Inquilab Logo

پاتھم نسانکا کی سنچری کی بدولت سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ۳؍ وکٹ سے شکست دے دی

Updated: March 17, 2024, 9:26 AM IST | Agency | Chattogram

سری لنکا نے پاتھم نسانکا کی ۱۱۴؍ رن کی سنچری اور چارتھ اسالنکا کی۹۱؍ رن کی نصف سنچری کی بدولت جمعہ کو دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو ۳؍ وکٹ سے شکست دی۔ 

Pathum Nissanka. Photo: INN
پاتھم نسانکا۔ تصویر : آئی این این

سری لنکا نے پاتھم نسانکا کی ۱۱۴؍ رن کی سنچری اور چارتھ اسالنکا کی۹۱؍ رن کی نصف سنچری کی بدولت جمعہ کو دوسرے ون ڈے میں بنگلہ دیش کو ۳؍ وکٹ سے شکست دی۔ 
 ۲۸۷؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری سری لنکا کی شروعات بہت خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اویشکا فرنانڈو(صفر) کا وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد کپتان کوسل مینڈس ۱۳؍ اور سدیرا سمارا وکرما ایک رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ایسے مشکل وقت میں پاتھم نسانکا اور چارتھ اسالنکا نے سری لنکا کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں کے درمیان چوتھے وکٹ کیلئے ۱۸۵؍ رن کی شراکت ہوئی۔ سری لنکا کیلئے یہ اب تک کی سب سے بڑی شراکت ہے۔ پاتھم نسانکا نے۱۱۳؍ گیندوں پر ۱۳؍ چوکوں اور ۳؍ چھکوں کی مدد سے ۱۱۴؍ رن بنائے۔ چارتھ اسالنکا تاہم اپنی سنچری بنانے سے محروم رہے۔ انہوں نے۹۳؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ۴؍ چھکوں کی مدد سے۹۱؍ رن بنائے۔ جنیت لیانج ۹؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور وینندو ہاسرنگا ۲۵؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ سری لنکا نے۴۷ء۱؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر ۲۸۷؍ رن بنانے کے بعد یہ میچ ۳؍ وکٹ سے جیت لیا۔ دونتھ ویلانگے۱۵؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شرف الاسلام اور تسکین احمد نے ۲۔ ۲؍ وکٹ حاصل کئے۔ تنظیم حسن ثاقب، تیج الاسلام اور مہدی حسن معراج نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 اس سے پہلے محمد توحید ہردئے کے ناٹ آؤٹ ۹۶؍ رن اور سومیا سرکار کی۶۸؍ رن کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر بنگلہ دیش نے سری لنکا کو دوسرے ون ڈے میں جیت کیلئے ۲۸۷؍ رن کا ہدف دیا تھا۔ 
  سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے بنگلہ دیش کی شروعات خراب رہی اور پہلے ہی اوور میں اوپنر لٹن کمار داس (صفر) کی وکٹ گنوا بیٹھی۔ اس کے بعد سومیا سرکار اور کپتان شانتو نے اننگز کو سنبھالا۔ دونوں بلے بازوں نے دوسرے وکٹ کیلئے ۷۴؍ رن جوڑے۔ شانتو۴۰؍ رن بنانے کے بعد دوسرے وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ محمد توحید ہردئے نے ۱۰۲؍ گیندوں پر ۳؍ چوکوں اور ۵؍ چھکوں کی مدد سے۹۶؍ رن کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔ محمود اللہ بھی کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم نے مقررہ۵۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹ پر۲۸۶؍ رن بنائے۔ 
سری لنکا کی جانب سے وینندو ہسرنگا نے ۴؍ وکٹ حاصل کئے۔ دلشان مدوشنکا نے ۲؍ اور پرمود مدوشن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK