Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیم نے نیدرلینڈز کو ۲۴؍ رن سے شکست دے دی

Updated: June 04, 2026, 4:01 PM IST | Glasgow

کپتان کیتھرین برائس کی آل راؤنڈ کارکردگی (۶۳؍ رن اور ایک وکٹ) کی بدولت اسکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیم نے بدھ کو بارش سے متاثرہ میچ میں ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت نیدرلینڈز کو ۲۴؍ رن سے شکست دے دی۔

Scotland Player.Photo:X
اسکاٹ کی کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

 کپتان کیتھرین برائس کی آل راؤنڈ کارکردگی (۶۳؍ رن اور ایک وکٹ) کی بدولت اسکاٹ لینڈ کی خواتین ٹیم نے بدھ کو بارش سے متاثرہ میچ میں ڈی ایل ایس طریقہ کار کے تحت نیدرلینڈز کو ۲۴؍ رن سے شکست دے دی۔
خواتین کے عالمی کپ سے قبل جاری سہ فریقی سیریز کے پانچویں میچ میں کیتھرین برائس نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ایڈنبرا کے گرینج کرکٹ کلب میں کھیلے گئے اس میچ میں بارش کے باعث تاخیر ہوئی، جس کے بعد نیدرلینڈز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بارش کی وجہ سے میچ کو دونوں ٹیموں کے لیے ۱۲۔۱۲؍اوور تک محدود کر دیا گیا۔


کیتھرین فریزر نے جارحانہ انداز میں اننگز کا آغاز کیا اور پہلے ہی اوور میں ایک چھکا لگایا، تاہم ہیتھر سیگرز نے اگلے اوور میں ڈارسی کارٹر کو آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد کیتھرین برائس نے تیزی سے رنز بناتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے سلور سیگرز کے اوور میں دو چوکے لگائے جبکہ فریزر نے اسابیل وان ڈیر ووننگ کے اوور میں دو چوکے جڑے۔
برائس نے مزید دو چوکے لگا کر اسکاٹ لینڈ کا مجموعہ چھٹے اوور کے آغاز میں ۵۰؍ رن سے آگے پہنچا دیا۔ کیرولین ڈی لانگے نے فریزر کو ۲۹؍ رن پر آؤٹ کیا، لیکن برائس نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے صرف ۲۸؍ گیندوں پر نصف سنچری مکمل کر لی۔ سارہ برائس نے ۱۲؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۲۳؍ رن بنا کر بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں نے ۵۸؍ رن کی اہم شراکت قائم کی اور دسویں اوور میں ۱۷؍ رن بٹور کر ٹیم کا اسکور۱۱۰؍ تک پہنچا دیا۔ بعد ازاں آئرس ژولنگ نے کیتھرین برائس کو آؤٹ کیا، تاہم اسکاٹ لینڈ نے مقررہ ۱۲؍ اوور میں۳؍ وکٹ پر۱۲۴؍ رن بنا لیے۔

یہ بھی پڑھئے:فلسطین پر اسرائیلی قبضہ، آثار قدیمہ کے تعلق سے فلسطینیوں میں تشویش


گیندبازی میں بھی کیتھرین برائس نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور دوسرے اوور میں فیبی مولکن بوئر کو صرف۳؍ رن پر پویلین بھیج دیا۔ ہیتھر سیگرز نے ۱۵؍ رن بنائے جبکہ نیدرلینڈز کی کپتان بیبیٹ ڈی لیڈے نے دو چھکے لگا کر ٹیم کو مقابلے میں رکھنے کی کوشش کی۔ اسٹیرے کالس نے بھی کچھ اچھے اسٹروک کھیلے۔

یہ بھی پڑھئے:پروڈیوسر پہلاج نہلانی کا ۷۶؍ سال کی عمر میں انتقال

چھ اوور میں نیدرلینڈز کا اسکور ۵۹؍ رن پر ۲؍ وکٹ تھا کہ دوبارہ بارش شروع ہوگئی، جس کے باعث ہدف تبدیل کرکے ۱۰؍ اوور میں۱۰۵؍ رن مقرر کیا گیا۔ کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد کلوئی ایبل نے عمدہ گیندبازی کرتے ہوئے ڈی لیڈے کو ۱۴؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ آٹھویں اوور میں کالس کے آؤٹ ہونے کے بعد نیدرلینڈز کی جیت کی امیدیں تقریباً ختم ہوگئیں۔ آخری اوور میں کامیابی کے لیے ۳۰؍ رن درکار تھے، لیکن ٹیم صرف ۵؍ رن ہی بنا سکی اور رابن رائیکے رن آؤٹ ہو گئیں، یوں اسکاٹ لینڈ نے بآسانی میچ اپنے نام کر لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK