Inquilab Logo Happiest Places to Work

شبھمن گل اور کے ایل راہل نے اننگز کو سنبھال لیا

Updated: July 27, 2025, 11:46 AM IST | Manchester

دوسری اننگز میں ہندوستان کی شروعات خراب رہی۔ کپتان گل نے نصف سنچری بنائی اور انگلینڈ کی برتری کو کم کرنے کی کوشش کی۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

کپتان شبھمن گل (ناٹ آؤٹ۵۷؍رن) اورکے ایل راہل (ناٹ آؤٹ ۴۱؍رن)کی شانداراور محتاط اننگز کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے چوتھے دن سنیچر کو ۲؍وکٹ کے نقصان پر ۴۰؍ اوور میں ۱۰۲؍ رن بنالئے تھے۔ کاپی پرنٹ میں جانے تک ہندوستان انگلینڈ کے اسکور سے ۲۰۹؍رن پیچھے تھا۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں ۶۶۹؍رن بنائے تھے۔ ہندوستان نے پہلی اننگز میں ۳۵۸؍رن بنائے تھے۔ 
 لنچ سے قبل دونوں جھٹکوں سے ہندوستانی ٹیم اور شائقین حیران رہ گئے لیکن کپتان گل اور کے ایل راہل نے تحمل سے بیٹنگ کی اور اس سیشن میں ہندوستان کو کوئی دھچکا نہیں لگنے دیا۔ گل نے نصف سنچری بنائی ہے اور جب بھی انہوں نے اس سیریز میں نصف سنچری بنائی ہے اسے سنچری میں تبدیل کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ہندوستانی بلے باز آخری سیشن میں بھی اسی صبر کو برقرار رکھتے ہیں۔ 
راہل نے تحمل سے بلے بازی کی اور۱۳۳؍گیندو ں پر ۲؍چوکوں کی مدد سے ۴۱؍ رن بنائے جبکہ گل نے ناٹ آؤٹ ۵۷؍رن میں ۸؍چوکے لگائے۔ انہوں نے ۱۰۶؍گیندوں کا سامنا کیا اور ڈٹ کر کھیلتے رہے۔ 
اس سے قبل رویندر جڈیجا کے (۴؍ وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بنیاد پر ہندوستان نے انگلینڈ کو چوتھے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن سنیچر کو لنچ سے قبل۶۶۹؍رن پر آؤٹ کر دیا۔ تاہم انگلینڈ نے کپتان بین اسٹوکس (۱۴۱؍رن )کی سنچری کی بدولت۳۱۱؍رن کی نمایاں برتری حاصل کر لی ہے۔ انگلینڈ نے جمعہ کے اسکور ۷؍ وکٹ پر ۵۴۴؍ رن سے کھیل کا دوبارہ آغاز کیا۔ صبح کے سیشن میں جسپریت بمراہ نے لیام ڈاسن (۲۶؍ رن ) کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو ۸؍ویں کامیابی دلائی۔ اس کے بعد بیٹنگ کے لیے آنے والے برائیڈن کارس نے کپتان اسٹوکس کا خوب ساتھ دیا۔ اس دوران اسٹوکس نے محمد سراج کی گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔ بین اسٹوکس نے ۳۷؍ اننگز کے بعد ٹیسٹ میں سنچری بنائی ہے۔ وہ ٹیسٹ میں سنچری بنانے اور ۵؍ وکٹ لینے والے پانچویں کپتان ہیں۔ دونوں بلے بازوں کے درمیان ۹؍ویں وکٹ کے لیے ۹۵؍رن کی شراکت ہوئی۔ 
بین اسٹوکس نے بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا
انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ہندوستان کے خلاف اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلے جارہے چوتھے ٹیسٹ میچ میں اپنی۱۴؍ویں ٹیسٹ سنچری بنا کر وہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا جو اب تک انگلینڈ کا کوئی کرکٹر نہیں بنا سکا۔ بائیں ہاتھ کے اس آل راؤنڈر نے جسپریت بمراہ کی گیند پر چوکا لگا کر یہ کارنامہ انجام دیا، جس سے ٹیسٹ سنچری کے لیے ان کا دو سال سے زیادہ کا انتظار ختم ہوا۔ اسٹوکس ۷۰۰۰؍ رن بنانے اور۲۰۰؍ ٹیسٹ وکٹ لینے والے انگلینڈ کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔ مجموعی طور پر بات کریں تو وہ اس معاملے میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ یہ ریکارڈ بنانے والے پہلے کرکٹر گیری سوبرس اور دوسرے نمبر پر جیک کیلس ہیں۔ اسٹوکس نے۱۹۸؍ گیندوں پر۱۱؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے۱۴۱؍ رن بنائے۔ اسٹوکس کی آخری سنچری جون۲۰۲۳ء میں بنی تھی۔ انہوں نے لارڈس میں آسٹریلیا کے خلاف ۱۵۵؍ رن کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK