’دُھرندھر‘‘ باکس آفس کلیکشن: ’’دُھرندھر‘‘ کی حکمرانی ، د و دن میں۵؍ ریکارڈ توڑ ڈالے
انہوں نے لکھا کہ اس ساڑی کو پہن کر نہ صرف شوکت اعظمی کی نمائندگی اپنے ساتھ محسوس کی بلکہ کیفی اعظمی کی وہ طاقتور نظم بھی یاد آئی جو انہوں نے اپنی اہلیہ کیلئے لکھی تھی۔ دیا مرزا نے شبانہ اعظمی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’آپ نے ہمیشہ میری زندگی کو ان طریقوں سے مالا مال کیا ہے جو صرف آپ ہی کر سکتی ہیں۔ میں زندگی بھر اس ساڑی کو عزیز رکھوں گی اور پہنوں گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: گورو کھنہ بگ باس ۱۹؍ کے فاتح، فرحانہ رنر اپ
واضح رہے کہ دیا مرزا شبانہ اعظمی کے قریبی خواتین دوستوں کے گروپ ’’گرل گینگ‘‘ کا بھی حصہ ہیں۔ اس سال دیوالی کے موقع پر دیا سمیت کونکونا سین شرما، ودیا بالن، رِچا چڈھا، علی فضل، شاہانہ گوسوامی، دویا دت اور تنیشتھا چٹرجی نے شبانہ اعظمی اور ان کے شوہر جاوید اختر کے ساتھ ایک خصوصی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کی گروپ سیلفی شیئر کرتے ہوئے شبانہ اعظمی نے لکھا کہ ’’ٹائیگر ٹین کے ناقابلِ تسخیر جذبے اور اس کے شاندار بوسان ایوارڈ کو منانے کیلئے بہت سارا پیار۔ گینگ کی جانب سے دیوالی مبارک!‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ارمیلا ماتونڈکر اور سندھیا مردول کی کمی تقریب میں محسوس کی گئی۔ شبانہ نے تقریب کیلئے لذیذ کھانے کی تیاری پر انو کا شکریہ بھی ادا کیا، خصوصاً ٹینڈر کوکونٹ پناکوٹا کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ جاوید اختر نے بھی اسے بہت پسند کیا۔