Inquilab Logo Happiest Places to Work

مانسون کے کیرالا پہنچنے کیلئے ابھی مزید دوتین دن کا انتظار

Updated: June 02, 2026, 1:05 PM IST | Agency | Thiruvananthapuram

محکمہ موسمیات کے مطابق مانسون اب ۳؍ سے ۴؍ جون تک کیرالا پہنچ سکتا ہے ، دیگر ماہرین کاکہنا ہےکہ اس میں مزید تاخیر بھی ہوسکتی ہے،کئی اضلاع میں تیز بارش کی وارننگ بھی دی گئی ۔

Monsoon Can Knock In Kerala In A Few Days.Photo:INN
کیرالا میں کچھ دنوں میں مانسون دستک دے سکتا ہے-تصویر:آئی این این

ہندوستان بھر میں لاکھوں لوگ کیرالا میں جنوب مغربی مانسون کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ اندازہ ہوسکے کہ بقیہ ریاستوں میںکب رِم جھِم بارش شروع ہو گی۔ جنوب مغربی مانسون کے پیرکو کیرالا پہنچنے کا امکان تھا مگر اس میںپھر تاخیرہورہی ہے۔ اب اس میں۲؍ دن کی تاخیر کی اطلاع ہے۔

 

یہ بھی پڑھئے:سیٹیلائٹ تصاویر نے غزہ کی ہولناک تباہی دنیا کے سامنے رکھ دی

محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ مانسون اب ۳؍ سے ۴؍ جون تک کیرالا پہنچ سکتا ہے جبکہ دیگر ماہرین کاکہنا ہےکہ اس میںمزید تاخیر بھی ہوسکتی ہے۔ واضح رہےکہ اس سے قبل محکمہ موسمیات نےکیرالا میں۲۶؍ مئی کو مانسون کی آمد کی پیشگوئی کی تھی۔ محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے پیش گوئی کی ہے کہ اگر مانسون کی آمد کے لیے حالات سازگار ہوتے ہیں تو یہ ریاست بھر میں بھاری بارش لائے گا۔ پورے ہندوستان میں مانسون کی قریب سے نگرانی کی جا رہی ہے، کیونکہ کیرالا میں اس کی آمد کو ملک کے باقی حصوں میں اس کی پیش قدمی کیلئے ایک معیار کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ شدید بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئےآئی ایم ڈی نے اس ہفتے کے مختلف دنوں میں ۷؍ اضلاع کیلئے اورینج الرٹ جاری کیا ہے۔محکمے کے مطابق، کیرالا کے الاپپوزا، کوٹائم، ایرناکولم، تھریسور اور ملاپورم کو بدھ اور جمعرات کیلئے اورینج الرٹ پر رکھا گیا ہے جب کہ پٹھان مٹھیٹا اور کوزی کوڈ جمعرات کیلئے الرٹ پر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:کیا پارول گلاٹی نے منگنی کر لی؟ انسٹاگرام اسٹوری نے مداحوں کا تجسس بڑھا دیا

محکمۂ موسمیات کے حکام نےحساس علاقوں میں رہنے والوں کو ہائی الرٹ رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ان اضلاع کے کچھ علاقوں میں مختصر وقت میں۱۱؍ سے۲۰؍ سینٹی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے۔ ریاست کے بڑے حصے میں آنے والے دنوں میں بھاری بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے اور کئی اضلاع کیلئے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہےجہاںبارش کے ساتھ تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں ۔ محکمۂ موسمیات کے حکام نے ماہی گیروں کو آئندہ دنوںسمندر میں نہ جانے کا مشورہ دیا ہے۔ ریاست بھر میںمانسون سے پہلے کی تیاریاں تیز ہو گئی ہیں۔ سیلاب کے خطرات کو کم کرنے کیلئے نالوں، نہروں اور آبی گزرگاہوں کی صفائی پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ سخت موسم گرما کے بعد، آنے والے دنوں میں مانسون کی پہلی بارش سے کیرالا کا موسمی منظر نامہ تبدیل ہونے کی توقع ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK